بانیان پاکستان کے خواب چکنا چور نہیں ہونے دیں گے، حیدری ؑعزم سےمادر وطن کی حفاظت کریں گے مسلمانان عالم دامن علیؑ تھام لیں ہر محب وطن ماتمی احتجاج کا حصہ بنے ، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

غیر ملکی ایجنڈے نظریہ اساسی پر حملہ آور ہیں حیدری ؑعزم کے ساتھ مادر وطن کی حفاظت کریں گے، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
بانیان پاکستان کے خوابوں کو چکنا چور نہیں ہونے دیں گے، ماتمی احتجاج کا مقصدتحریک پاکستان و دفاع پاکستان کی قربانیاں بچانا ہے
بیرونی فنڈنگ پر پلنے والے ریاستی اداروں میں گھس کر ریاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ہر محب وطن ماتمی احتجاج کا حصہ بنے
جلاؤ گھیراؤ کے واقعات قوم کا سر شرم سے جھکا رہے ہیں، اسلامائزیشن کے آئینی اداروں کو ان عناصرسے پاک کرنا ہوگا جو دشمن کے آلہ کار بنے
اسلام کا بول بالا تلوار نہیں اولیائے کرام کے کردار سے ہوا جسن کا سرچشمہ ذات علی ؑ ہے، افکار و کردار علوی امت مسلمہ کا قابل فخر ورثہ ہے
صیہونیت و استعماریت کو خیبر شکن جذبے سے ناکام بنایا جا سکتا ہے مسلمانان عالم دامن حیدر کرارؑ کو تھام لیں، جشن مولود کعبہ کی تقریب سے خطاب
ملک بھر میں جشن مرتضوی کی تقاریب،شیعہ سنی برادران کا شیر خدا حضرت علی المرتضی ؑ سے عقیدت و محبت کا اظہار،مساجد امام بارگاہوں درگاہوں پر چراغاں، ملک و قوم کیلئے دعائیں

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ غیر ملکی ایجنڈے پاکستان کے نظریہ اساسی پر حملہ آور ہیں حیدری ؑعزم کے ساتھ مادر وطن کی حفاظت کریں گے، بانیان پاکستان کے خوابوں کو چکنا چور نہیں ہونے دیں گے ملک گیر ماتمی احتجاج کا مقصدتحریک پاکستان اور دفاع پاکستان کی قربانیاں رائیگاں ہونے سے بچانا ہے،بیرونی ممالک کی فنڈنگ پر پلنے والے ریاستی اداروں میں گھس کر ریاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں نظریہ پاکستان سے محبت رکھنے والا ہر شہری ماتمی احتجاج کا حصہ بنے گا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا کہنا تھا کہ پوری کائنات میں اسلام کا بول بالا تلوار نہیں راہ ولایت پر چلنے والے اولیائے کرام کے کردار سے ہوا جس کا سرچشمہ ذات علی ؑ ہے، آئے روز جلاؤ گھیراؤ کے واقعات قوم کا سر شرم سے جھکا رہے ہیں اسلامائزیشن کے آئینی اداروں کو ان عناصرسے پاک کرنا ہوگا جو اسلام کو متشدد ثابت کرنے کیلئے دشمن کے آلہ کار بنے،شاہ لا فتی حضرت علی المرتضیٰ ؑکے افکار و کردار امت مسلمہ کا مشترکہ اور قابل فخر ورثہ ہیں، صیہونیت و استعماریت کو خیبر شکن جذبے سے ناکام بنایا جا سکتا ہے مسلمانان عالم دامن حیدر کرارؑ کو تھام لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولائے کائنات امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کی ولادت پرنور کی مناسبت سے ’جشن مولود کعبہؑ‘ کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ہم اس علی ابن ابی طالبؑ کے پیروکار ہیں کہ جنہیں کرم اللہ وجہہ کہا ہی اسی لئے جاتا ہے کہ ان کی جبین اللہ کے سوا کبھی کسی کے سامنے خم نہ ہوئی، ہم پر کتنی ہی زیادتیاں اور جبر کر لیا جائے اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے سامنے ہار نہیں مانیں گے، ہم چار دہائیوں سے وطن عزیز میں لڑی جانے والے پراکسی وار کے سامنے صف آراء ہیں غیر ملکی فنڈنگ کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں لیکن کس قدر دکھ کا مقام ہے جنہیں وطن عزیز کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے پر کالعدم قرار دلوایا گیا انہیں ہی، نصاب کونسلوں، نظریاتی کونسل امن کمیٹیوں اور متحدہ علماء بورڈ جیسے اداروں میں شامل کرکے قومی سلامتی کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسالک و مکاتب صوبوں اور قومیتوں کی جانب سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ماتمی احتجاج کے حق میں اٹھنے والی آوازیں اس بات کی دلیل ہیں کہ پاکستان کی غالب اکثریت قومی سلامتی امن و یکجہتی کیلئے متفکر اور متحد ہے۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دعوت ذوی العشیرۃ سے غدیر خم تک جا بجا اعلان ولایت کرکے نبی کریم ؐ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امت کو علم و عرفان کے دروازے کا پتہ بتایا اسی لئے شاہ ولی اللہ نے نے فرمایا کہ ولایت کا باب کھولنے والے حضرت علی ابن ابی طالب ہیں اولیائے امت میں سے ایک بھی ایسا نہیں ہے جو کسی نہ کسی طور پر حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے خاندان امامت سے وابستہ نہ ہو، صرف اولیاء ہی نہیں تمام خلفائے راشدین نے بھی مشکل صورتحال میں حضرت علی ابن ابی طالب ؑ سے رجوع کیا اور مشکلوں سے نجات پائی۔

انہوں نے کہا کہ علی ابن ابی طالبؑ کو اللہ نے ذوالفقار عطا کرکے جوانمردوں کا ہیرو بنا دیا تو نبی اکرم ؐنے امت مسلمہ کا چیف جسٹس قرار دیا، علم کا دروازہ کہا، میدان خندق میں کل ایمان کہا،یوم مواخات میں دنیا و آخرت میں اپنا بھائی قرار دیا، میدان مباہلہ میں اپنا نفس قرار دیا، خیبر میں کرار کہا، فتح مکہ میں شانوں پر سوار کراکے بت شکن منوایا، اور میدان غدیر میں ہر مومن کا مولا قرار دیکر عظمتوں کی معراج عطا کردی۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ کشمیر و فلسطین سمیت دنیا کے ہر مظلوم کی سرخروئی راہ حیدر کرار پر گامزن ہونے میں ہی مضمرہے۔

درایں اثنا مرکز مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان کے ہر شہر قصبہ و دیہات میں 13رجب کو جشن مرتضوی کی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں بلا تفریق مسلک و مکتب شیعہ سنی برادران نے شرکت کرکے شیر خدا حضرت علی المرتضی ؑ سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا، مساجد امام بارگاہوں اولیاء کی درگاہوں پر چراغاں کیا گیا، اس موقع پر عالم اسلام کی یکجہتی، پاکستان کے دفاع و استحکام، دہشت گردی کے خاتمہ اور امت مسلمہ کے مسائل و پریشانیوں کے خاتمہ کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.