تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کا ”یومِ صادقِ آلِؑ محمدؐ اور ایامِ بابُ الحوائج منانے کا اعلان
یومِ صادقِ آلِؑ محمدؐ کی محافل، شہادتِ حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کی مجالس، ماتمی جلوسوں کے دوران سیکیورٹی یقینی بنائی جائے
امام جعفرِ صادقؑ کی نیاز شیعہ سنی کا مشترکہ ورثہ ہے جو خیر و برکات کا موجب اور مشکلات سے نجات کی ضمانت ہے۔ علامہ بشارت امامی
اسیرِ بغداد حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کی تمام زندگی ظلم و جبر کیخلاف عملی جدوجہد میں بسر ہوئی۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے
یومِ صادقِ آلِؑ محمدٌ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینیئر ڈاکٹر علی مہدی، ایامِ بابُ الحوائج کمیٹی کے کنوینیئر پروفیسر حسن نقوی، ڈپٹی کنوینیئر سردار طارق احمد جعفری اور جمیل قریشی سیکرٹری ہوں گے
راولپنڈی ( ) تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ 22 رجب المرجب کو ”یومِ صادقِ آلِ محمدؐ“ 23 تا 25 رجب شہادت حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کے سلسلے میں ”عالمگیر ایام بابُ الحوائج“ منانے کا اعلان کیا ہے۔ ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع ٹی این ایف جے سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام کا پہلا تبلیغی اجتماع دعوتِ ذوالعشیرہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جہاں نذر و نیاز کا اہتمام فرمانِ خداوندی اور سنتِ مصطفویؐ ہے وہیں اسلامی تعلیمات کی تبلیغ کا وسیلہ اور ذریعہ ہے امام جعفر صادقؑ کی نذر و نیاز شیعہ سنی برادران کا مشترکہ ورثہ ہے یہ نیاز جو پاک و ہند میں کونڈے کے نام سے مشہور ہے اسلامی تعلیمات کی آئینہ دار، گھروں میں خیر و برکات کا موجب اور مشکلات سے نجات کی ضمانت ہے، اسیرِ بغداد حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کی تمام زندگی ظلم و جبر کیخلاف عملی جدوجہد میں بسر ہوئی، حکومت یومِ صادقِؑ آلِؑ محمدؐ کے پروگراموں اور شہادتِ حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کے سلسلے میں ملک بھر میں ہونے والی عالمگیر ایامِ بابُ الحوائج کی مجالس اور ماتمی جلوسوں میں خصوصی انتظامات کرے، الیکٹرانک، پرنٹ میڈیا پروگراموں کو بھرپور کوریج دے، یومِ صادقِ آلِؑ محمدؐ، ایامِ بابُ الحوائج کے موقع پر پوری انسانیت، عالمِ اسلام اور اہلِ پاکستان کی سلامتی و تحفظ، عالم اسلام کے مصائب و آلام کے خاتمے، محاذوں پر عساکرِ پاکستان کی جلد کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ علامہ بشارت امامی نے کہا کہ رسولِؐ خدا نے امتِ مسلمہ کو مشکلات میں قرآن و اہلبیتؑ کا دامن تھامے رکھنے کی وصیت فرمائی تھی آج امتِ مسلمہ قرآن و اہلبیتؑ سے دوری کے سبب مسائل و مصائب کے گرداب میں پھنسی ہوئی ہے لہٰذا عالمِ اسلام کو قرآن و اہلبیتؑ سے ٹوٹا رشتہ دوبارہ جوڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ رسولِؐ خدا کو اللہ نے اسلام کا پہلا تبلیغی اجتماع نذر و نیاز کا اہتمام کر کے ہی منعقد کرنے کا حکم دیا اور اور اللہ کے محبوب محمدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے”و انذر عشیرتک الاقربین“ کے حکمِ ربانی کے تحت اپنے پیارے چچا حضرت ابو طالبؑ کے گھر دعوتِ ذوالعشیرۃ کا اہتمام کیا اور پہلی بار کھل کر اسلام کے پیغام کا ابلاغ کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہر دور کے چیلنجوں کا مقابلہ قرآنی تعلیمات کو حرزِ جاں بنا کر اور دامنِ محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کو تھام کر ہی کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے یومِ صادقِ آلِؑ محمدؐ اور ایامِ بابُ الحوائج کمیٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی قائم کی جس کے مطابق ڈاکٹر علی مہدی یومِ صادقِ آلِؑ محمدؐ کمیٹی کے کنوینیئر ڈاکٹر علی مہدی اور سیکرٹری پروفیسر غلام عباس حیدری جبکہ عالمگیر ایامِ بابُ الحوائج کمیٹی کے کنوینیئر پروفیسرحسن نقوی، ڈپٹی کنوینیئر سردار طارق احمد جعفری اور جمیل قریشی سیکرٹری ہوں گے۔
