راولپنڈی: سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کا جشن مرتضوی ولایت کانفرنس ڈیرہ سادات سبزواری سے صدارتی خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

ولایتِ علیؑ سے دوری کی وجہ سے دنیا لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے، عدل و انصاف اور امن و امان کی کنجی تمسکِ ولایتِ علیؑ میں ہے۔ علامہ آغا سید حسین مقدسی

وطنِ عزیز کی بنیاد میں نجفِ اشرف کی روحانی تائید شامل ہے، ملک میں قیامِ امن اور بے چینی کے سدِ باب کے لیے روحانی آستانوں سے توسل کیا جائے۔ آقائے مقدسی

کعبۃ اللہ ولایتِ علی ابنِ ابی طالب علیہ السلام کا شاہد و امین ہے جس کی دیوار نے معجزانہ شق ہو کر فاطمہؑ بنتِ اسدؑ کا استقبال کیا،

معرفتِ ولایت علیؑ کا مرکز نجفِ اشرف ہے جس کی سند کے بغیر تبلیغِ ولایت ممکن نہیں۔ سربراہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان

رہبرِ تشیُع قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ نے افراط و تفریط کے سدِ باب کے لیے پانچ رہنما اصول وضع فرمائے جس کا اولین اصول ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ ہے۔ آغا مقدسی کا نورِ ولایت کانفرنس سے خطاب

نورِ ولایت کا عرفان عام کر کے ریاستِ طیبہ کا قیام ممکن بنایا جا سکتا ہے، آقائے موسویؒ کی زندگی تحفظِ ولایتِ علیؑ و عزائے حسینؑ میں گزری ہے۔ سید قمر حیدر زیدی

تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان پاکیزہ اہداف اور رہنما اصولوں کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ مقررین کا کانفرنس سے خطاب

مخدوم سید طفیل سبزواری، سید قاسم الحسینی، شیخ وسیم عباس، سید حسن رضا نقوی نے بھی خطاب کیا جبکہ سید نصیر سبزواری نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے

راولپنڈی ( ) تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے ڈیرہ ساداتِ سبزواری حیدری چوک میں جشنِ مرتضویؑ کے موقع پر نورِ ولایت کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کعبۃ اللہ ولایتِ علی ابنِ ابی طالب علیہ السلام کا شاہد و امین ہے جس کی دیوار نے معجزانہ شق ہو کر فاطمہؑ بنتِ اسدؑ کا استقبال کیا، آیتِ "انما ولیکم اللہ” تاجِ ولایت مولائےؑ کائنات کی ولایت کا الہامی اعلان ہے جو سندِ تکمیلِ دین بھی ہے، معرفتِ ولایتِ علیؑ کا مرکز نجفِ اشرف ہے جس کی سند کے بغیر تبلیغِ ولایت ممکن نہیں، رہبرِ تشیُع قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ نے افراط و تفریط کے سدِ باب کے لیے پانچ رہنما اصول وضع فرمائے جس کا اولین اصول ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ ہے۔ مرکزی سیکرٹری رفاہِ عامہ ٹی این ایف جے مخدوم سید طفیل سبزواری کے زیرِ اہتمام جشنِ مولودِؑ کعبہ پر نورِ ولایت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا نظامِ کائنات کا محور ولایت پر ایستادہ ہے جس کا نور زمین کے مرکز کعبۃ اللہ میں ظاہر ہوا۔ انہوں نے کہا مولا علی علیہ السلام مظہرِ عجائبات الٰہیہ ہیں آپؑ کی ولادتِ پُرنور بھی قدرت کے عجائبات کا مظہر ہے۔ آغا مقدسی نے کہا کہ ولایتِ علیؑ سے دوری کی وجہ سے دنیا لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے، عدل و انصاف اور امن و امان کی کنجی تمسکِ ولایتِ علیؑ ہے۔ سربراہ ٹی این ایف جے نے کہا کہ وطنِ عزیز کی بنیاد میں نجفِ اشرف کی روحانی تائید شامل ہے کیونکہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ مراجعِ نجف سے ہدایات و رہنمائی حاصل کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک میں قیامِ امن اور بے چینی کے سدِ باب کے لیے روحانی آستانوں سے توسل کیا جائے جس میں روشن مثال نور پور شاہاں میں فرزندِ امام موسیٰ کاظمؑ حضرت بری شاہ لطیفؒ ہیں۔ کانفرنس سے دیگر مقررین کے علاوہ علامہ سید قمر حیدر زیدی نے بھی خطاب کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نورِ ولایت کا عرفان عام کر کے ریاستِ طیبہ کا قیام ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا آقائے موسویؒ کی زندگی تحفظِ ولایتِ علیؑ و عزائے حسینؑ میں گزری ہے۔ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان پاکیزہ اہداف اور رہنما اصولوں کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ مخدوم سید طفیل سبزواری، سید قاسم الحسینی، شیخ وسیم عباس، سید حسن رضا نقوی، نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا جبکہ سید نصیر سبزواری نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔ مخدوم سید محمد حسین سبزواری، سید محمد علی سبزواری اور خانوادہ سبزواری کے دیگر افراد نے اس موقع پر جشنِ مولودِؑ کعبہ کا خصوصی کیک قصیدہ خوانی کرتے ہوئے کانفرنس میں لائے اور سربراہِ تحریک علامہ مقدسی اور دیگر عمائدین نے کیک کشائی کی۔ اس موقع پر ملک و قوم اور عالمِ اسلام و مظلومینِ کشمیر و فلسطین کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.