الیکشن کی تاریخ شہادت علی ؑ کے دوران نہ رکھی جائے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا مطالبہ
پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن کی تاریخ شہادت علی ؑ کے دوران نہ رکھی جائے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا مطالبہ
قائد اعظم محمد علی جناح نے شہادت علی ؑکے روز میٹنگ اور سیاسی سرگرمیاں معطل کیں،ووٹرز کو حق رائے سے محروم نہ کیا جائے
قومی ادارے ملک سیاسی صورتحال کے پیش نظر دانشمندانہ فیصلے کریں،سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر اقوم متحدہ نوٹس لے
قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے خطوط پر گامزن رہنے کا عہد۔ چیئرمین TNFJپولیٹیکل سیل ذوالفقار علی راجہ کا اجلاس سے خطاب
اسلام آباد ( ولایت نیوز) ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل کے چیئرمین ذوالفقار علی راجہ نے معتبر قومی اداروں سے اپیل کی ہے کہ ملک سیاسی صورتحال کے پیش نظر دانشمندانہ فیصلے کریں،انتخابی سیاست کے ابتدائی مراحل میں اس بات کو مد نظر جائے کہ سیاسی دنگل میں اسلامی شعائر کی عزت و حرمت یقینی بنائے جائے۔
مرکزی دفتر اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی راجہ نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کے انتخابات کا آئینی مرحلہ شروع ہونے میں زیادہ دیر نہیں لہذا الیکشن کمیشن اور دیگر مقتدر ادارے صوبائی اسمبلیوں میں الیکشن کی تاریخ شہادت مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے ایام میں دینے سے اجتناب کرے کیونکہ یہ شعائر اسلامی ایام عزائے حضرت علی ابن ابی طالب السلام کی حرمت کے منافی ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ شہادت کے دنوں میں الیکشن کی صورت میں جہاں اہل اسلام اپنا حق رائے دہی کے آئینی حق سے محروٍم ہو جائیں گے وہیں اس اقدام سے لاء اینڈ آرڈر اور انتظامی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں انتہائی مشکلات پیدا ہوں گے۔
ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل کے چیئرمین ذوالفقار علی راجہ نے ارباب حل و عقد پر واضح کیا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی روز شہادت حضرت علی علیہ السلام اپنی میٹنگ اور سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے رہتی دنیا تک یہ درس دیا کہ پاکیزہ ہادیان دین کی حرمت کو سیاست پر ترجیح دی جائے۔ اجلاس میں سویڈن میں قرآن مجید کی بدترین توہین کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سویڈن میں اسلامی شعائر کی توہین کا نوٹس لے۔ذوالفقار علی راجہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قبیح فعل کی سرکاری سطح پر مذمت کرے اور سویڈں سے سفارتی احتجاج کرے۔ اجلاس کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے خطوط پر گامزن رہ کر ملک و ملت کے خلاف ہر سازش و شرارت کو ناکام کرنے کے عہد کا اعادہ کیا گیا۔
