آیۃ اللہ العظمی شیخ اسحاق فیاض کی نماز جنازہ نجف اشرف میں ادا کردی گئی

ولایت نیوز شیئر کریں

نجف اشرف (ولایت نیوز)آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کی تشییع جنازہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں علماء، طلاب، اہم شخصیات اور مؤمنین نے شرکت کی۔

قابل ذکر ہے کہ مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کی تشییع جنازہ میں حوزۂ علمیہ کے ہزاروں اساتذہ اور طلاب، مراجع کرام کے نمائندوں، حرمہائے مقدس اور مقدس روضوں کے ذمہ داران، قبائلی عمائدین اور مختلف سماجی شخصیات نے شرکت کی اور اس عظیم ربانی عالم کو ان کی آخری آرام گاہ تک رخصت کیا۔

مرحوم مرجع کے جسد خاکی کی ان کے دفتر سے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام تک تشییع کی گئی۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے دروازے پر حرم مقدس کے متولی سید عیسی الخرسان، مجلس نظما کے اراکین، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور خدام نے مرحوم کے جسد مبارک کا استقبال کیا۔

مرحوم آیت اللہ فیاض کا جسدِ خاکی کاظمین اور کربلائے معلیٰ میں عظیم الشان تشییعی مراسم کے بعد نجف اشرف پہنچا، جہاں سید محمد رضا سیستانی، محمد باقر سیستانی، علماء، فضلاء، حوزۂ علمیہ کے اساتذہ، سرکاری حکام اور عوام الناس نے ان کا استقبال کیا۔

تشییع کا آغاز نجف اشرف کے علاقے "الجدیدہ” میں واقع مرحوم آیت اللہ فیاض کے دفتر اور رہائش گاہ سے ہوا، جہاں سے جلوس روضۂ مبارک حضرت امیرالمؤمنینؑ کی جانب روانہ ہوا۔

اس کے بعد بارگاہ ملکوتی امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کے صحن و سرائے میں مرحوم مرجع کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جبکہ ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے مجلس ترحیم اور تعزیتی پروگرام بھی منعقد ہوئے، جن میں حاضرین نے اس عظیم دینی و علمی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی علمی، فقہی اور دینی خدمات کو یاد کیا۔

بزرگ شیعہ فقیہ اور مرجع تقلید حضرت آیت اللہ شیخ محمد اسحاق فیاض بروزجمعرات (4 جون 2026) کی صبح 96 سال کی عمر میں بغداد کے ایک اسپتال میں  داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

آیت اللہ فیاض 1930 میں افغانستان میں پیدا ہوئے تھے اور وہ ممتاز شیعہ مراجعِ تقلید میں شمار ہوتے تھے۔ وہ حوزہ علمیہ نجف اشرف میں اعلیٰ فقہ کے استاد بھی تھے۔ وہ مرجع شیعیان جہاں آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی کے قریبی شاگردوں میں سے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.