
محرم قریب ہے خصوصی اقدامات کئے جائیں،مسائل عزاداری کیلئے ہر سطح پر حکومت کو متوجہ کررہے ہیں کوئی دوسرا عقیدہ اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دیں گے، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
سیاسی کھیل دشمن کی خوشی کا سامان کررہا ہے؛ محرم الحرام قریب ہے خصوصی اقدامات کئے جائیں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل نے عزاداروں کے مسائل جمع کرلئے ہیں ہر سطح پر حکومت کو متوجہ کررہے ہیں
اپنا عقیدہ کسی پر مسلط نہیں کرتے دوسرا کوئی عقیدہ اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دیں گے،پالیسی کا اعلان محرم سے قبل پریس کانفرنس میں کریں گے
اپنے سوا سب کو غدار سمجھنا خارجی سوچ ہے مسائل کے حل کیلئے جمہوری اطوار اپنائے جائیں، عوام کرسی بچاؤ اور گراؤ کے کھیل میں حیران و پریشان ہیں
عدم برداشت کو فروغ دیا جارہا ہے سیاسی جماعتیں اپنے مطلب کے فیصلے چاہتی ہیں اداروں کے خلاف بیان بازی بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہے
ادارے خامیوں پر اقدامات اٹھائیں جانبداری کا تاثر ہی نہیں تصور بھی ختم کردیا جائے،الزامات کے بجائے مسائل کے حل کا جامع پلان وضع کیا جائے
سیاسی بحران کا سب سے زیادہ فائدہ کالعدم جماعتیں اٹھارہی ہیں بلیک میلنگ کرکے جائز ناجائز منوا رہی ہیں، دین و وطن فروشوں پر کڑی نظر رکھی جائے
کالعدم جماعتوں نے نام بدل لئے‘ ارباب اقتدار شیڈول فور میں شامل بے گناہوں کی دادرسی کریں بے گناہوں کی آہیں حکومتیں ہی نہیں عرش بھی ہلادیتی ہیں
جب تک آگ نہ لگے کالعدم جماعتوں کا کاروبار نہیں چلتا،عوام کالعدم جماعتوں سے ہوشیار رہیں، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ہائی کمان کے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ سیاسی بساط پر جاری کھیل صرف پاکستان دشمنوں کی خوشی کا سامان کررہا ہے، محرم الحرام قریب ہے نواسہ رسول ؐ کے ایام شہادت کیلئے خصوصی اقدامات کا اآغاز کیا جائے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل امام حسین ؑ کے عزاداروں کے مسائل جمع کرچکے ہیں ہر سطح پر حکومت کو متوجہ کررہے ہیں، اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق مانگتے ہیں اپنا عقیدہ کسی پر مسلط نہیں کرتے دوسرا کوئی عقیدہ اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دیں گے ایام عزا کیلئے پالیسی کا اعلان محرم الحرام سے قبل پریس کانفرنس میں کریں گے۔
۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ہائی کمان کے ہنگامی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے سوا سب کو غدار سمجھنا خارجی سوچ ہے قومی مسائل کے حل کیلئے جمہوری اطوار اپنائے جائیں عوام کرسی بچاؤ اور گراؤ کے کھیل میں حیران و پریشان ہیں، ایک دوسرے پر الزامات کے بجائے ملکی مسائل کے حل کا جامع پلان وضع کیا جائے، سیاستدان حکمران ایک دوسرے کو زیر کرنے کے بجائے ملک کو گرداب سے نکالنے کی فکر کریں۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہایک منظم سازش کے تحت عدم برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے سیاسی جماعتیں ہر ادارے سے اپنے مطلب کے فیصلے چاہتی ہیں اداروں کے خلاف بیان بازی ملک کو کمزور کرنے کے بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہے، پارلیمان فوج عدلیہ سمیت قومی اداروں کے خلاف مہم جاری رہی تو پاکستان اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا، خدارا اداروں کے کام میں مداخلت نہ کی جائے جہاں خامیاں ہیں انہیں دور کرنے کیلئے جمہوری سیاسی طریقہ اختیار کیا جائے، اداروں کے ذمہداران جائز شکایات اور خامیوں پر اقدامات اٹھائیں جانبداری کا تاثر ہی نہیں تصور بھی ختم کردیا جائے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ موجودہ سیاسی بحران کا سب سے زیادہ فائدہ کالعدم جماعتیں اٹھارہی ہیں عصبیتیں پھیلانے والے بلیک میلنگ کرکے جائز ناجائز منوا رہے ہیں، اکثر کالعدم جماعتوں کے سربراہوں نے نئی جماعتیں قائم کرلی ہیں اور حکومتی کمیٹیوں تک بھی رسائی پا چکے ہیں دوسری جانب خانہ پری کیلئے بے گناہوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ان کا جینا حرام کر دیا گیا ہے جن کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہا بے گناہوں کی آہیں حکومتیں ہی نہیں عرش ہلادیتی ہیں لہذا ارباب اقتدار اس المیے کا شکار بے گناہوں کی دادرسی کریں۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے عوام الناس اور بالخصوص عزاداروں پر زور دیا کہ وہ کالعدم جماعتوں سے ہوشیار رہیں، انسانیت و پاکستان دشمن کالعدم جماعتوں کے سب سے بڑے ہتھیار منافرت دنگا فساد فتنہ قتل و غارت ہیں جب تک آگ نہ لگے کالعدم جماعتوں کا کاروبار نہیں چلتا عوام دین و وطن فروشوں پر کڑی نظر رکھیں سوشل میڈیا کا استعمال دانشمندی سے کریں جذباتیت کے بجائے سنجیدگی کو شعار بنایا جائے تو کوئی دشمن اپنی کسی سازش میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ ہائی کمان کے اجلاس کے دوران مرکزی عہدیداران و صوبائی نمائندگان نے اپنی رپورٹس پیش کیں،ٹی این ایف جے کے ترجمان کے مطابق علاقائی مسائل پر روشنی ڈالی اور کارکردگی کا جائزہ پیش کیا، علاقائی رپورٹوں اور حکومتی اقدامات کی روشنی میں محرم الحرام کی پالیسی تشکیل دی جائے گی جس کا اعلان قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی محرم الحرام سے قبل کریں گے۔