یوم مختار آل محمد ؐ : سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے استعماری بیڑے سمندر برد کرنے کا طریقہ بتلا دیا

ولایت نیوز شیئر کریں

مسلم امہ جرأتِ مختارِ آلِؑ محمدؐ کو شعار بنا کر یزیدانِ عصر کا غرور خاک میں ملا سکتی ہے
پاور شفٹ کے نظریے فقط مفروضے ہیں دنیا میں دہشتگردی کا نظام اور بدمعاشوں کا راج ہے۔ علامہ آغا حسین مقدسی
غضب للحق کی کامیابی یقینی ہے، مصلحتوں کو خیر باد کہنا ہو گا
شہادتِ حضرت مختار ابنِ ابو عبیدہ ثقفیؓ کی مناسبت سے یومِ مختارِ آلِؑ محمدؐ کی مرکزی مجلسِ عزاء سے سربراہ ٹی این ایف جے کا خطاب

راولپنڈی (ولایت نیوز ) سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ امتِ مسلمہ عصبیت کی قبا اتار کر مظلوم کی حمایت میں کھڑی ہو تو جیرالڈ فورڈو ابراہم لنکن استعماری بحری بیڑے سمندر برد ہو جائیں گے۔

سپریم لیڈر آیۃ اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایرانی قوم کے اتحاد اور آہنی عزم نے استعماری رجیم چینج کی خواہش کو دفن کر دیا، مسلم امہ جرأتِ مختارِ آلِؑ محمدؐ کو شعار بنا کر یزیدانِ عصر کا غرور خاک میں ملا سکتی ہے۔ قاتلانِ امام حسینؑ سے بدلہ و لشکرِ یزید کو واصلِ جہنم کرنے والے عظیم بطلِ شجاعت حضرت مختارؒ ابنِ ابو عبیدہ ثقفیؒ کے یومِ شہادت پر ملک گیر یومِ مختارِ آلِؑ محمدؐ کی مناسبت سے مختار فورس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع علیؑ مسجد میں مرکزی مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا کہ پیروانِ والیِ طوس نے صیہونی جارحیت کےخلاف اپنی مثالی استقامت سے مسلم امہ کو متحد اور پٹھو حکمرانوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا امریکا، اسرائیل اور انڈیا کے گٹھ جوڑ سے مہذب دنیا دورِ جاہلیت میں بدل گئی ہے، نہ قانون ہے نہ ضابطہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا سکہ رائج ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ قبلۂ اول اور فلسطین کی حمایت کی پاداش میں ایران پر دجالی قوتوں کی یلغار ہے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ مسلم ممالک استعماری اژدہے کااس وقت تک نشانہ بنتے رہیں گے جب تک عرب و عجم اور عصبیت کی تفریق کا شکار رہیں گے۔ سربراہ ٹی این ایف جے نے کہا کہ دنیا میں پاور شفٹ کے نظریے فقط مفروضے ہیں دنیا میں دہشتگردی کا نظام اور بدمعاشوں کا راج ہے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ استعمار جارحیت و دھونس سے دنیا میں پھر سے نو آبادیاتی نظام لانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریتِ فکر، حقوقِ بشر اور آزادیِ اظہارِ رائے کے عہد میں استعماری قوتیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ جارحیت ودہشت گردی کے منڈلاتے خطرات میں حکومت دفاعِ پاکستان کو ہر شے پر مقدم رکھے، غضب للحق کی کامیابی یقینی ہے جسے دوام دینے کے لیے مصلحتوں کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہنا ہو گا، مشرقی و مغربی سرحدوں پر چوکنا رہا جائے، ازلی دشمن بنیان مرصوص کے کاری وار بھولا نہیں۔ سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ مقدسی نے کہا کہ دفاعِ وطن کے لیے عسکری استعداد پاک وطن کی محافظ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.