تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ خیبر پختونخوا کا "7 رمضان” یوم مادر شیر خدا منانے کا اعلان
9تا10 رمضان ایام الحزن، 13 رمضان یوم مختار آل محمد، 15 رمضان عالمی یوم امن، 19 تا 21 رمضان ایام عزاء مرتضویؑ، 23 رمضان جشن نزول قرآن کے طور پر منائے جائینگے
ماہِ رمضان المبارک میں مساجد، امامبارگاہوں سمیت تمام عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے۔ غضنفر علی شاہ ایڈوکیٹ
پشاور ( ) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ سید حسین مقدسی کی خصوصی ہدایت پر قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کا قائم کردہ یوم مادر شیر خدا 7 رمضان ملک بھر کی طرح صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ صوبائی صدر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ خیبر پختونخوا غضنفر علی شاہ ایڈوکیٹ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وصالِ حضرت فاطمہؑ بنتِ اسدؑ کی مناسبت سے 7 رمضان کو "یومِ مادرِؑ شیر خدا “ منایا جائے گا اس موقع پر ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں مجالسِ عزا اور پرسہ داری کے پروگرام ہونگے، انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس موقع پر صوبہ بھر کی مساجد اور امام بارگاہوں میں خصوصی انتظامات کرے اور میڈیا پروگراموں کو بھرپور کوریج دے، انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کیلیے تمام مکاتبِ فکر کے حقوق کی برابری کی سطح پر ادائیگی ضروری ہے۔ انہوں نے ماہ صیام میں 7 رمضان یوم مادر شیر خدا، وصال ام المؤمنین خدیجۃ الکبرؑیٰ 9 تا 10 رمضان ایام الحزن، 13 رمضان شہادت حضرت مختار ثقفی "یوم مختار آل محمد”، 15 رمضان آمد پرنور سبط اکبر امام حسن "عالمی یوم امن”، 19 تا 21 رمضان شہادت امیرالمومنین پر "ایام عزاء مرتضویؑ” 23 رمضان جشن نزولِ قرآن منانے کا اعلان کیا،انہوں نے سانحہ بنوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ماہِ صیام میں مساجد، امامبارگاہوں سمیت تمام عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائے، شر پسندوں، کالعدم گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے اور عوام خود بھی پوری طرح چوکنا رہے۔مجالس و محافل میں ملک و قوم کی سلامتی کیلیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
