شیطانی طاقتیں بنی نوع انسان کی بربادی کا سامان کررہی ہیں انسانیت رحمت للعالمینؐ کا دامن تھام لے،امام جعفر صادقؑ کے احسانات کے نقش تاریخ پر آج بھی ثبت ہیں، آغا حامد موسوی
بھارت پوری قوت سے بلوچستان پر حملہ آور ہے سی پیک منصوبے کو عالمی سازشوں سے بچایا جائے،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
مسلم ممالک دوسرے برادر ممالک میں مداخلت کا سلسلہ بند کریں مسلمانوں کے تنازعات سے اسلام دشمن قوتیں فائد ہ اٹھا رہی ہیں
مسلمانوں کے فیصلے کب تک صیہونی و استعماری قوتیں کرتی رہیں گی؟ پاکستان ایران ترکی افغانستان چین اور روس معاشی و دفاعی بلاک تشکیل دیں
شیطانی طاقتیں بنی نوع انسان کی بربادی کا سامان کررہی ہیں انسانیت رحمت للعالمینؐ کا دامن تھام لے، عالم اسلام وحدت و اخوت کا پیمان کرے
امام جعفر صادقؑ کے احسانات کے نقش تاریخ پر آج بھی ثبت ہیں، مدنی ریاست کی بنیادوں کی تعمیرکیلئے یونیورسٹیز میں امام جعفر صادق ؑ چیئرز قائم کی جائیں
مسلم فرمانروا کشمیر و فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، محفل سے خطاب؛ پاکستان بھر میں 17ربیع الاول کو محافل صادقین کو انعقاد
اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ بھارت پوری قوت سے بلوچستان پر حملہ آور ہے سی پیک منصوبے کو عالمی سازشوں سے بچایا جائے،مسلم ممالک دوسرے برادر ممالک میں مداخلت کا سلسلہ بند کریں مسلمانوں کے تنازعات سے اسلام دشمن قوتیں فائد ہ اٹھا رہی ہیں، اوآئی سی کو مضبوط بنایا جائے مسلمانوں کے فیصلے کب تک صیہونی و استعماری قوتیں کرتی رہیں گی؟ امریکی استعمار کے مقابلہ کیلئے پاکستان ایران ترکی افغانستان چین اور روس معاشی و دفاعی بلاک تشکیل دیں۔
انہوں نے کہا کہ شیطانی طاقتیں فتنہ و فساد کو فروغ دیکربنی نوع انسان کی بربادی کا سامان کررہی ہیں انسانیت رحمت للعالمینؐ کا دامن تھام لے، حکومت جو عدہ کرے پورا کرے، کشمیر کے مسئلہ کے حل تک بھارت کے ساتھ تعلقات کا خواب خام خیالی ہے کھیل کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی مظلومیت کو پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا،نبی کریم ؐ کی آمد کے ایام میں عالم اسلام وحدت و اخوت کا پیمان کرے، فرزند رسول امام جعفر صادق علیہ السلام کے دینی علمی و سائنسی احسانات کے نقش تاریخ پر آج بھی ثبت ہیں،مدنی ریاست کی بنیادوں کی تعمیرکیلئے یونیورسٹیز میں امام جعفر صادق ؑ چیئرز قائم کی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلاد النبی ؐ اور ولادت پرنور امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے محفل صادقین ؑ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اللہ کی جانب سے بھیجے جانے والے انبیاء و مرسلین کی چارہ گری کے باوجود جب سسکتی ہوئی انسانیت کے دکھوں اور مرض میں کمی نہ آئی تو خدا وند عالم نے انسانیت کی مسیحائی کیلئے اپنی اولین تخلیق حضرت محمد مصطفی ؐ کو لباس بشر میں دنیا میں بھیجا تاکہ اللہ کی ہدایت کی تکمیل ہو جائے آدمؑ و، نوحؑ ، ابراہیم علیہ السلام ، اسمعیل ؑ، یوسف ؑ ،موسیٰ ؑ وداؤدؑوعیسی علیہ السلام غرضیکہ ہر نبی کی صفات کا مجموعہ بناکر خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دنیا میں بھیجا گیا۔امت مسلمہ اللہ کی نعمت عظمی محمد مصطفی ؐ سے دوری کے نتیجے میں در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام کے ہزاروں شاگردوں کی خدمات پر مشرق و مغرب نازاں ہیں جابر بن حیان، امام ابو حنیفہ امام مالک، طوسی سے خوارزمی تک سبھی امام جعفر صادق علیہ السلام کے علمی احسانات کے مقروض نظر آتے ہیں، امام ابو حنیفہ امام جعفرصادق علیہ السلام کو سب سے بڑا عالم قرار دیتے ہیں ایک مقام پر فرماتے ہیں اگر جعفرابن محمد نہ ہوتے تو لوگوں کو مناسک حج سے واقفیت نہ ہوتی۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دنیا یہ جان لے کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا پاک بھارت تعلقات معمول پر نہیں آسکتے کوئی دن ایسا نہیں کہ جب بے گناہ کشمیریوں کے خون سے زمین کو رنگین نہ کیا جا تا ہو، مسلم فرمانروا کشمیر و فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی وحدت و اخوت کمیٹی کے ہینڈ آؤٹ کے مطابق پاکستان کے تمام شہروں میں 17ربیع الاول کو جشن صادقین کی محافل کا انعقاد کیا گیا جن میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کیلئے راہ حسینیت پر پر چلتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔