داعشی دہشتگردوں کو جمع کرکے پاکستان پر نئی جارحیت مسلط کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، آغا حامد موسوی 

ولایت نیوز شیئر کریں

جب تک حسینی تحریک باقی ہے کوئی قوت بدر سے لیکر حجۃ لوداع و غدیرتک اسلام کے پیغام میں تحریف کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی
غزوہ بدر کی فتح اسلحے کی فراوانی اور فوجوں کی کثرت پر گھمنڈ کرنے والی قوتوں کیلئے عبرت کا نشان ہے ، یوم فرقان کے موقع پر محفل سے قائد ملت جعفریہ آقائے موسوی کا خطاب

اسلام آباد (ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ عراق و شام سے بھاگے ہوئے داعشی دہشتگردوں کو بھارتی تائید کیساتھ افغانستان میں جمع کرکے پاکستان پر نئی جارحیت مسلط کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، پاک فوج کے ہاتھوں امریکہ بہادر کی قائم کردہ دہشت گرد نرسریوں کی تباہی سے استعماری قوتیں شدید بے چینی کا شکار ہیں افواج پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ کا مرکز واشنگٹن تل ابیب اورنئی دہلی ہیں، فاٹا کا انضمام پاکستان کے استحکام کی کلید ثابت ہوگا،دنیا جان لے پاکستان شام ،لیبیا یا یمن نہیں دہشت گردوں نے پہلے بھی منہ کی کھائی آئندہ بھی کھائیں گے، مشرقی دریاؤں پر بیسیوں بھارتی ڈیموں کی تعمیر پاکستان کے خلاف کھلا اعلان جنگ ہے عالمی برادری سندھ طاس معاہدے کی خلافورزی کا نوٹس لے،غزوہ بدر کی فتح اسلحے کی فراوانی اور فوجوں کی کثرت پر گھمنڈ کرنے والی قوتوں کیلئے عبرت کا نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم فتح بدر کے موقع پر ’’محفل فرقان ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل مذاکرات کے ساتھ حل کرنے کو ترجیح دی جبکہ بھارت نے ہمیشہ روایتی ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے مختلف بہانوں کے ذریعے مذاکرات سے فرار اختیار کی اور پاکستان کی پر امن پالیسی اور شرافت کو کمزوری گردانا کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اندر کھلی مداخلت سے کبھی باز نہ آیا اور ہمیشہ اس کوشش میں رہا کہ پاکستان کی وحدت کو تار تار کردے۔انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی واچ لسٹ میں پاکستان کو شامل کروانا انہی کوششوں کا تسلسل ہے لہذا پاکستا ن عالمی برادری میں دو ٹوک موقف اختیار کرے کہ پاکستان چار عشروں سے دہشتگردی کا شکار ہے ،پون لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کرچکا ہے اور ضرب عضب اور رد الفساد جیسے بیسیوں آپریشنز کے ذریعے دہشتگردوں کی کمر توڑ چکا ہے۔

آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا کہ بھارت نے کشن کنگا ڈیم کا افتتاح کرکے سندھ طاس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔دکھ یہ ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے بھارت کی آبی جارحیت کا سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیا جو پاکستان کو بنجر بنانے کی سازش ہے۔پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کو فعال بنائے اور دنیا کے سفیروں کو بھارت کی آبی دہشتگردی سے آگاہ کرے تاکہ سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کو اپنے حصے کا پورا پانی مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر نے ثابت کردیا کہ راہ خدا پر ثابت قدمی اور ایمان کی مضبوطی دکھائی جائے تو فرشتوں کی قطاریں اہل ایمان کا ساتھ دینے کیلئے زمین پر آسکتی ہیں۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بنو ہاشم کے دلیروں حضرت علی ابن ابی طالب ؑ اور حضرت حمزہ کے ہاتھوں کفار کے سرداروں کا بدر کی جنگ کے آغاز میں ہی واصل جہنم ہو جانے کا قلق ہمیشہ منافقین کے سینوں میں باقی رہا اسی لئے یزید نے نواسہ رسول امام حسینؑ کو شہید کرنے اور اولاد نبی کو قیدی بنانے کے بعد فخریہ یہ کہا تھا کہ میں نے بدر کے مقتولین کا بدلہ لے لیا لیکن اسیران کربلا نے اپنی استقامت کے ساتھ یہ ثابت کردیا کہ جب تک حسینی تحریک باقی ہے کوئی قوت بدر سے لیکر حجۃ لوداع و غدیرتک اسلام کے پیغام میں تحریف کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.