آغاز ماہ صفر: کربلائے معلی میں ماتمی جلوسوں کی لہر
کربلائے معلی (ولایت نیوز) ماہِ صفر المظفرکا آغاز ہوتے ہی حرم امام حسینؑ و غازی ابو الفضل العباسؑ میں ایک نئے جذبے کے ساتھ عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ شعائر اور حسینی مواکب کے تعاون سےعزائی مواکب نے ماہِ صفر کی پہلی شب کے احیاء اور سانحۂ کربلا کے المناک مصائب کو یاد کرتے ہوئے ماتمی جلوس برآمد کئے۔
تمام رات مقامات مقدسہ کربلا کی طرف جانے والی شاہراہوں، پرانے شہر کے داخلی راستوں اور بین الحرمین شریفین ماتمی جلوسوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جہاں سوگوارانِ اہلِ بیت (علیہم السلام) نوحہ و ماتم اور مرثیہ خوانی کے ذریعے شہدائے کربلا کو پرسۂ عقیدت پیش کرتے رہے۔
شعبۂ شعائر و مواکب حسینی نے ماہِ صفر کے دوران عزائی جلوسوں کی منظم اور رواں نقل و حرکت کے لیے خصوصی انتظامی منصوبہ ترتیب دیا ہے، جس کے تحت ہر جلوس کے لیے مخصوص راستے مقرر کیے گئے، تاکہ جلوسوں کی آمد و رفت میں روانی برقرار رہے، بھیڑ سے بچا جا سکے اور زائرین کی نقل و حرکت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
سیاہ علم اور پرچمِ عزا اٹھائے یہ ماتمی جلوس کربلائے معلّیٰ کے مختلف علاقوں اور عراق کے طول و عرض سے تعلق رکھتے تھے۔ شرکائے جلوس حضرت امام حسین (علیہ السلام)، اہلِ بیتِ اطہار (علیہم السلام) اور آپؑ کے باوفا اصحاب کی عظیم قربانیوں، ایثار اور شہادت کو یاد کرتے ہوئے نوحے، مرثیے اور اشعارِ عزا پیش کر رہے تھےجن کی دل سوز صداؤں سے فضائے کربلا غمِ حسینؑ اور عشقِ اہلِ بیتؑ کی کیفیت میں ڈوبی ہوئی تھی۔

