نام نہادروشن خیالی پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل سکتی ہیں،اسرائیل وفد کے حقائق سامنے لائے جائیں،مسلم یونیوسٹیاں امام جعفر صادق ؑ کے اصولوں کی پیروی کریں، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

اسرائیل وفد کے حقائق سامنے لائے جائیں،نام نہادروشن خیالی پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل سکتی ہیں، آغا حامد موسوی
ہر مسئلے پر فوج کو مورد الزام ٹھہرا کر دشمن کے ہاتھ مضبوط نہ کئے جائیں، دشمن یہ جان چکا ہے کہ پاک فوج کو کمزور کئے بغیر وہ کامیاب نہیں ہو سکتے
قائد اعظم کی پالیسی سے انحراف تباہ کن ہو گا،بعض نادان سیاستدان اور فارن فنڈڈ این جی اوز و جماعتیں پاکستان کو نظریاتی راہ سے ہٹانے کیلئے مصروف عمل ہیں
بھارتی مظالم پر ’عالمی چُپ‘جنوبی ایشیا کے امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے یٰسین ملک کی سزا کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے پسپا کرنے کا حربہ ہے
سی پیک سبوتاژ کرنے کیلئے بعض قوتیں سہولت کارکا گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہیں،مسلم یونیوسٹیاں امام جعفر صادق ؑ کی پیروی کریں تومشرق دوبارہ علم کا مرکز بن سکتا ہے
پراکسی جنگیں دوبارہ بھڑکائی جارہی ہیں،امام صادق ؑ نے تاریخ کا دھارا بدل دیاسائنس وٹیکنالوجی سدا”امام جعفر ؑصادق ؑ“ پر ناز کریں گے،حق گوئی خانوادہ رسالتؐ کی میراث ہے
جنت البقیع کی خستہ حالی گواہ ہے کہ امت مسلمہ اپنے محسنوں کی ناقدری کی سزا بھگت رہی ہے، یوم شہادت امام جعفر صادق ؑ پر مجلس سے خطاب؛ ملک بھر میں مجالس و جلوس

اسلام آباد(ولایت نیوز )تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ اسرائیل جانے والے وفد کے متعلق حقائق سامنے لائے جائیں سطحی حقائق اور نامکمل معلومات پر مبنی نام نہاد روشن خیال نظریات پاکستان کا مستقبل اندھیروں میں دھکیل سکتے ہیں، ہر مسئلے پر فوج کو مورد الزام ٹھہرا کر دشمن کے ہاتھ مضبوط نہ کئے جائیں دشمن یہ جان چکا ہے کہ جب تک پاک فوج کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا وہ کامیاب نہیں ہو سکتے،قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق اسرائیل ریاست کی مزاحمت کی پالیسی پر کوئی سمجھوتہ پاکستان اور عالم اسلام کیلئے تباہ کن ثابت ہو گا،بعض نادان سیاستدان اور فارن فنڈڈ این جی اوز و جماعتیں پاکستان کو نظریاتی راہ سے ہٹانے کیلئے مصروف عمل ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ’عالمی چُپ‘جنوبی ایشیا کے امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے یسین ملک کی سزا کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے پسپا کرنے کا حربہ ہے، حق گوئی خانوادہ رسالتؐ کی میراث ہے جس سے نوک سناں پر بھی گریز نہیں کریں گے،سائنس اور ٹیکنالوجی سدا امام جعفر صادق ؑ پر ناز کریں گے،امام جعفر صادق ؑ کے مزار سمیت جنت البقیع کی خستہ حالی گواہ ہے کہ امت مسلمہ اپنے محسنوں کی ناقدری کی سزا بھگت رہی ہے،مسلم ممالک کی یونیوسٹیاں و تعلیمی ادارے امام جعفر صادق ؑ کے اصولوں کی پیروی کریں تومشرق ایک بار پھر علم کا مرکز بن سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہادت امام جعفر صادق علیہ السلام کے موقع پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک بھر میں ماتمی جلوسہائے تابوت برآمد ہوئے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ایک بار پھر پراکسی جنگوں کو بھڑکایا جا رہا ہے جو غیر ممالک اپنے ایجنڈے پاکستان میں مسلط کرنا چاہتے ہیں وہ سن لیں ہمیں پاکستان کا استحکام وترقی سب سے زیادہ عزیز ہے پاکستا ن کے مفادات کے خلاف کسی سے کوئی بات نہیں سن سکتے خواہ وہ کسی بھی لباس میں ہو یا کسی بھی خطے سے تعلق رکھتاہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو دوقومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا اور یہ نظریہ ازلی دشمن بھارت کیلئے موت ہے اس بناء پر ہندوستان کئی اعلانیہ اور لاتعداد خفیہ جنگیں پاکستان پر مسلط کرچکا ہے پاکستا ن کا ایک حصہ جدا کرنے کے باوجود بھارت دو قومی نظریہ سبوتاژ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا،دن بدن بھارت کے پاکستان مخالف عزائم میں اضافہ ہو تا چلا جا رہا ہے، ہندوستان اور اس کے ہمنوا ممالک پاکستان کی وحدت یکجہتی ترقی کو ہضم نہیں کر پاتے سی پیک کی وجہ سے پاکستا ن کے دشمنوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اسی وجہ سے وہ سی پیک کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ گئے ہیں سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے بعض اندرونی قوتیں سہولت کاری کا گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہیں دہشت گردی صوبائی لسانی مسلکی عصبیتوں میں اضافہ اور تکفیریت کے پیچھے بھی یہی مکروہ سوچ کارفر ما ہے تاکہ پاکستان کو اس کے نظریاتی روستے سے ہٹا یا جائے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ معاشی بحران اور سازشوں کے دور میں سیاستدان و لیڈران ایک دوسرے کو زیر کرنے کے بجائے افہام و تفہیم سے مسائل حل کریں اور کوئی ایسی پالیسی اختیار نہ کریں جس سے دشمن مزید فائدہ اٹھا سکے۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ہندوستان پون صدی سے کشمیر پر ناجائز قبضہ جمائے بیٹھا ہے لیکن کوئی عالمی طاقت کشمیریوں کی آواز پر کان نہیں دھر رہی بھارت مسلسل چور مچائے شور کی پالیسی پر عمل پیر ا ہے سی پیک کو سبوتاژ کرنے اور دہشت گردی کی آگ بھڑکانے میں مصروف بھاتی ایجنٹ کلبھوشن رنگے ہاتھوں پکڑاگیا تومسلم ممالک سمیت کسی ایک طاقت نے بھارتی مداخلت کی مذمت نہ کی لیکن دوسری جانب بھارت ہر حق خود ارادیت کے طلبگار کو پاکستانی ایجنٹ قرار دیکر سزائیں دے رہا ہے اور ساری دنیانے چپ سادھ رکھی ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے ایسے وقت میں صفحہ ارضی پر قدم رکھا جب طوائف الملوکی عروج پر تھی لوگ علم حق اور صداقت کی تلاش کے بجائے جاہ و منصب سیم و زر اور تاج و تخت کی تلاش میں سر گرداں تھے ملوکیت و اقتدار کی کشمکش میں دین مصطفوی ؐ پامالی کے خطرے سے دوچار تھا۔ایسے حالات میں خاندان مصطفوی کے چشم و چراغ امام جعفر صادق ؑنے علم و حکمت کی وہ مشعلیں روشن کیں کہ تاریخ کا دھارا بدل گیا۔علم و تحقیق پر مسلمانوں کا اجارہ قائم ہو گیاجو صدیوں قائم رہا ایسی علمی تحریک کی بنیاد پڑی جس سے دنیا آج بھی مستفید ہو رہی ہے۔آغا سید حامدعلی شاہ موسوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خانوادہ رسالتؐکے جادہ علم و عمل پر ہمیشہ گامزن رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.