قائد ملت جعفریہ آقائے موسوی کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے ہمیشہ ہراول دستے میں شامل رہیں گے ، عمائدین علاقہ بنگش

ولایت نیوز شیئر کریں

سید باسط علی شاہ مزید ایک سال کیلئے ریجنل صدر منتخب ہو گئے

کوہاٹ (ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ریجنل کونسل کوہاٹ کی کابینہ کا اجلاس شیرکوٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبائی صدر سردار ابوالحسن قزلباش و جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی جمیل نے خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور ذیلی شعبہ جات کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پچھلے سال کی کاروائی اور حاصل شدہ اہداف کا جائزہ لیا گیا۔مختار فورس اور مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی کارکردگی نہایت شاندار رہی۔ سال آئندہ کے لئے بھی سید باسط علی شاہ ایڈوکیٹ کی صدارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید باسط علی شاہ نے کہا کے وہ عمائدین علاقہ بنگش و دیگر شرکاء اجلاس کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مزید ایک سال تک صدارت کے لئے منتخب کیا۔ انہوں نے علاقہ بنگش کے مومنین کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کے علاقہ بنگش کے مومنین کے دل ہمیشہ سے ولایئت علی ؑ سے معمور رہے ہیں اور کاروان ولایئت علیؑ کے سالار سید حامد علی شاہ موسوی کی قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہوئے تحریک کے ہراول دستے میں شامل رہے ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کے جیسے شیعہ مطالبات کے لئے چلائی گئی تحریک میں علاقہ بنگش سے قربانیاں پیش کی گئیں، مستقبل میں بھی قائد کے ہر حکم پر لبیک کہیں گے۔ صوبائی صدر سردار ابوالحسن قزلباش نے اپنے خطاب میں کہا کے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ہی شیعان پاکستان کی واحد نمائندہ اور حقوق کی محافظ تنظیم ہے۔ موسوی ۔جونیجو معاہدہ شیعان پاکستان کے حقوق کے تحفظ کے لئے واحد دستاویز ہے۔تحریک نفاذ فقہ کی قیادت کے تقریباً چار عشرے گواہ ہیں کہ سید حامد علی شاہ موسوی نے آئینِ پاکستان کی حرمت قائم رکھتے ہوئے بغیر کسی بیرونی امداد کے شیعہ حقوق کی بے مثل حفاظت کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکتب جعفر صادق ؑ کے علاوہ بردران اہل سنت بھی آپ کی سیادت و قیادت کے معترف نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کا ہی نہیں پورے عالم اسلام و عالم انسانیت کا سرمایہ ہیں اور سرکار حجت علیہ السلام کے ظہور تک معصومین ؑ کا نایاب تحفہ ہیں۔علاقہ بنگش کے مومنین لائق صد تحسین و مبارک باد ہیں جنہوں نے ناصرف حق کو پہچانا بلکہ اس کی دامے درہمے قدمے سخنے مدد بھی کی۔آخر میں مشہور عالم دین سید موسیٰ رضا نے قرار داد پیش کی جس میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا گیا اور شیعہ حقوق کے حوالے سے مرکزی قیادت کے تمام مطالبات کے حصول کیلئے ہر قسم کی قربانی کا اعادہ کیا گیا۔ قرار داد کی منظوری کے بعد آپ نے دعا کی کہ مملکت پاکستان ہر قسم کے شرور سے محفوظ رہے نئی بننے والی حکومت پاکستان اور عوام کے لئے نیک شگون ثابت ہو اور فوج و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمنانِ دین و وطن کی بیخ کنی میں کامیاب ہوں۔

اجلاس سے مختار علی بنگش، ذوالفقار علی جمیل ، ساجد حسن کربلائی اور دیگر زعماء نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.