ٹی این ایف جے پنجاب کا اہم اجلاس، آمدہ محرم الحرام کی تیاریوں کا جائزہ
لاہور ( ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کا اعلیٰ سطحی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جسکی صدارت صوبائی صدر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب علامہ سید حسین مقدسی نے کی جبکہ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے ڈویژنل اور ضلعی نمائندگان نے بھرپور شرکت کی، اجلاس میں آمدہ محرم الحرام کے سلسلے میں تیاریوں اور تنظیمی کارکردگی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر علامہ سید حسین مقدسی نے کہا کہ آمدہ محرم الحرام کے حوالے سے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب بھر میں بھی قائد ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے دی جانیوالی پالیسی پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے کربلا میں نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ اور انکے جانثاروں کی جانب سے دین و شریعت کے تحفظ کیلئے دی گئی لازوال قربانی کی یاد منائی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان مدت مدید سے استعماری قوتوں اور انکے آلہ کاروں کے حصار میں ہے جسے منفرد نظریہ اساسی کے باعث روز اول سے دشمنانِ دین کی سازشوں کا سامنا رہا ہے۔ ازلی دشمن بھارت نے پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم ہی نہیں کیا اور ایک کے بعد دوسرا جال بننے میں مصرو ف رہا ہے جبکہ اسے عالمی استعماری سرغنہ امریکہ کی بھرپور حمایت حاصل ہے جسکا ایجنڈا مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور جنوبی ایشیا ء میں بھارتی بالادستی کا قیام ہے۔انہوں نے کہا کہ ازلی دشمن بھارت ، امریکی اشتراک سے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے دہشتگردی کابھرپور استعمال کر رہا ہے جسکے لیئے افغانستان میں قائم بھارتی کونسل خانے دہشتگری کے بیس کیمپوں کے طور پر استعما ل کیئے جار ہے ہیں جہاں دہشتگردوں کو تربیت دیکر انہیں پاکستان میں مختلف اہداف پر حملہ کرنے کا پلان دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب دشمن دہشتگردی کے ذریعہ وطن عزیز پر حملہ آور ہے تو دوسری جانب ہمارے حکمرانوں و سیاستدانوں کی تمام تر توجہ اقتدار کے تحفظ وحصول پر مرکوز ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کے انسداد دہشتگردی کیلئے کیئے گئے آپریشن ضرب عضب، رد الفساد، اور خیبر فور سے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئیں اور دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو توڑ کر انہیں بھاری نقصان پنہچایا گیا لیکن تاحال اسکا مکمل خاتمہ نہیں کیا جا سکااور بچ جانیوالے دہشتگرد موقع پا کر کسی نہ کسی شہر میں کاروائی کرڈالتیہیں جسکی بنیادی وجہ حکومت کی جانب سے انسداد دہشتگردی کے جامع منصوبہ نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عمل درآمد نہ کرنا ہے۔
علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں پر پرانے یا نئے ناموں سے کام کرنے پر یکساں اور عملی پابندی عائد کرنا ہوگی اور انکے بڑوں پر ہاتھ ڈالنا ہوگا جو تاحال نہ صرف آزاد گھوم رہے ہیں بلکہ ملکی سیاست میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کیساتھ پوری طرح سرگرم عمل نظر آتے ہیں، کالعدم گروپجلسے جلوسوں ، ریلیوں اور مختلف سیاسی اتحادوں کے سائے میں میڈیا کوریج بھی حاصل کر رہے ہیں جبکہ حکومتی و انتظامی اداروں اور کمیٹیوں میں بھی انکے حواری براجمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ساتھ انکے سہولتکاروں اور ہمدردوں کو قانونی شکنجے میں جکڑے بغیر مکمل امن کا حصول ممکن نہیں ہے ۔
اجلاس میں صوبائی ترجمان سید حسن کاظمی کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی جسمیں باور کرایا گیا کہ آمدہ پروگراموں بالخصوص محرم الحرام کے حوالے سے مرکز مکتب تشیع سے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی جو بھی پالیسی دیں گے اس پر بھرپور عمل کیا جائیگا اور مشن ولاء و عزا کے فروغ اور دین و وطن کی سربلندی کے لیے قائد ملت جعفریہ آغاسید حامد علی شاہ موسوی کے ہر حکم پر لبیک کہا جائیگا۔ ایک اور قرارداد میں حکمران و سیاستدانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ حالات حاضرہ کے تناظر میں کرسی گراؤ اور کرسی بچاؤ کے بجائے پاکستان بچاؤ کی پالیسی اختیار کریں اور ذاتی و جماعتی مفادات پر ملکی مفاد کو ترجیح دی جائے ۔دہشتگردی کے مستقل سدباب کے لیے کالعدم تنظیموں اور انکے سربراہان کو آہنی شکنجے میں جکڑا جائے اور دہشتگردی میں ملوث ان گروپوں کی جانب سے سیاسی پارٹیاں بنانے یا دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد قائم کر کے عوام کو گمراہ کرنے کے عمل کا نوٹس لیا جائے ۔ عوام کو کالعدم تنظیموں کے ناموں کے ساتھ انکے جرائم سے بھی آگاہ کیا جائے تاکہ معاشرے میں ان گروپوں کو تنہا کرنے کا عمل آگے بڑھے اور سادہ لوح عوام کو انکا سہولتکار یا ہمدرد بننے سے بچایا جا سکے۔
ایک اور قرارداد میں واضح کیا گیا کہ دہشتگردی کے انسداد کیلئے بیرونی فنڈنگ کا راستہ روکنا نہایت ضروری ہے جسکے لیئے ارباب اختیارسے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے دیرینہ مطالبہ کے مطابق سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ مذہبی تنظیموں کی فنڈنگ کے آڈٹ بھی یقینی بنائیں جسکے آغاز کے لیے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ رضاکارانہ طور پر اپنے آپ کو پیش کرتی ہے ۔
اجلاس سے علامہ رائے مزمل حسین، علامہ کرامت عباس حیدری، چوہدری اکرم طاہر، چوہدری لعل خان، علامہ حسنین نقوی، چوہدری ایوب اوپل ، احسان ڈیال، علامہ ابوالحسن تقی، الحاج غلام مرتضیٰ چوہان، سید ذوالفقار حیدر نقوی، علامہ اسد عباس اطہر، اسرار قریشی، ماسٹر فیض، غلام عباس و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔