ٹی این ایف جے کی کال پر یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا، کرنل سہیل عابد کی شہادت عظیم نقصان ہے، آغا حامدموسوی
تمام مسلمان فلسطینیوں کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ حامد موسوی
امریکی سفارتحانے کی بیت المقدس منتقلی عالم اسلام ،بین الااقوامی اداروں کی توہین ہے،
اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں ،نہتے فلسطینیوں کو اسرائیلی فوجیوں کے ناپاک ہاتھوں خون میں نہلانے کی پر زور مذمت
اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی وتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کیمطابق ماہ صیام کے پہلے جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین مظلوم نہتے فلسطینیوں کی نصرت و حمایت جاری رکھنے کے عزم صمیم کیساتھ منایا گیا۔اس موقع پر اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں، جامع مساجد میں خطباء حضرات نے پر امن فلسطینیوں کو اسرائیلی فوجیوں کے ناپاک ہاتھوں خون میں نہلانے کی پر زور مذمت کی اور امریکی سفارتحانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کو عالم اسلام اور بین الااقوامی اداروں کی توہین قرار دیا ۔ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ قبلہ اول پر غاصبانہ اسرائیلی قبضے اور فلسطینیوں کے قتل عام نے مشرق وسطیٰ کا امن برباد کر کے رکھ دیا ہے جسکے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں۔
وفاقی دارلحکومت میں تنظیم شیعہ آئمہ مساجد کے زیر اہتمام نکالی جانے والی یوم یکجہتی فلسطین کی مرکزی ریلی کے دوران علامہ بشارت حسین امامی کی جانب سے پیش کر دہ پیغام میںآقای موسوی نے کہا کہ فلسطین کی سر زمین ہو یا کربلا ئے کشمیریا میانمار کے روہنگیا مسلمان ہوں یا یمن کے مسلمان تمام مظلومین پر عرصہ حیات تنگ کرنے کا سلسلہ کل بھی جاری تھا اور آج بھی ان بیگناہ مسلمانوں کو آزادی کا حق مانگنے کی سزا دی جا رہی ہے لیکن مقام افسوس ہے کہ عالمی برادری صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ محض مذمتی قراردادوں سے ظالموں کے ظلم کو روکا جا سکتا ہے ؟ اُنہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے سے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء کا امن تباہ و برباد ہو گیا ہے ،اسرائیل اوربھارت فلسطینیوں اور کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں جنہیں عالمی استعماری سرغنے کی پشت پناہی حاصل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شروع ہی سے فلسطین و کشمیر میں جار ی آزدی کی تحریکو ں کا حامی ہے ،یوم یکجہتی فلسطین منانے کا مقصد امریکہ اور اُسکے بغل بچوں کیخلاف بھرپور احتجاج کر کے دنیا کو باور کرانا ہے کہ پاکستانی قوم غیر منصفانہ اور ظالمانہ امریکی فیصلوں اور اقدامات سے نفرت کرتی ہے اور اپنے فلسطینی و کشمیری بھائیوں کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشتگرد تنظیموں کے تخلیق کار اور یہود و ہنود کے پشت پناہ عالمی سرغنے نے اب بھی عقل کے ناخن نہ لیے تو مشرق وسطیٰ میں امن کی ضمانت کوئی نہیں دے سکتالہٰذا استعماری سرغنہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لے ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ایٹمی قوت اور اسلام کے قلعے پاکستان کو مظلومین کشمیرو فلسطین کی حمایت اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ آقای موسوی نے کہا کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں خطرناک دہشتگردوں کیساتھ مقابلے میں پاک فوج کے ہیرو کرنل سہیل عابد کی شہادت عظیم قومی نقصان اور محب وطن ہزارہ قبیلے کی نسل کشی کی گھناؤنی سازش ہے، اگر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جاتا کو قوم کو یہ برے دن نہ دیکھنے پڑتے۔

یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر ٹی این ایف جے کی کال پر وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں مرکزی جامع مسجد قصرخدیجہ الکبری فیڈرل ایریا سے فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کے ہزاروں شرکاء نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کیخلاف پر جوش نعرے لگائے اور مختلف قراردادوں کے ذریعے فلسطین میں امریکی پشت پناہی میں جاری یہود ی جارحیت اور قبلہ اول پر غاصبانہ قبضہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کیمطابق فلسطین و کشمیر کے دیرینہ مسائل حل کروائیں بصورت دیگر مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔ایک قرارداد میں گزشتہ روزکلی الماس کوئٹہ میں ایف سی مددگار سنٹر پر دہشتگردوں کے حملے میں انٹیلی جنس کرنل سہیل عابد کی شہادت اور چار سیکورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردوں کی کمر توڑنے والے پاک فوج کے سپوتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور حکمرانوں ، سیاستدانوں پر زور دیا گیا کہ وہ آپریشن ردالفساد کی جلد کامیابی ،دہشتگردی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے اور اندرونی و بیرونی دشمنوں کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ایستادہ ہو جائیں۔درایں اثناء ہیڈ کوارٹر ٹی این ایف جے میں رپورٹوں کیمطابق کر اچی ، لاہور، پشاور، گلگت بلتستان، مظفر آباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے جمعہ کو اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاج اور مظلومین فلسطین کی حمایت میں مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔راولپنڈی میں قصر ابو طالب سے نکالی گئی یوم یکجہتی فلسطین ریلی کی قیادت علامہ سید محسن علی ہمدنی، علامہ سید زاہد عباس کاظمی ، سید ثمر الحسن نقوی، سید اسد عباس ہمدانی اور دیگر رہنماؤں نے بھی اس موقع پر اسرائیلی مظالم کی مذمت اور القدس شریف کی بازیابی ، فلسطین کی آزادی کیلئے زبردست نعرے لگائے گئے۔
