مغربی ثقافت دجال کا ایک روپ ہے نوجوان نسل تعلیمات آل محمد ؐ کا دامن تھامے رکھیں ، علامہ حسین مقدسی ؛ مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کاعزمِ نو کنونشن تجدید عہد کےساتھ اختتام پذیر
طلباء جدید ٹیکنالوجی کے مفید استعمال پر زور دیں اور منکرات سے بچنے کے لئے روحانیت کی سِپَر سے آراستہ ہوں۔ آقائے مقدسی
علماء اسوہ شبیری کو مشعلِ راہ بنائیں۔مقتدرہ شوقِ اقتدار میں کالعدم و غیرِ کالعدم اور امن پسندوں اور دہشتگردوں میں تمیز کرنے سے بھی قاصر ہوگئی ہے۔ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
کالعدم و دہشت گردوں کو معزز بنا کر پیش کرنا امن اور امن پسندوں کی توہین ہے، سربراہ ٹی این ایف جے
مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا دو روزہ آل پاکستان عزمِ نو کنونشن طلباء کو نورِ ولاء وعزاء کی خلعتِ روحانی سے مزین کرنے کے عہد کی تجدید کےساتھ اختتام پذیر
مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کنونشن سے چیئرمین سید محمد عباس کاظمی ، مرکزی صدر سید علی نقی نقوی کے خطابات
چیئرمین نگران کونسل نے کنونشن میں نئے مرکزی صدر کے انتخاب کا اعلان کیا
اسلام آباد/ راولپنڈی(ولایت نیوز)مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا دو روزہ آل پاکستان عزمِ نو کنونشن طلباء کو نورِ ولاء وعزاء کی خلعتِ روحانی سے مزین کرنے کے عہد کی تجدید کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی روز ملک بھر سے آئے ہوئے کالجز اور یونیورسٹیز کے طلاب فرزندانِ امام جعفر صادق نے بھر پور شرکت کی اور کارکردگی رپورٹس اور فیوچر پراسپیکٹس پر تجاویز پیش کیں۔ کنونشن میں شریک طلباء سے دیگر علماء، طالب علم رہنما، ماہرین علوم، کیریئر ایکسپرٹس، اساتذہ کرام موٹیویشنل اسپیکرز کے علاوہ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں طلباء کو عظیم الشان کنونشن کے انعقاد پر داد تحسین دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے معمار کردار سازی پرتوجہ مرکوزکریں اورتعلیمات اہلِ بیت کو مشعلِ نور بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کافرمان ہے کہ اے انسان کیا تو خود کو جسمِ صغیر تصور کرتا ہے؟ جبکہ تیرے اندر ایک کائنات پوشیدہ ہے لہذا تسخیر جہان کا مشتاق بنی آدم باطن کے پوشیدہ رازوں سے بے خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقِ بشر تحیرات کا جہان ہے جس کا ادراک و شعور درِ اہلِ بیت پر سرِ تسلیم خم کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔

علامہ حسین مقدسی نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ فکری طہارت کے لئے دجّالِ جدید کو شکست دینا لازم ہے جسے عظیم فیلسوف آیۃ اللّٰہ العظمیٰ شہید سید باقر الصدر نے واضح کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ضروری نہیں کہ دجّال جسمانی روپ میں ظاہر ہو بلکہ وہ ایمان وایقان اور روحانیت کے خلاف کسی بھی چیلنج کی صورت میں ظاہر ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ مغربی ثقافت دجال کا ایک روپ ہے ؛ نوجوان نسل تعلیمات آل محمد ؐ کا دامن تھامے رکھے ۔









علامہ مقدسی نے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی کے مفید استعمال پر زور دیا اور طلباء کو منکرات سے بچنے کے لئے روحانیت کی سِپَر سے آراستہ کرنے کا پر زور دیا۔ علامہ مقدسی نے کہا رہبر روحانی آقائے موسوی علیہ الرحمہ کے نام عظیم فیلسوفِ اسلام آیۃ اللّٰہ باقرالصدر شہید کے مکاتیب قائد ملت جعفریہ آقائے موسوی کی قیادت اور افکارِ سلیم پر مہرِ تصدیق ثبت کرتی ہیں۔

علامہ حسین مقدسی نے اپنے خطاب میں علماء پر زور دیا کہ وہ اسوہ شبیری کو مشعلِ راہ بنائیں۔ سربراہ تحریک نے کہا کہ مقتدرہ شوقِ اقتدار میں کالعدم و غیرِ کالعدم اور امن پسندوں اور دہشتگردوں میں تمیز کرنے سے بھی قاصر ہوگئی ہے۔ انہوں نے حکمرانوں سے کہا کہ وہ کالعدم و دہشت گردوں کو معزز بنا کر امن پسندوں کی توہین کر رہے ہیں۔

سربراہ تحریک نے عزمِ نو کنونشن میں نمایاں کارکردگی پر طلباء کو ایوارڈز بھی دئیے۔ مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کنونشن سے چیئرمین سید محمد عباس کاظمی ، مرکزی صدر سید علی نقی نقوی نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطابات میں انہوں نے حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ تحصیلِ عرفان اور اعلیٰ کردار کا حامل ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

چیئرمین نگران کونسل نے کنونشن میں نئے مرکزی صدر کے انتخاب کا اعلان کیاجس کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے طالب علم سید عمار نقوی مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نئے مرکزی صدر ہوں گے۔ اس موقع پر نو منتخب مرکزی صدر سید عمار نقوی نے پاکیزہ مشن محمد و آلِ محمد کے لئے اپنے عزم بالجزم کا اظہار کیا۔ کنونشن سے علامہ راجہ بشارت حسین امامی سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے، علامہ سید قمر حیدرزیدی سیکرٹری اطلاعات، علامہ سید باقر علی نقوی صدر صوبائی کونسل پنجاب، ملک جواد اعوان اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ عزمِ نو کنونشن میں مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق مرکزی صدور قاسم الحسینی، سید علا حیدر، سید عبدِ ہادی، سلیم بنگش، حیدر عباس باجوہ، سید باقر نقوی، حمزہ علی چوہدری نے بھی شرکت کی اور کاروان مختار کے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔





کنونشن میں مقابلہ منقبت ملیکۃ المیشیت کے ونر گولڈ میڈلسٹ سید حسن نقوی نے مدحت و منقبت پیش کی علاوہ ازیں آغاز کنونشن پر تلاوت کلام پاک نعت رسول مقبول اور وطن عزیز سے محبت کے اظہار میں قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ نظامت کے فرائض سید حیدر بخاری آر سید قلب عباس کاظمی نے سر انجام دیئے۔ سینئر نائب صدر سید جروان محمد کاظمی، جنرل سیکرٹری سید حیدر بخاری، سید ضامن نقوی، سید محمد عون کاظمی، سید ظلِ عباس، راجہ شبر عباس، سید ذیشان نقوی، مردان علی چنگیزی، امجد علی بنگش، سید وصی الحسن زیدی اور دیگر اراکین و عہدیداروں نے شرکاء کنونشن کا شکریہ ادا کیا۔
