اہم خبریںتازہ ترین خبریںپاکستان

گستاخانِ دین و شریعت کے خلاف قیامِ مختارؒ کی یادگار ”ایام لِثارۃ الحسینؑ“ اختتام پذیر، ملک بھر میں تقریبات

ولایت نیوز شیئر کریں

قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی اعلیٰ فکر کی بدولت کردارِ مختار ثقفیؒ ہر محاذ پر روشن ہوا، چیئرمین مختار فورس

مختار فورس والینٹیئرز کے زیرِ اہتمام راولپنڈی میں مرکزی تقریب، میلاد النبیؐ، عزاداری میں ڈیوٹی انجام دینے والے رضاکاروں میں شیلڈیں، تعریفی اسناد کی تقسیم

تحفظِ شعار اللہ، مساجد، امام بارگاہوں، میلاد و عزاداری کے جلوسوں کی حفاظت آئینی شعار، حب الوطنی ہمارا ایمان ہے

درازندہ چیک پوسٹ ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکہ دلخراش سانحہ دہشتگردی ازلی دشمن کی کارستانی ہے، اعلامیہ

سرپرستِ اعلیٰ سردار عبادت حسین شاہ، چیئرمین چوہدری مشتاق حسین اور سپریم کمانڈر علی اجود نقوی کا مرکزی تقریب سے خطاب

راولپنڈی ( ) سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی کے اعلان کے مطابق قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ 13ـ14 ربیع الثانی ایامِ لِثاراۃ الحسینؑ کی دو روزہ تقریبات اتوار کو اختتام پذیر ہو گئیں، اس مناسبت سے ملک بھر میں ایم ایف وی کے رضاکاروں نے تقریبات کا انعقاد کر کے اس عہد کا اعادہ کِیا کہ شعائر اللہ کے تحفظ، دفائے وطن کیلئے تعلیماتِ محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کی پیروی کرتے ہوئے عزت و حرمت پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی، تقریبات میں حضرت مختار ثقفیؒ کے تاریخ ساز کردار کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شانِ رسالتؐ و عقیدۂ ختمِ نبوتؐ پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے حسینیؑ عزم کی تجدید کی گئی۔ خصوصی تقریب ایامِ لِثاراۃ الحسینؑ کمیٹی مختار فورس والینٹیئرز کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ زین العابدینؑ سیٹلائٹ ٹاؤن میں منعقد ہوئی جسکی صدارت سرپرستِ اعلیٰ سردار سید عبادت حسین شاہ نے کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مختار فورس کے رضاکاروں کو دینی خدمات پرخراجِ تحسین پیش کِیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفیؒ نے شعائر اللہ کے تحفظ اور دفاعِ وطن کیلئے مختار فورس کا قیام وجود میں لا کر قوم کو دفاعِ مقدسات کا عظیم پلیٹ فارم عطا کِیا۔ چئیرمین مختار فورس چوہدری مشتاق حسین نے کہا کہ مختارِ آلِؑ محمدؐ کا کردار جرأت و شجاعت بصیرت اور عدل و انصاف سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت عالمی حالات کے تناظر میں اسلام کی غیرت و حمیت کا قلعہ زمیں بوس کرنے کی استعماری سازشیں عروج پر ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لیے عزم مختار پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے، اگر مظلوم اقوام، محروم طبقات اور فلسطین و کشمیر سمیت دنیا بھر کے ستم رسیدہ "باطل کا انہدام اور حق کا قیام چاہتے ہیں” تو خود کو قیامِ مختاؒر کے کاروان کا حصہ بنا لیں، جہاں سرفرازی و نجات یقینی ہے، کاروانِ مختارؒ تسلسل حق کا بہتا ہوا دھارا ہے جس سے تمسک و ارتباط فتح و ظفر کا مژدۂ روحانی ہے۔ چوہدری مشتاق حسین نے کہا کہ ہمیں آج دنیا بھر میں جادۂ حضرت مختار ثقفیؒ کے راہی و پیروکار پورے عزم و ہمت کیساتھ عہد کر کے یزیدیت و ابلیسیت کے بتوں کو اہلِ ایمان کے کعبۂ دل سے نکال باہر کریں گے اور ہر مرحلے پر خوشنودیِ محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کو ترجیح دیں گے تا کہ متعصب مؤرخین کی قلمی بد دیانتی کو بے نقاب کر کے حضرت مختار ثقفیؒ کے لازوال کردار کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ سپریم کمانڈر مختار فورس سید علی اجود نقوی نے کہا کہ حضرت مختار ثقفیؒ نہایت ہی بہادر، شجاع اور فصاحت و بلاغت میں اپنی نظیر آپ تھے۔ انہوں نے شعائر اللہ کے تحفظ میں مصروف رضاکاروں کی خدمات کو سپاسِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانیانِ مجالس اور ایامِ عزا کے دوران عزاداری اور میلاد النبیؐ کے پروگراموں میں فورس کے رضاکاروں نے خوشنودیِ اہلِ بیتؑ کے لیے خدمات سرانجام دیں جو عظیم اجر و ثواب کا باعث ہے۔ انہوں نے مختار فورس کے کردار کو سراہا اور اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ مختار ثقفیؒ کا کردار مضبوط دفاع کا پیغام دیتا ہے لہٰذا عزت و حرمت و شعائراللہ کو یقینی بنانے کیلئے مختار فورس کے رضا کاروں کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے۔ ٹی این ایف جے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ایامِ ثاراۃ الحسینؑ کا انعقاد مردِ قلندر عظیم رہبرِ تشیُع قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی یادگار ہے جن کے افکار کی بدولت آج مکتبِ تشیُع رہنما اصولوں ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ، عزائے حسینؑ ابنِ علیؑ، حرمتِ سادات، احترامِ مرجعیت و مرکزیت کی چھاؤں میں متعدد اشعری و ابلیسی حملوں سے محفوظ ہے، انہی خدمات کے تسلسل میں ایک عظیم الشان سنگِ میل مذہبی اسکالر سیدہ بنت الہدیٰ کی شہرۂ آفاق تصنیف کتاب ”تذکرۂ مختارؒ” بھی شامل ہے، رضاکارانِ مختارؒ فورس تحفظِ حرمتِ توحید و رسالتؐ کی عظیم یادگار ایامِ لِثارۃ الحسینؑ کے موقع پر جادۂ مختارؒ پر گامزن ہو کر اسلام کا حلیہ بگاڑنے اور وطنِ عزیز پاکستان کیخلاف ہر سازش ناکام کرنے کا عہد و پیمان کریں۔ مرکزی سیکریٹری ایامِ لِثاراۃ الحسینؑ کمیٹی سید ابو ذیشان نقوی نے شرکائے تقریب سے اظہارِ تشکر اور مرکزی تقریب ایام لثارات الحسین کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ مختار فورس والنٹیئرز اپنے ائین کے مطابق شعار اللہ، بِلا تفریق تمام عبادت گاہوں، میلاد النبیؐ اور عزاداری کے جلوسوں کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے اور اس پاکیزہ مشن میں جان تک قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے. اعلامیہ میں ملک میں جاری دہشتگردی کے دلخراش سانحات بالخصوص درازندہ چیک پوسٹ ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شہادتوں اور جانی نقصان کو ازلی دشمن کی گھناؤنی سازش قرار دیا اور دہشت گردوں کی کمر توڑنے والے عساکرِ پاکستان کی بے مثال جدوجہد کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ مختار فورس اپنے عسکری جوانوں اور جیالوں کو مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے کی پاکیزہ جدوجہد کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ اعلامیہ کے اخر میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کالعدم گروپوں کو قانونی شکنجے میں جکڑے اور ان کی نئے ناموں سے سرگرمیوں کو روکنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شِق پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اس موقع پر راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یکم محرم تا 8 ربیع الاول شعائر اللہ کی حفاظت کے لیے رضاکارانہ حفاظتی فرائض سرانجام دینے والوں میں حُسنِ کارکردگی کی شیلڈیں اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے شرکاء، مختار فورس کے جوانوں نے پُرجوش نعروں کی گونج میں شعائراللہ کے تحفظ اور مشنِ ولاء و عزاء کے پاکیزہ اہداف کے تحفظ و فروغ، قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے رہنماء اصولوں پر قائم رہتے ہوئے سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کے پر لائحہ عمل پر ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کا عہد کِیا۔ مرکزی تقریب میں ٹی این ایف جے کے عہدیداران اور ذیلی شعبہ جات کے عہدیداران ڈاکٹر سید عون عباس کاظمی، سید حسن کاظمی، عمار یاسر علوی، سید ثمر الحسن نقوی، ایم ایچ جعفری، سید کوثر رضا زیدی اور دیگر نے بھی مختار فورس کی رضاکارانہ خدمات کو سپاسِ تحسین پیش کیا. ڈپٹی سپریم کمانڈر ایم ایف پی ابو ذیشان نقوی، عاصم علی جعفری نی فرائض نظامت اور ریجنل کمانڈر سید غسان نقوی، ضلعی کمانڈر انتظار ہمدانی، تحصیل کمانڈر سید قلبِ عباس کاظمی ( چہان)، سٹی کمانڈر نوید نقوی اور کینٹ کمانڈر سید واجد حسین گردیزی اور فوزی بخاری نے دیگر کارکنوں کے ہمراہ پروگرام کے انتظامات کیے۔ دریں اثناء کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، باغ آزاد کشمیر، ناروال، جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرانوالہ سمیت مختار فورس والینٹیئرز کے صوبائی اور ریجنل دفاتر میں ایامِ لِثاراۃ الحسینؑ کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کِیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.