تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے نمائندہ وفد کی چیئرمین پیمرا سے ملاقات؛ حرمت سادات کیخلاف ہتک آمیز ڈرامہ پر احتجاج

ولایت نیوز شیئر کریں

ڈرامہ نہ صرف توہین آمیز بلکہ سادات کیخلاف گھناؤنی سازش ہے۔ علامہ بشارت حسین امامی
اے آر وائی ڈیجیٹل چینل کے پلیٹ فارمز پر نشر کیئے جانیوالے متنازعہ اور بے حرمتی پر مبنی ڈرامہ شیر پر نوٹس لینے کا مطالبہ
متنازعہ و منافرت انگیز ڈرامہ نشر کرنے کے ذمہ داران، پروڈیوسر، مصنفین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ حسن کاظمی

اسلام آباد ( ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے نمائندہ وفد نے منگل کو چیئرمین پیمرا سلیم بیگ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ سیکٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی، مرکزی سیکرٹری تعلقات عامہ سید حسن کاظمی، صدر ٹی این ایف جے فیڈرل کیپیٹل ذوالفقار علی راجہ، علامہ رفاقت حسین نقوی اور علامہ انوار کاظم ایڈووکیٹ بھی وفد میں شامل تھے۔ وفد نے چیئرمین پیمرا کو اے آر وائی ڈیجیٹل چینل اور اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پیش کیے جانے والے اشتعال انگیز اور ہتک آمیز ڈرامے (شیر) کے بارے میں پورے ملک میں پائے جانے والی تشویش اور بے چینی سے آگاہ کیا۔ علامہ بشارت امامی نے چیئرمین پیمرا پر واضح کیا کہ مذکورہ متنازعہ ڈرامے کی کہانی میں سادات کرام جو آل رسول ہیں، کی کھلم کھلا ہتک عزت کی گئی ہے جن کی عزت و احترام تمام مکاتب فکر پر مسلم ہے۔ اے آر وائی ڈیجیٹل چینل اور اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیا جانیوالے اشتعال انگیز اور ہتک و بیاحترامی پر مبنی ڈرامہ ”شیر” کے نام سے پیش کیا جارہا ہے جس میں ملک میں بسنے والے مکاتب کے مذہبی عقائد و نظریات کی نفی اور توہین کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرامہ میں جس انداز میں سادات کو دکھایا گیا ہے وہ نہ صرف توہین آمیز ہے بلکہ ایک سوچی سمجھی شرانگیزی ہے جس نے لاکھوں افراد کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب قوم یکجہتی اور پاکستان کے ازلی دشمن کے خلاف تاریخی فتح کا جشن منا رہی ہے، اس قسم کا منافرانہ مواد غیر اسلامی اور قومی مفاد کے مخالف ایجنڈا کو فروغ دے کر منافرت اور فرقہ واریت کو ابھارنے کا باعث ہوگا۔ ٹی این ایف جے کے سیکریٹری تعلقات عامہ سید حسن کاظمی نے چیئرمین پیمرا سے مطالبہ کیا کہ اے آر وائی چینل کے ”شیر” نامی ڈرامہ کے خلاف فوری اقدامات کیئے جائیں. انہوں نے کہا کہ مسلم امہ میں قابلِ صد احترام تصور کیے جانیوالے سادات کی توہین پر مبنی ڈرامہ نشر کرنے پر چینل کے خلاف فوری قانونی کاروائی کی جائے۔ انکا کہنا تھا ڈرامہ سیریل ”شیر” کی نشریات پر مستقل پابندی عائد کی جائے اور اس کی تمام اقساط کو الیکٹرانک وسوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز سے ہٹایا جائے۔ متنازعہ و منافرت انگیز ڈرامہ نشر کرنے کے ذمہ داران بشمول پروڈیوسر، مصنفین اور نشریات کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ حسن کاظمی نے کہا کہ اے آر وائی چینل کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ توہین آمیز ڈرامہ نشر کرنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے سادات اور قوم سے معافی مانگے۔

ٹی این ایف جے کے وفد نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی ہدایات کے مطابق حکومت ِ پاکستان کی جانب سے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے باعث کالعدم قرار دی گئی جماعتوں اور ان کے سربراہان و لیڈران کی ہر قسم کی نیوز کوریج پر پابندی کے تازہ احکامات بھی تمام نیوز چینلز کو جاری کیے جائیں تاکہ انسداد دہشتگردی کے ریاستی اقدامات کو تقویت ملے اور کالعدم گروپوں کو اجاگر ہونے سے روکا جا سکے۔

چیئرمین پیمرا نے ٹی این ایف جی کے وفد کی معروضات کو بغور سنا اور ان کے مطالبات پر ٹھوس اقدامات کے ذریعہ فوری حل کے لیے یقین دہانی کراتے ہوئے پیمرا کے حکام کو اے ار وائی چینل کے مالکان سے بات کرنے اور ٹی این ایف جے کے تحفظات فی الفور دور کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وفد نے ملاقات اور فوری نوٹس لینے پر چیئرمین پیمرا سے اظہارِ تشکر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.