جنت البقیع کا درد سن کر روسی خاتون کا دل فگار ہو گیا ؛ ملتان میں یوم انہدام جنت البقیع پرروحانیت اورغم میں ڈوبا منفرد ماتمی احتجاج

ولایت نیوز شیئر کریں

ملتان (ولایت نیوز) عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے ملتان میں زبردست مامتی احتجاج کیا گیا۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ماتمی احتجاجی ریلی ملتان پریس کلب سے شروع ہوئی جس میں ملتان بھر سے محبان محمد ؐ و آل محمد ؐ نے شدید گرمی کے باوجود کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء جنت البقیع کی تعمیر کے نعرے لگاتے ہوئے نواں شہر چوک پہنچے جہاں اسلام کے مقدس مقامات کی تاراجی پر زبردست صدائے احتجاج بلند کی گئی ریلی بعد اززاں واپس پریس کلب میں پہنچی جہاں خطابات کا سلسلہ شروع ہوا۔

ہر آنکھ جنت البقیع کے غم میں اشکبار

تلاوت کی سعادت ٹی این ایف جے ملتان کے نائب صدر جناب شیخ نصیر نے حاصل کی ۔ اس کے بعد لئیق رضا، راقب حسین راقب ، سید سجاد نقوی ، عمار مہدی نے بارگاہ خانوادہ رسالتؐ میں منقبت و سلام کا ہدیہ پیش کیا۔

مقررین میں سب سے پہلے ٹی این ایف جے ملتان ریجن کے آفس سیکرٹری رضا عباس نے خطاب کیا۔ ان کے بعدمولنا مجاہد نقوی نے جناب سیدہ کے فضائل پر روشنی ڈالی۔

معروف شاعر جناب حشمت رضا بہلول نے جناب سیدہ کونینؑ کی شان میں ایک نظم پڑھی جس پہ بہت داد سمیٹی اس دوران انہوں نے مقامات مقدسہ کے انہدام کے شرمناک اقدام کی پرزور مذمت کی جب انہوں نے سیدہ کے مصائب پر سلام پڑحا تو بہت گریہ ہوا۔

پریس کلب کے سامنے ماتمی سنگتوں کی قطاریں

اسلام آباد سے تشریف لائے علامہ زاہد عباس کاظمی نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پیغام پڑھ کر سنایا اور ماتمی احتجاج میں شرکت کرنے والے ماتمی عزاداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ علامہ زاہد کاظمی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہر سال اس احتجاج میں زنجیر زنی کر کے خون کا پرسہ بھی پیش کرتے ہیں ۔

خطیب اہلبیت ؑ علامہ سید باقر علی نقوی نے مزارات کی اہمیت ، جناب سیدہ ؑکے مقام مرتبہ پر روشنی ڈالی اصحاب رسولؐ ازواج رسولؐ کے مقام و مرتبے اور شعائر اللہ کی عظمت کاذکر کیا، اورعالم اسلام کے مقامات کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری کی زبانی قائد ملت جعفریہ اغا حامد موسوی کا پیغام جنت البقیع سن کر روس سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون مسلمانوں کے نبؐی کی بیٹی کے مصائب پر اتنی متاثر ہوئیں کہ کہ انہوں نے اعلان کر دیا کہ جب بھی جنت البقیع کی تعمیر ہوئی وہ خود مدینہ جاکر اپنا سب کچھ تعمیر قبر زہراؑ پر خرچ کردیں گی تو مظاہرین میں عجب جوش کی لہر پیدا ہو گئی ۔آخر میں علامہ باقر نقوی نے جنت البقیع کی اجڑی قبروں کا نقشہ اس انداز سے کھینچا کے عاشقان اہلبیت میں کہرام برپا ہوگیا

گریہ و فغان کی دلدوز صداؤں میں ماتمداری کا آغاز ہوگیا اس موقع پر سو سے زائد عزاداروں نے زنجیر کا ماتم کرکے جنت البقیع کی مظلومیت کا ماتم کیا ۔

دوران جلوس اہداف قدسیہ کی منظم جدوجہد میں شامل ہونے کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی رکنت سازی کا سلسلہ بھی جاری رہا

پریس کلب سے نواں شہر چوک تک ملتان شہر کی تمام ماتمی تنظیموں نے حلقہ ماتم بنا کر سینہ زنی و نوحۃ خوانی کی ۔

شرکائے جلوس ماتمی احتجاج کے منتظمین سید قمر حسنین نقوی ، سید محتشم نقوی سمیت ٹی این ایف جے کو بہترین پروگرام منظم کرنے پر خراج تحسین پیش ہی پیش نہیں کیا بلکہ اکثر ماتمی عزاداروں نے آئندہ پروگراموں کیلئے ہر طرح خدمات کی پیش کش کرتے نظر آئے۔

ماتمی احتجاج کے دوران روحانیت اور سوگ کی فضا نے عاشقان اہلبیت ؑ کے چہروں کو آنسوؤں سے مسلسل معطر رکھا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ملتان کے سارے اولیاء اپنی جدہ اور آقا زادی کی مظلومیت پر شریک ماتم و عزا ہوں ۔۔۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.