تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی عظیم کامیابی : صدر مملکت نے متنازعہ ضابطہ فوجداری ترمیمی بل دستخط کے بغیر واپس پارلیمنٹ بھیج دیا
اسلام آباد(ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی پیہم کوششیں رنگ لے آئیں صدر مملکت عارف علوی نے متنازعہ ضابطہ فوجداری ترمیمی بل دستخط کے بغیر واپس پارلیمنٹ بھیج دیا ہے۔
یاد رہے کہ ہیڈکوارٹر مکتب تشیع نے اس بل کی بھر پور مخالفت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا، اس ضمن ٹی این ایف جے نے اعلیٰ سطح پر مکتوب صدر مملکت کو ارسال کیا اور مکتب تشیع کی تشویش سے آگاہ کیا تھا کہ مدت پوری کرنے والی پارلیمنٹ نے عجلت اور بغیر بحث و تمحیص کے بل منظور کیا ہے جس کی منظوری سے پوری دنیا میں پاکستانی جمہوریت کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور اس بل کے خلاف خود پارلیمان سے آوازیں اٹھیں تھیں جنہیں بلڈوز کرتے ہوئے بل پاس کیا گیا۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا موقف تھا کہ متنازعہ فوجداری ترمیمی بل قرآن و سنت اور آئین پاکستان کے منافی ہے جس کے قانون بن جانے کے بعد فساد کو بڑھاوا ملے گا۔
بل کو ناکام بنانے کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی تحقیقی ، لیگل ، عوامی رابطہ کمیٹی سمیت مختلف کمیٹیاں شب روز جدوجہد میں مصروف تھیں ۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل نے صدر مملکت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اس عظیم الشان کامیابی پر تحریک کے کارکنوں، پاکستان کے تمام امن پسند شہریوں ، انسانی حقوق کی تنظیموں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
علامہ امامی نے کہا کہ نئی پارلیمنٹ میں بھی اس بل کو پاس ہونے سے روکنے کیلئے پوری قوم کو اپنی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔
