مرکز تشیع کی شان و شوکت کے امین شوکت جعفری کو سپرد خاک کردیا گیا
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ راولپنڈی کے ریجنل جنرل سیکرٹری شوکت عباس جعفری کو ڈھوک رتہ راولپنڈی میں سپرد خاک کردیا گیا
آغا سید حسین مقدسی کی اقتداء میں نماز جنازہ کی ادائیگی، مختلف مکاتب فکر کے علماء، اکابرین، ماتمی عزاداروں کی بڑی تعداد میں شرکت.
شوکت عباس جعفری قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے روحانی فرزند، اتحاد و اخوت کے داعی اور مرکزی امن کمیٹی کے سینیئر رہنما تھے،. علامہ بشارت حسین امامی
مرحوم راولپنڈی میں آقائے موسوی کیجانب سے امن کے سفیر تھے، علامہ سید قمر زیدی رسم سوئم 8 جون دن 3 بجے اعوان ہاؤس ڈھوک رتہ میں ادا کی جائیگی
راولپنڈی (ولایت نیوز ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے معتمد خاص، ڈویژنل امن کمیٹی راولپنڈی کے سینیئر رکن، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ راولپنڈی ریجن کے جنرل سیکرٹری شوکت عباس جعفری مرحوم کی نماز جنازہ ڈھوک رتہ کی جنازہ میں ادائیگی کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیاگیا، وہ جمعہ کو اچانک حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حسین مقدسی نے نماز جنازہ پڑھائی جس میں علماء کرام، تحریک کے مرکزی سینیئر نائب صدر باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، سیکریٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی، مرکزی عہدیداران، ذیلی شعبہ جات کے سربراہان، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور مرکزی امن کمیٹی کے ارکان، مذہبی، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، ماتمی سالاروں، بانیان مجالس، ماتمی جلوسوں کے لائسنسداران سمیت زندگی کے مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آغا سید حسین مقدسی نے نماز جنازہ پڑھانے کے بعد انکے فرزند نعت و منقبت خواں شان علی جعفری، چھوٹے بھائی مظہر عباس جعفری، بھتیجوں رضوان جعفری عمران جعفری، بھانجے ملک حسنین اور دیگر سوگواران نے دلی اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی.
اس موقع پر سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت امامی نے تعزیتی کلمات ادا کرتے ہوئے شوکت عباس جعفری کی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کیلئے خدمات، بین المذاہب ہم آہنگی، عزاداری کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی وفات ناقابل تلافی قومی نقصان ہے، وہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی قیادت کے انتخاب کے لیے ہونے والے آل پاکستان دینہ اسد آباد کنونشن میں پیش پیش رہے اور عزاداری کے تحفظ اور دینی مطالبات کے لیے حسینی محاذ راولپنڈی کے آٹھ ماہ پر مشتمل پرامن ایجیٹیشن میں موجود رہے، مرحوم کو اسیر فقہ جعفریہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا.
علامہ امامی نے کہا کہ شوکت جعفری مرحوم کا نام مشن ولایت و عزاداری کیساتھ ہمیشہ زندہ رہے گا. ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے تحریک کے سینیئر رہنما، ماتمی زنجیرزن عزادار شوکت عباس جعفری کی رحلت کے سانحے پر مصائب غریب کربلا بیان کیے.
علامہ قمر زیدی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کی نماز جنازہ میں شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ شوکت جعفری راولپنڈی ریجن میں آقائے موسوی کی جانب سے امن مے سفیر تھے جنہوں نے میلاد النبی اور عزاداری اور اتحاد بین المسلمین کے لیے مرکزی کردار ادا کیا۔ نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے مرحوم کے فرزند اور پسماندگان نے آغا سید حسین مقدسی، ٹی این ایف جے کے عہدیداران و کارکنان، سنی شیعہ اکابرین سے اظہار تشکر کیا. رسم سوئم سوموار 8 جون کو 3 بجے دن مرحوم کی رہائشگاہ اعوان ہاؤس ڈھوک رتہ میں ہوگی.
