
بلاول بھٹو زرداری مرکز تشیع علی مسجد پہنچ گئے ؛ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیوں کیا؟
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی علی مسجد راولپنڈی آمد، علامہ حسین مقدسی سے ملاقات
ٹی این ایف جے نے مطالبات پیش کیے ، بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عملدرآمد کی یقین دہانی
۸ فروری کے عام انتخابات کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نےپاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
راولپنڈی (ولایت نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سوموار کو ہیڈکوارٹر مکتب تشیع علی مسجدراولپنڈی میں سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی سے خصوصی ملاقات کی اور عام انتخابات میں تعاون کیلئے درخواست کی۔
سیکرٹری جنرل پی پی پی سیدنیئر حسین بخاری ایڈووکیٹ اور کوآرڈینیٹر سید علی مہدی بھی انکے ہمراہ تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو بھی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسو ی سےمربوط تھیں اورآج میں اسی رابطے کو بحال کرنے کیلئے علی مسجد آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی این ایف جے آغا حامد علی شاہ موسوی کی پالیسی پر عمل پیرا ہےجس نےہمیشہ اتحاد و یکجہتی کے فروغ ، عصبیتوں ، نفرتوں کے خاتمے اور آمریت کے خلاف جدو جہد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی این ایف جےاور پیپلز پارٹی کےبیانیے میں مماثلت ہے اور ہم انتخابات کے بعد بھی قومی مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت اور تعاون جاری رکھیں گے ۔
اس موقع پر سربراہ ٹی این ایف جے آغا سید حسین مقدسی نے واضح کیا کہ ہم قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد موسوی کے اصولوں پر چلتے ہوئے فرقہ وارانہ، لسانی اور گروہی بنیاد پر امیدوار کھڑے کرنے کوملک و قوم کیلئے زہر قاتل سمجھتے ہیں تاہم عام انتخابات میں درجہ اول کے شہری کی حیثیت سے اپنا حق رائے دہی بھرپور طریقے سے استعمال کریں گے۔
انہوں نےبلاول بھٹو زرداری کو متنازعہ قانون سازی کی روک تھام ، گذشتہ دور حکومت میں پاس کئے گئے متنازعہ نصاب ، مذہبی آزادیوں میں رکاوٹون کی دوری سمیت ٹی این ایف جے کے مطالبات پر مشتمل ندائے ملت چارٹر پیش کیا جس پرانہوں نےعملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونیوالی ملاقات میں سربراہ ٹی این ایف جے آغا حسین مقدسی کےہمراہ ٹی این ایف جے کے چیئرمین پولیٹیکل سیل ذوالفقار علی راجہ، سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی،نائب صدر باوا سید فرزند علی شاہ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی اور مرکزی سیکرٹری تعلقات عامہ سید حسن کاظمی، عمار یاسر علوی بھی شامل تھے۔
ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے سربراہان نے میڈیا سے گفتگو کی جس میں ۸ فروری کے آمدہ عام انتخابات میں ٹی این ایف جے کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کے فیصلے کا اعلان کیا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں تقسیم کی بجائے جوڑنے کی سیاست ہونی چاہئیے۔ شامل تھے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نا صرف ہم پاکستان میں ایک جمہوری تسلسل دیکھیں بلکہ جس نفرت اور تقسیم کی وجہ سے پورے ملک کو نقصان ہورہا ہے بھائی بھائی سے لڑرہا ہے اس کو ختم ہونا چاہیے۔
یادرہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو بھی شہید مرتضی بھٹو کے قتل کے بعد اپنی زندگی کی شدید بحرانی کیفیت میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی سے دعائیں لینے علی مسجد تشریف لائی تھیں اور مادر ملت جعفریہ کے ذریعے آقای موسوی سے رہنمائی اور دعائیں حاصل کی تھیں ۔




