آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید الخراسانی کے سانحہ ارتحال پر سربراہ ٹی این ایف جے کا اظہار تعزیت؛ ایام ترحیم کا اعلان
آیت اللہ وحید خراسانی اقلیمِ عقائد و عرفان کے بے مثال مبلغ و عزائے فاطمیہ کے موسس و بنیاد گزار تھے، مرحوم زندگی بھر پابرہنہ جلوس عزاء کی قیادت کرتے رہے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان نے دو روزہ ایامِ ترحیم منانے کا اعلان کر دیا، مجالسِ تراحیم و دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا
سینئر نائب صدر ٹی این ایف جے باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی کی سرکردگی میں نمائندہ وفد مرجع عظیم کی نماز جنازہ و آخری رسومات میں شرکت کرے گا. ٹی این ایف جے
اسلام آباد (ولایت نیوز) فقیہِ مکتب اہلِ بیت، استاد المجتہدین حوزہ علمیہ قُم المقدسہ کے نابغۂ روزگار، معلم مرجعِ تقلید شیعیانِ جہان آیت اللہ العظمیٰ الشیخ وحید الخراسانی 108 سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے استادِ معظم فقیہِ دوراں مبلغِ ولاء و عزاء مروجِ و موسسِ عزائے حسینی و فاطمیہ سلام اللہ علیہا آیت اللہ خراسانی کے سانحہ ارتحال کو دنیائے علم و عرفان و فقاہت کا ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ہیڈکوارٹرز مکتب تشیع علی مسجد راولپنڈی سے جاری کردہ تعزیتی پیغام میں علامہ حسین مقدسی نے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانی فقاہت و اجتہاد میں آیت اللہ العظمیٰ النائینی، آیت اللہ العظمیٰ بروجردی، آیت اللہ العظمیٰ الحائری کے فکری و عقائدی قبیل سے تعلق رکھنے والے بے نظیر فقیہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ آقائے خراسانی کے ہزاروں تلامذہ درجہ اجتہاد کو پہنچے جو مرحوم کی علمی و عرفانی استعداد کی واضح دلیل ہے۔ آغا مقدسی نے کہا کہ آقائے خراسانی وہ فقیہِ بے بدل ہیں جن بیسیوں تصانیف و تالیفات اقلیمِ عقائد کی مضبوط فصیلیں بن کر مکتب اہلِ بیت کی حقانیت کو ثابت کرتی رہیں گی۔ سربراہ ٹی این ایف جے نے کہا کہ آقائے خراسانی جامع الشرائط مرجع ہوتے ہوئے زندگی بھر عزائے فاطمیہ سلام اللہ علیہا کے جلوس عزاء میں اپنے گھر سے روضہ معصومہ قم سلام اللہ علیہا تک ہزاروں علمائے کرام اور شاگردوں کے ہمراہ لاکھوں عزاداروں کے ہمراہ ماتمی عزادار کی حیثیت سے شریک ہوتے تھے۔انہوں نے کہا کہ آقائے خراسانی کا یہ طرزِ عمل انہیں دیگر مراجع عظام میں ممتاز و ممیز کرتا ہے یہی عمل اہلِ عزاء و مودت اور عالمِ معرفت کے لیے حکمت آفریں درسِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا آقائے خراسانی کےدروس و نصائح اور شعائر عزاداری کی عزت و حرمت کا عملی درس قابلِ تقلید لائحہ عمل ہے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ خراسانی کی علمی و عرفانی نگارشات عظیم سرمایہ اور خزانہ کی حیثیت سے عرفان ولایت امیر المومنین، شعائر حسینیہ اور معرفتِ امامِ زمانہ کی روشنی چہار دنگ عالم کا ذریعہ بنے گا۔ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی اعلیٰ اللہ مقامہٗ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی دینی و عقائدی اور عزائی و عرفانی منزلت کے قائل و معترف تھے اور بسا اوقات اپنی نیک خواہشات اور سانحہ فاجعہ انہدامِ جنت البقیع کو عالم انسانیت میں اجاگر و تابندہ کرنے پر ستائیش و تحسین کے پیغامات بھی ارسال کیے۔ علامہ مقدسی نے دنیائے علم و معرفت اور اہلِ ولاء عزاء سے اپیل کی کہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کے علمی عرفانی سرمایہ اور نقوش ہائے عزاداری کی حفاظت کریں گے اور آنے والی نسلوں تک اس مرجع عظیم کے افکار امانت و دیانت کیساتھ محفوظ اور ابلاغ کریں گے۔ سینئر نائب صدر ٹی این ایف جے باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی کی سرکردگی میں نمائندہ وفد مرجع اعظم کی نماز جنازہ و آخری رسومات میں شرکت کرے گا. اس موقع پر علامہ آغا سید حسین مقدسی نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی اعلیٰ اللہ مقامہ کی رحلت پر دو روزہ 7 اور8 جمادی الثانی بمطابق 18 اور 19 نومبر ایامِ ترحیم بروز بدھ و جمعرات منانے کا اعلان کیا ہے۔ ایامِ ترحیم کے دوران مرجع عظیم کے درجات کی بلندی کے لیے مجالسِ تراحیم اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا اور انکی عظیم علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
