تازہ ترین خبریںعالمی خبریں

آیت اللہ وحید خراسانیؒ حرم امام رضاؑ مشہد مقدس میں سپرد خاک؛ تشییع جنازہ میں لاکھوں سوگواران کی شرکت

ولایت نیوز شیئر کریں

تشییع جنازہ میں علماء کرام، مراجع عظام کے نمائندوں، حوزہ علمیہ خراسان کے اساتذہ و طلاب سمیت لاکھوں افراد کی شرکت

مشہد مقدس ( ولایت نیوز ) ایران میں عزائے فاطمیہؑ کے مبلغ و موسس مدافع شعائر حسینیہ آیت اللہ العظمی حسین وحید خراسانی کو لاکھوں سوگواروں کی آہوں سسکیوں میں مشہد مقدس میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

نمازِ جنازہ حرم امام رضا علیہ السلام کے صحنِ پیامبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ادا کی گئی۔

آیۃ اللہ وحید خراسانی کا تابوت ’’فاطمۃ بضعۃ منی‘‘ کے عزائی بینر میں لپٹا ہوا تھا۔

حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (علیہ الرحمہ) کی تشییع کا آغاز آج جمعرات کی صبح 9 بجے مشہد مقدس کے مدرسۂ آیت اللہ خوئی سے ہوا، جہاں سے آپ کا جنازہ حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کی جانب روانہ کیا گیا۔

تشییع کا جلوس باب الجواد سے حرم مطہر رضوی میں داخل ہوا، جس کے بعد بست شیرازی، صحن انقلاب، صحن کوثر اور صحن پیامبر اعظمؐ سے گزرتا ہوا آگے بڑھتا چلا گیا۔ بعد ازاں آپ کے جسدِ خاکی کو تدفین کے لیے رواق دارالسعادہ منتقل کیا گیا۔

تشییع و تدفین کے انتظامات کے پیش نظر خیابان شیرازی اور خیابان شہید اندرزگو سے حرم مطہر کی جانب آنے والی سڑکوں پر نجی گاڑیوں کی آمد و رفت محدود کر دی گئی تھی۔

حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (علیہ الرحمہ) کو رواق دارالسعادہ میں امام رضا علیہ السلام کے ضریح مبارک کے نچلے حصے، مخصوص مقام پر سپردِ خاک کیا گیا ۔ آپ کی وصیت اور اہل خانہ کی درخواست پر تدفین کے لیے اس مقام کا انتخاب کیا گیا۔

آیت اللہ اشرفی شاہرودی، آیت اللہ علم الہدیٰ، آیت اللہ مہدی مروارید، حجۃ الاسلام والمسلمین فرزانہ، حجۃ الاسلام والمسلمین خیاط، حجۃ الاسلام والمسلمین زمانی فرد اور دیگر علما و اساتذہ حوزہ علمیہ اس جلوس تشییع میں شریک رہے۔

تشییع جنازے میں شریک عقیدت مندوں کا عظیم الشان اجتماع حرم امام رضا علیہ السلام میں داخل ہوا۔ مداحان اہل بیت علیہم السلام نے نوحہ خوانی کی اور لوگوں نے «یا زہرا سلام اللہ علیہا» کی صداؤں اور سینہ زنی کے ساتھ اس مرجع تقلید کو الوداع کہا۔

مزید برآں حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی یاد میں آج جمعرات 19 نومبر کو نماز مغرب و عشاء کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی کی جانب سے شام 6 سے 8 بجے تک حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے رواق امام خمینیؒ میں مجلسِ ترحیم منعقد ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.