ولایتِ علیؑ ہمارے عقیدے کی جان ہے، سب کچھ قربان مگر عقیدہ و وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے، جشنِ غدیر و مباہلہ کا اعلامیہ

ولایت نیوز شیئر کریں

ولایتِ علیؑ ہمارے عقیدے کی جان ہے، ہم سب کچھ قربان کر سکتے ہیں مگر عقیدہ و وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے، جشنِ غدیر و مباہلہ کا اعلامیہ
محرم الحرام میں سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کے ضابطہ عزاداری پر بھرپور عمل کِیا جائیگا۔ مختار ایس او
قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد موسویؒ کی دوسری برسی پر 4 جولائی کو علیؑ مسجد میں پاکیزہ اہداف کے حصول کیلئے عزم کی تجدید کی جائے گی
محرم الحرام کے انتظامات کیلئے حکومت روایتی جمع خرچ سے اجتناب کرے، نظریہ اساسی کے تحفظ کیلئے آقائے موسویؒ کی جد و جہد ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے
مسلمان اپنے عظیم ترین ایامِ کو فراموش کرنے کی وجہ سے مسائل و مصائب و آلام کا شکار ہیں۔ علامہ سید قمر زیدی؛ قدیمی امام بارگاہ میں مرکزی جلسے سے علماء و ذاکرین کا خطاب

راولپنڈی( ولایت نیوز) قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ عالمگیر ہفتہ ولایت کی مناسبت سے سالانہ قدیمی جشنِ غدیر و مباہلہ امام بارگاہ قدیم حسینیؑ محاذ راولپنڈی میں مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا۔

جسکی صدارت تنظیم کے مرکزی صدر علی نقی نقوی نے کی جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت امامی، مرکزی نائب صدر باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، مختار ایس او کے چیئرمین سید محمد عباس کاظمی، اسپیکر سید بُو علی مہدی، حاجی سید مختار شاہ، شوکت عباس جعفری، ذوالفقار علی راجہ، عمار یاسر علوی، علی اجود نقوی، ملک نواز علی ناجی، راجہ اسد عباس، راجہ ضیغم عباس اور دیگر مہمانانِ خصوصی تھے۔

اس موقع پر مختار ایس او کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سید حیدر بخاری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں باور کرایا گیاکہ محرم الحرام کے انتظامات کے لئے حکومت روایتی جمع خرچ سے اجتناب کرے، نظریہ اساسی کے تحفظ و بقا کے لئے آقائے موسویؒ کی جد و جہد ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، مصلحتوں کی شکار اور جماعتی مفاد کی غلامانہ سیاست نے اقوامِ عالم میں ملک کا وقار داؤ پر لگا دیا ہے، قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ نے قوم کی ملی، روحانی و فکری جامعیت کے لئے پانچ رہنما اصول وصیت کِئے ہیں جن میں ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ پہلا اصول ہے، لہٰذا ولایتِ علیؑ سمیت دیگر چار اصولوں (عزائے حسینؑ، حرمتِ سادات، احترامِ مرجعیت اور مرکزیت) کی روشنی میں قوم نظریاتی دفاع کے حصار میں ہے، غدیرِ خم کے مقام پر ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ کے اعلان پر نہ صرف دین مکمل ہوا بلکہ نعمتیں بھی تمام ہوئیں، ملتِ جعفریہ رہبرِ تشیُع آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی دوسری برسی پر 4 جولائی کو علیؑ مسجد میں پاکیزہ اہداف کے حصول کیلئے عزم کی تجدید کرے گی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ عِلم سے نبیؐ و علیؑ کے پیروکاروں کا ازلی ناطہ ہے لہٰذا پیغامِ غدیر و مباہلہ کو ہمیشہ یاد رکھنے والے جوان یقین رکھیں کہ جس علیؑ ابنِ ابی طالبؑ کے ہاتھ کو نبیِ کریمؐ نے بلند کر کے ولایتِ آلِؑ محمدؐ کا اعلان کِیا تھا اس باب مدینۃ العلم کی پیروی کو اپنی زندگی کا محور بنانے میں ہی دنیا و آخرت کی سرفرازی مضمر ہے لہٰذا اگر نوجوان نسل نے نظریہ اسلام کے سب سے بڑے محافظ، کُلِ ایمان، باب مدینۃ العلم علیؑ ابنِ ابی طالبؑ کا دامن تھامے رکھا تو وہ دن دور نہیں جب خلائیں انکی گزرگاہیں، ستارے انکی کمندوں کا نشانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریے کے تحفظ کا جذبہ رکھنے والے جوانانِ مختارؑ کو اپنے کردار و افکار کو بھی ان ہستیوں کی سیرت کے مطابق ڈھالنا ہو گا جن ہستیوں کے نام حضرت آدمؑ کو تعلیم کر کے فرشتوں سے تعظیم کروائی گئی، یہی ہستیاں میدانِ محشر میں صرف آپ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اس عہد کا اظہار کِیا کہ ولایتِ علیؑ ہمارے عقیدے کی جان اور وطن سے محبت ہمارا جزوِ ایمان ہے، ہم سب کچھ قربان کر سکتے ہیں مگر عقیدہ و وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔

اس موقع پر جلسے کے شرکاء نے مختار ایس او راولپنڈی کے ریجنل نائب صدر سید فرحان علی ہمدانی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد پُرجوش نعروں کی گونج میں منظور کی جس میں اس عہد کا اظہار کِیا گیا کہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی آمدہ محرم الحرام ایامِ عزا کے سلسلے میں حکومتی انتظامات میں عملی تعاون کیلئے جو بھی ضابطۂ عزاداری دیں گے اس پر بھرپور عملدرآمد کِیا جائیگا اور مختار ایس او کے کارکنان انکے حکم پر وطنِ عزیز کی سلامتی و استحکام، امن کے قیام اور عقیدے کی پاسداری کیلئے ولایتِ علیؑ، عزائے حسینؑ، حرمتِ سادات، احترامِ مرجعیت اور مرکزیت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مرکزی صدر سید علی نقی نقوی نے سالانہ جشن غدیر و مباہلہ میں بہترین انتظامات کرنے پر مختار ایس او اسلام آباد کے صدر سید عمار علی نقوی، راولپنڈی کے صدر سید ضامن نقوی اور ان کی پوری ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کِیا اور شرکائے جشن کا شکریہ ادا کِیا۔ اس موقع پر جشن کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔

جشن غدیرو مباہلہ کا خونصورت کیک :

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.