
شیعہ سنی برادران احتجاج کرتے شاہراہ دستور پہنچ گئے ؛ امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کیخلاف ملک بھر میں تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے پُر امن مظاہرے
امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کے خلاف ملک بھر میں تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے پُر امن مظاہرے
اسلام آباد شاہراہِ دستور پر ٹی این ایف جے کا احتجاجی مظاہرہ، امام مہدیؑ کی توہین اسلام کی توہین ہے، علامہ بشارت امامی
حکومت شاتمانہ حرکتوں کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرے، وطنِ عزیز کو انتشار سے بچانے کیلئے موسوی امن فارمولا پر عمل کرنا ہو گا
شاتمِ امام مہدیؑ کو عبرتناک سزا دی جائے، وطنِ عزیز پاکستان کے امن کو برباد کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے
امام مہدیؑ کی توہین کے خلاف شیعہ سُنی دونوں سراپا احتجاج ہیں فتنہ گروں اور دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں آہنی شکنجے میں جکڑا جائے
خارجی دہشت گرد گروہ دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور وطنِ عزیز میں فتنہ و فساد کی آگ بھڑکا کر دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتے ہیں
پاک فوج ردالفساد آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائے، پاکستان میں کوئی شیعہ سُنی لڑائی نہیں سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے کا مظاہرین سے خطاب
نیشنل ایکشن پلان کی ہر شِق پر عمل ہوتا تو کسی کو بھی امامِؑ زمانہ کی شان میں گستاخی کی جرأت نہ ہوتی، گستاخِ امامِ زمانہؑ کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے
مشاہیرِ اسلام کی توہین کے خلاف شیعہ سُنی ہم آواز ہو گئے، اسلام آباد راولپنڈی سمیت شہر شہر احتجاج، نمازِ جمعہ میں احتجاجی قراردادوں کی منظوری
اسلام آباد( ولایت نیوز) بارہویں جانشینِ رسولؐ، حجتِ دوراں، امامِ زمانہ حضرت امام مہدیؑ کی شان میں گستاخی کے خلاف تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کی کال پر یومِ احتجاج منایا گیا اس موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں میں پُر امن احتجاجی مظاہرے کئے گئے ریلیاں نکالی گئیں، نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں مشاہیرِ اسلام کی توہین کے خلاف قراردادیں پاس کی گئیں۔
تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹیل اسلام آباد کے زیرِ اہتمام نیشنل پریس کلب سے امامِ زمانہ حضرت امام مہدیؑ، حضرت ابو طالبؑ اور اہلبیتؑ کی شان میں گستاخی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ کی قیادت ٹی این ایف جے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت امامی، نائب صدر باواسیدفرزندعلی شاہ کاظمی، مرزاغلام قبنر، ذوالفقارعلی راجہ، علامہ سیدفصاحت حسین گردیزی، سیدنزاکت حسین شاہ، سیدثمرنقوی، جمیل قریشی، ارشادعلی نقوی اور دیگررہنماکررہے تھے۔
شاہراہِ دستور پر مظاہرین سے ٹی این ایف جے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت امامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام مہدیؑ کی توہین اسلام کی توہین ہے، حکومت شاتمانہ حرکتوں کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرے، وطنِ عزیز کو انتشار سے بچانے کیلئے موسوی امن فارمولا پر عمل کرنا ہو گا، شاتمِ امام مہدیؑ کو عبرتناک سزا دی جائے، پاکستان کے امن کو برباد کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے، پاک فوج ردالفساد آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائے، پاکستان میں کوئی شیعہ سُنی لڑائی نہیں، امام مہدیؑ کی توہین کے خلاف شیعہ سُنی دونوں سراپا احتجاج ہیں، فتنہ گروں اور دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں آہنی شکنجے میں جکڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام مہدیؑ کی شان میں گستاخی کھلی دہشت گردی ہے، حکومت شاتمِ امامِ زمانہؑ کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت کے عبرت ناک سزا دے اور اس گستاخی کے پسِ پردہ قوتوں کو بے نقاب کِیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمہ مکاتب کی مشترکہ قربانیوں اور متفقہ جد و جہد کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آنے والے وطن کے دفاع، سلامتی و استحکام کیلئے تحریکِ پاکستان کے جذبے کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے اور عقیدہ و وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی قوتیں جنم لے چکی ہیں جن کی زندگی فتنہ و فساد سے وابستہ ہے ایسی قوتوں کو ناکام کرنا حکومت ہی نہیں ہر محبِ وطن اور تمام جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز نازک صورتحال سے گزر رہا ہے کسی فتنہ و فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا، امن و محبت کی فضا کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں پر عوام نظر رکھیں اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کو وحدت و اخوت کے جذبے سے ناکام بنا دیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی جس میں حکومت سے پُر زور مطالبہ کِیا گیا کہ وہ حضرت امام مہدیؑ، اہلبیتِ اطہارؑ اود پاکیزہ صحابہ کبارؓ کی توہین کرنے والے گستاخ احسن باکسر کو کیفرِ کردار تک پہنچائے، حضرت امام مہدیؑ کی شان میں گستاخی کُھلی دہشت گردی ہے، پاکیزہ ہستیوں کی بیحرمتی کرنیوالے بدبخت دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں، شاتمِ امام زمانہؑ کو دہشتگردی ایکٹ کے تحت کے عبرت ناک سزا دی جائے اور اس گستاخی کے پس پردہ قوتوں کو بے نقاب کِیا جائے۔ ایک اور قرارداد میں یہ کہا گیا کہ پاکستان کی فوج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں، قوم کے شہیدوں کا خون رائیگاں ہونے سے بچایا جائے۔

مظاہرین نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے رہنما اصولوں پر قائم رہتے ہوئے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کے ہر لائحہ عمل پر لبیک کہنے اور انکے حکم پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، نظریہ و وطن کے بارے میں ہم نے نہ کوئی سودا بازی کی نہ آئندہ کریں گے اور نہ ہی کسی مائی کے لال کو سودا بازی کرنے دیں گے، درایں اثنا ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع میں موصولہ اطلاعات کے مطابق تمام چھوٹے بڑے شہروں میں توہینِ امامِؑ زمانہ و اہلبیتؑ کے خلاف آوازِ احتجاج بلند کی گئی۔ امام بارگاہ قصرِ امامؑ المنتظر ہائی وے اسلام آباد میں جمعہ کے بعد علامہ سید کاظم رضا کاظمی، اصغر حیدری اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی،
راولپنڈی میں قصرِ ابوطالبؑ مغل آباد سے احتجاجی جلوس نکالا گیا جس کی قیادت چوہدری مشتاق حسین، ایم ایچ جعفری نے کی، امام بارگاہ زین العابدینؑ سیٹیلائٹ ٹاؤن میں بھی احتجاجی پروگراموں کا انعقاد کِیا گیا،
کراچی میں مختار سیکرٹریٹ شاہ فیصل کالونی، کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن، لاہور میں عزاء خانہ زہراؑ کرشن نگر، گجرات میں علی چک، ہزارہ ٹاؤن، محلہ رسی وٹاں پشاور، شیر کوٹ سمیت کوہاٹ کے تمام دیہات و مرکزی امام بارگاہ حبیب شاہ، دربار بے وطن سرکارؒ کاکول ایبٹ آباد، باغ آزاد کشمیر میں امام بارگاہ حیدری، فیصل آباد میں درسِ آلِ محمدؐ سمیت مختلف مقامات پر توہینِ امامِؑ زمانہ و اہلبیتؑ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں دنیا بھر میں ہونے والے توہینِ رسالتؐ کے واقعات کیخلاف او آئی سی سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کِیا گیا اور پاکستان میں توہین کے مجرموں کو آہنی شکنجے میں جکڑنے اور نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کِیا گیا۔