ماتم ہے فضاؤں میں شہ کون ومکاں کا؛ شہر شہر شیر خداحضرت علی المرتضیؑ کی شہادت پر مجالس و جلوس

ولایت نیوز شیئر کریں

شہر شہر شیر ِخدا کا ماتم:شہادت علی ابن ابی طالب ؑ کی مجالس و جلوسوں میں عشق رسالت ؐ و اہلبیتؑ کے رقت انگیز مناظر؛ شیعہ سنی یکجان
قائدملت جعفریہ کے زیر قیادت ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں جلوس تابوت
جلوسو ں کے دوران اہلسنت کی سبیلیں رضا کار تنظیموں اور سیکیورٹی اداروں کے سخت حفاظتی انتظامات؛ خواتین کی مرکزی مجلس و تابوت جامعۃ المرتضی جی نائن فور میں منعقد ہوا

اسلام آباد/راولپنڈی کراچی لاہور پشاور کوئٹہ( ولایت نیوز مانیٹرنگ ڈیسک )ہفتہ 21رمضان المبارک کو امیر المومنین باب مدینۃ العلم فاتح خیبر شیر خدا حضرت علی المرتضی ؑکا یوم شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں مجالس عزا منعقد ہوئیں ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں تابوت ذوالجناح علم کے تبرکات بھی شامل تھے۔ اس مو قع پر عشق رسالتؐ و اہلبیت ؑ کے رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے جلوسوں کے دوران شیعہ سنی برادران یکجان نظر آئے اہلسنت برادران نے سبیلیں لگائیں نیاز تقسیم کی اور عزاداروں نے سینہ زنی زنجیرنی قمہ زنی نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے شہید مسجد کوفہ حضرت علی المرتضی کی شہادت کا پرسہ بارگاہ رسالتؐ میں پیش کیا۔

مرکزی ماتمی جلوس ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع علی ؑمسجدسے نکالا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جس کی قیادت سپریم شیعہ علماٗ بورڈ کے سرپرست اعلی ٰقائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کی۔ یہ وہی ماتمی جلوس ہے جو عمران خان کی حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کے رد عمل میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے نکالنے کا اعلان کیا تھا اور س کے بعد ملک بھر میں عزادار پابندیاں توڑتے ہوئے ماتم کرتے شاہراہوں پر نکل آئے تھے۔

مکتب تشیع کے ہیڈ کوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے جلوس عزا برآمد ہو کر نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، صدر سے ہوتا ہوا، کھارادر میں بڑا امامبارگاہ پر اختتام پزیر ہوا۔

لاہور میں چاندی کا بنا تاریخی تعزیہ کاجلوس عزا مبارک حویلی سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔

پشاور میں امام بارگاہ اخوند آباد سے برآمد ہوکر امام بارگاہ عالم شاہ جعفری تک جانے کے بعد جلوس واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا محلہ محمد داد علاقہ آسیہ میں بر مکان سردار علی گوہر مرحوم سابقہ ضلعی صدر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پشاور کے گھر پر مرکزی مجلس منعقد ہوئی،راولپنڈی میں امام بارگاہ مبارک بانوموہن پورہ سے جلوس برآمد ہو کر امام بارگاہ کرنل مقبول حسین میں اختتا م پذیر ہوا۔

کوئٹہ میں نچاری امام بارگاہ، امام بارگاہ ناصر العزا ِ، امام بارگاہ کلاں میکانکی روڈسے مرکزی جلوس برآمد ہوئے۔ اسلام آباد جی سیون ، جی سکس، بری امام سمیت ملتان ڈیرہ غازی خان گجرات کوہاٹ مردان لکی مروت ڈیرہ اسماعیل خان گوجرانوالہ سیالکوٹ سکھر خیرپوردادو،حیدر آباد میں عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں شیعہ سنی عزاداروں نے شرکت کرکے بے مثال مودت اہلبیت اوراتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

مختلف شہروں میں ٹی این ایف جے کیجانب سے عزاداروں کی سہولت کیلئے جا بجا عزاداری کیمپ لگائے گئے مختار فورس والنٹیئرز، ابراہیم سکاؤٹس ام البنین ڈبلیو ایف نے رضاکارانہ خدمات سر انجام دیں۔

خواتین کی مرکزی مجلس جامعۃ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں ام البنین ڈبلیو ایف سکینہ جنریشن و گرلز گائیڈ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس سے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور تابوت شہید کوفہ برآمد کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.