تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے اہم مطالبات گورنر کو پیش کر دیئے؛ سردار سلیم حیدر نے کیا کہا؟
مختلف شہروں میں بے گناہ عزاداروں پر ایف آئی آرز خارج کی جائیں، نظریاتی کونسل، علماء بورڈ ز، امن کمیٹیوں میں کالعدم تنظیموں کی موجودگی ایکشن پلان سے انحراف ہے
عزاداری بنیادی حق ہے، چار دیواری کے اندر مجالس و جلوسوں پر پابندی کابینادی حقو ق سلب کرنے کے مترداف ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
پیپلز پارٹی امتیازی اور غیر منصفانہ قانون سازی کی راہ میں کل بھی دیوار تھی آئندہ بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں دیوار بنی رہے گی
ذکرِ حسینؑ ہر مسلمان اور باغیرت انسان کی میراث ہے، گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرکی ٹی این ایف جے کے وفد سے گفتگو
لاہور( ولایت نیوز) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے مرکزی نائب صدر مخدوم سید فرزند علی شاہ، صوبائی ناظم الامور علامہ مقصود رضا عابد کی سربراہی میں 12رکنی وفد کی صوبہ پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر سے ملت جعفریہ کودرپیش مسائل کے حوالے گورنرہاؤس لاہور میں اہم ملاقات کی۔
اس موقع پر تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری تعلقات عامہ سید حسن کاظمی نے کالعدم جماعتوں کی جانب سے نام بدل کر کام کرنے کی تشویشناک سرگرمیوں، مکتبِ تشیُع کو درپیش امتیازی سلوک اور آمدہ محرم الحرام میں عزاداروں کے مسائل سے تفصیلاً گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو آگاہ کِیا جن میں محرم میں عزاداری پر پابندیاں، چار دیواری کے اندر مجلس پر پابندی، نئی مجلس پر پابندی، سرکاری شیڈول میں غلطیاں، محرم سے عین قبل پُرامن علماء ذاکرین پر پابندیاں، جیلوں کے اندر مجالس کیلئے علماء کے داخلے پر پابندی، صوبائی سطح پر محرم کنٹرول رومز کا قیام اور ٹی این ایف جے سے مستقبل رابطہ، امن کمیٹیوں اور اداروں میں مکتب کی حقیقی نمائندگی کا فقدان، شیڈول فور میں شامل بیگناہوں کا انخلاء، کالعدم تنظیموں پر عملی پابندی، متنازعہ یکساں نصاب تعلیم، کورونا وبا یا معمولی وجوہات پر قائم کی گئی ایف آئی آر کا خاتمہ، متنازعہ قانون سازی کی روک تھام جیسے امور شامل تھے، گورنر پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کِیا کہ مکتبِ تشیُع کی تشویش کے ازالے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے گورنرسردارسیلم حیدرنے کہاکہ بانیانِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ و علامہ محمد اقبالؒ اور قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کے تصورات کی روشنی میں تمام مسالک و مکاتب اور پاکستان کے ہر باسی کو اس کے حقوق کی فراہمی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے، مسالک کے مابین وحدت و اخوت کے فروغ کیلئے تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کی کوششیں لائقِ تحسین ہیں، قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی تعلیمات پر عمل کر کے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے، ذکرِ حسینؑ ہر مسلمان اور باغیرت انسان کی میراث ہے، پیپلز پارٹی امتیازی اور غیر منصفانہ قانون سازی کی راہ میں کل بھی دیوار تھی آئندہ بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں دیوار بنی رہے گی، سیاسی کارکن ہیں عام آدمی کے مسائل و مشکلات سے آگاہ ہیں پیپلز پارٹی نے جو وعدے انتخابات سے قبل کِئے انہیں پورا کرنے کیلئے شب و روز ایک کر دیں گے، نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کی روک تھام کیلئے ٹی این ایف جے کی تجاویز احسن ہیں، شرپسندی پھیلانے والوں کی بیخ کنی کیلئے عوام کو حکومت کا بھرپور ساتھ دینا ہو گا۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما ملک قاسم ادریس بھی موجود تھے، تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے وفد میں علامہ حافظ کرار، عقیل احمد اعوان، ذوالفقار نقوی، تبیان زیدی، چوہدری اکرم طاہر اور کامران نقوی بھی شامل تھے۔