
بروقت احتجاج نے ملک و قوم کو بڑی آزمائش سے بچا لیا،تحفظ بنیاد اسلام بل کو ووٹ دینے والے اللہ رسول ؐاور قائد ؒو اقبالؒ کی روح سے معافی مانگیں، شجاعت بخاری
تحفظ بنیاد اسلام بل کیخلاف پنجاب اسمبلی کے اراکین کا ردعمل ’دیر آید درست آید‘ ہے،شجاعت علی بخاری
آغا حامد موسوی کی دوراندیشی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے بروقت احتجاج نے ملک و قوم کو بڑی آزمائش سے بچا لیا
جس انداز میں بل پہلی بار منظور کیا گیا وہ عوامی نمائندوں ممبران اسمبلی کی فعالیت اور جمہوری ایوان پر ایک سوالیہ نشان ہے؟
بل کو شیعہ سنی تنازعہ کا رنگ دینے والوں کو منہ کی کھانی پڑی، ایوان سے معافی مانگنے والے اللہ رسول ؐاور قائد ؒو اقبالؒ کی روح سے معافی مانگیں
جمہوریت کے نام نہاد علمبردار حقیقی جماعتوں اور نمائندوں سے بات کرنے سے کیوں کتراتے ہیں؟ طلباء کا جذبہ لائق تحسین ہے
تمام مکاتب سیسہ پلائی دیوار بن کر اسلام و پاکستان کی بنیادوں کی حفاظت کرتے رہیں گے، مختار سٹوڈنٹس کے مرکزی عہدیداران سے خطاب
اسلام آباد( ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے کہا ہے کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کیخلاف پنجاب اسمبلی کے اراکین کا ردعمل ’دیر آید درست آید‘ہے،بل کے خلاف قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی دوراندیشی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے بروقت احتجاج نے ملک و قوم کو بڑی آزمائش سے بچا لیا، ایوان سے معافی مانگنے والے اللہ رسول ؐ اور قائد اعظم ؒو اقبالؒ کی روح سے معافی مانگیں، شر انگیزبل کو شیعہ سنی تنازعہ کا رنگ دینے والوں کو منہ کی کھانی پڑی تمام مکاتب سیسہ پلائی دیوار بن کر اسلام و پاکستان کی بنیادوں کی حفاظت کرتے رہیں گے، ہفتہ ولایت اور یوم آزادی کی خوشیوں کو جوش و خرو ش سے منانے کیلئے طلباء کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گلستان زینب اسلام آباد میں مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شجاعت بخاری نے کہا کہ نام نہاد تحفظ اسلام بل پاکستان کے نظریہ اساسی پر کاری ضرب تھی جسے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے فوری مسترد کرکے قوم کی بھرپور ترجمانی کی اور 31جولائی کو پاکستان کے شہر شہر میں احتجاج کرکے عوامی رائے عامہ کو بیدار کردیا، بل کے مضمرات بھانپتے ہی تمام شعبہ ہائے زندگی مسالک مکاتب کی آوازیں بلند ہونے لگیں۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر اور کالعدم تنظیموں کے چند پروردہ اراکین نے دیگر ممبران اسمبلی کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ایک ضرر رساں بل کو قانون بنوانے کی کوشش کی اور جس انداز میں بل پہلی بار منظور کیا گیا وہ عوامی نمائندوں ممبران اسمبلی کی فعالیت اور جمہوری ایوان پر ایک سوالیہ نشان ہے؟ اگر ایوان سے دیگر بل بھی ایسے ہی منظور ہوتے ہیں تو ملک اور قوم کا اللہ ہی حافظ ہے۔
شجاعت بخاری نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے ملک گیر احتجاج کی کال سامنے آنے پر صوبائی اسمبلی کے سپیکر نے کالعدم جماعتوں اور جی حضوری کرنے والوں سے رابطہ کرکے گونگلوؤں سے مٹی جھاڑنے کی کوشش کی جوباعث صد افسوس ہے،یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ صوبوں اور ملک کے لیڈر ہونے کے دعویدار اور جمہوریت کے نام نہاد علمبردار حقیقی جماعتوں اور نمائندوں سے بات کرنے سے کیوں کتراتے ہیں؟۔
مختار سٹوڈ نٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر محمد علی بنگش نے شجاعت بخاری کو ہفتہ ولایت اور جشن آزادی کے موقع پر مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی ملک گیر تقریبات سے آگاہ کیا جسے تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے سراہا۔