علماء نے امراء کے دروازوں پر جا کر اپنی توقیر ختم کرڈالی  مال وزر جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، ہماری موجودگی میں کوئی طاقت عزاداروں کو نہیں جھکا سکتی، یوم تجدید عہد پرآقائے موسوی کا خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

مولانا ساجد نقوی نے حضرت زہراؑ کی چادر کا واسطہ دے کر قیادت پر مجبور کیا مناصب نہیں اللہ رسول ؐ وعلی ؑ و بتول ؑ کی خوشنودی عزیز ہے، یوم تجدید عہد پر خطاب

مذہبی جماعتوں کو بیرونی فنڈنگ نہ ملتی تو ملک پرائی جنگوں کا اکھاڑہ نہ بنتاآج بھی کرنسیوں کی ترسیل جاری ہے حکومت تماشائی نہ بنے 

اسلام آباد (ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتوں کو بیرونی فنڈنگ نہ ملتی تو پاکستان کبھی پرائی جنگوں کا اکھاڑہ نہ بنتاآج بھی بیرونی ایجنڈوں کیلئے کرنسیوں کی ترسیل جاری ہے حکومت خاموش تماشائی نہ بنے، علماء نے امراء اور وزراء کے دروازوں پر جا کر اپنی توقیر ختم کرڈالی دین اور محمدؐ وآل محمدؐ کی محبت و مودت سب سے بڑا سرمایہ ہے مال و زر کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں قوم کا سر اونچا رکھنے کیلئے غربت قبول کی ، عصبیت کی بنیاد پر سیاست ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے فرقہ مسلک زبان کی بنیاد پر انتخابات میں امیدوار کھڑے کرنے والوں کی پے در پے شکستیں ہمارے موقف کی فتح ہے،مسلم حکمرانوں نے منافقت نہ چھوڑی تو شیطانی طاقتوں کا نشانہ بیت المقدس کے بعد بیت اللہ ہو گا! مارشل لاء کے جابرانہ دور میں 8ماہ پر مشتمل پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑاو پرامن ترین حسینی ؑ محاذ ایجی ٹیشن کرکے مذہبی و انسانی آزادیوں کو بحا ل کروایا،ڈیرہ اسما عیل خان میں ٹارگٹ کلنگ اورسیکیورٹی فورسز پر حملے ایکشن پلان سے انحراف کا نتیجہ ہے ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سیاست دان حکمران سب سے بڑی رکاوٹ ہیں پیغام پاکستان میں سرفہرست کالعدم جماعتوں کے نام و دستخط افسوسناک ہے ،مولانا ساجد علی نقوی نے خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ کی چادر کا واسطہ دے کر قوم کی قیادت کرنے پر مجبور کیامناصب کے خواہاں نہیں اللہ رسول ؐ وعلی ؑ و بتول ؑ کی خوشنودی عزیز ترین ہے، اسلام کو اپنی ڈھال بنا کر مجروح کرنا بنو امیہ و بنو عباس کی ریت ہے راہ حسینیت ؑ پر چلتے ہوئے اسلام وپاکستان کی ڈھال بن کر اپنا سب کچھ قربان کرتے رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی قیادت کے 34سال مکمل ہونے پر ملک گیر یوم تجدید عہد کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے ٹی این ایف جے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امام حسین ؑ کاقول ہے کہ زندگی عقیدہ و نظریہ اور جدوجہد سے عبارت ہے پاکستان آفاقی نظریہ اسلام کے تحت شیعہ سنی بھائیوں کی مشترکہ جدوجہد کا ثمر ہ تھا بغیر جنگ کے پرامن جدوجہد سے حاصل کیا گیا ملک خداداد مسلمانان برصغیر کے عقیدہ کی مضبوطی کی دلیل ہے وطن عز یر کی بدقسمتی تھی کہ قائد اعظم کی رحلت کے بعد پاکستان ایسی قوتوں کے ہتھے چڑھ گیا جو تشکیل پاکستان کے مقاصد سے نا بلد تھیں ، ایوبی مارشل لاء میں محرومیوں کی افزئش سے ملک دولخت ہو گیا پاکستان کو فرقہ وارانہ وگروہی سٹیٹ بنا نے کا ضیائی پلان کامیاب ہو جاتا تو ملک کئی حصوں میں بکھر جاتا تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نظریہ پاکستان کے نظریہ کے تحفظ کیلئے وجود میں آئی جس کا مقصد ہر مسلک مکتب و مذہب کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرنے کے مواقع کا حصول ہے۔انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کی جانب سے پولیس ایکٹ میں ترمیم کرکے مذہبی جلوسوں پر پابندی انسانی آزادیوں پر حملہ اور تشکیل پاکستان کے مقاصد سے انحراف تھا جس پر خاموش رہنا حسینی ؑ اصولوں کے منافی تھا ہم نے بدترین مارشل لائی سختیاں برداشت کرکے موسوی جونیجو معاہدہ کی صورت میلاد النبی ؐ اور عزاداری کے جلوسوں کو بحال کروایااور اپنے آئینی حقوق تسلیم کروائے تمام قوتیں ذہن نشین رکھیں کے پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے تمام صوبوں مسالک مکاتب قومیتوں کو ان کے حقوق کی ادائیگی لازم ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ شریعت بل ہو یا نظام عدل کے نام پر جنگ و جدل ریگو لیشنز‘ انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کو ہم نے پرامن جدوجہد اور حق پر ثابت قدمی سے ناکام بنایا،80کی دہائی میں اگر ہماری تجاویزکے مطابق کسی بھی مسلمہ مکتبہ فکر کی تکفیر کو قابل تعزیر جرم قرار دینے ،مذہبی و سیاسی جماعتوں کی بیرونی امداد پر پابندی ، گولی و گالی کے پر چارکوں پر گرفت کردی جاتی تو وطن عزیز کا چپہ چپہ مجروح نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں پہلی بار متشدد جماعتوں پر پابندی ٹی این ایف جے کے مطالبے کے عین مطابق تھا لیکن افسوس کالعدم جماعتوں کی تعداد میں تو اضافہ تو ہوتا رہا لیکن اس پابندی پر صحیح معنوں میں آج تک عمل نہیں ہو سکا، نیشنل ایکشن پلان بھی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کردہ موسوی امن فارمولہ کا عکس ہے لیکن اس پر عمل میں خیانت ہو رہی ہے پرامن لوگوں کو شیڈول فور میں ڈال کر خانہ پری کی جارہی ہے اور کالعدم جماعتیں آزاد پھر رہی ہیں ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مسلم فرمانرواؤں کو اسلام نہیں حکمرانی عزیزہے اسی سبب استعماری قوتیں اکھنڈ بھارت اور گریٹر اسرائیل کے مکروہ منصوبوں پر مسلسل عمل پیر اہیں امریکہ بھارت اسرائیل کا شیطانی ثلاثہ انسانیت کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے امن پسند قوتوں کو اس شیطانی گٹھ جوڑ کے عزائم ناکام بنانے کیلئے متفقہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی،وطن عزیز میں ہونے والی متواتر دہشت گردی کا مقصدبھی پاکستان کو دباؤ میں رکھنا اور سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا ہے۔انہو ں نے کہا کہ ہماری تمام تر کامیابیوں کا سہرا غریب کارکنوں اور ماتمی عزاداروں کے سر ہے جن کے لباس میلے مگر دل صاف ہیں ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے باور کرایا کہ ہماری موجودگی میں کوئی طاقت شیعہ سنی کو لڑانے اور نبی و علی ؑ کے پیروکاروں و ماتمی عزاداروں کو جھکانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی پاکستان پنجتن پاک کا فیضان ہے قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.