تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے سینیٹ سے پاس ہونے والا متنازعہ فوجداری ترمیمی بل مسترد کردیا ؛ سنٹرل کمانڈ کا اجلاس طلب
اسلام آباد (ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے سینیٹ سے فوجداری ترمیمی بل کی منظوری کو مسترد کردیا ہے ۔ تحریک کے ترجمان کے مطابق تحریک کی سنٹرل کمانڈ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ۔
یاد رہے سینیٹ نے نبی آخر الزمان رسول اللہﷺکے خاندان، ازواج مطہراتؓ، صحابہ کرامؓ اور چاروں خلفائے راشدین سمیت مقدس شخصیات کے خلاف توہین آمیز کلمات استعمال کرنے پر سزائیں بڑھانے کا بل منظور کیا تھا۔ اس سے قبل فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2023 کے عنوان سے یہ بل قومی اسمبلی نے جنوری میں صرف 15 قانون سازوں کی موجودگی میں منظور کیا گیا تھا جسے نہ صرف اہل تشیع بلکہ قانون دانوں، انسانی حقوق کے اداروں سمیت ملک کی بیشتر آبادی نے مسترد کردیا تھا ۔ لیکن کالعدم جماعتوں سے ایک خفیہ ڈیل کے تحت یہ بل بغیر بحث کروائے سینیٹ سے بھی منظور کروا لیا جس سے پورے ملک میں تشویش پیدا ہونا لازمی امر ہے۔