قائد کی چوتھی برسی: کالعدم جماعتوں کو گلے لگانا افواج پاکستان کی قربانیوں کورائیگاں کرنا ہے، اعلامیہ ایام ترویج افکار موسویؒ

ولایت نیوز شیئر کریں

عقائد و نظریات کے دفاع کیلئے تشیع میں فکری شعور راسخ کرنے کی جدوجہد آغاسید حامد علی شاہ موسوی کا طرہ امتیاز ہے،علامہ آغا حسین مقدسی
قائدِ ملتِ جعفریہ آقائے موسوی حرمت و غیرتِ ملی کے پاسبان اور شوکتِ علمائے حقہ کے بے نظیر پاسدار اور بے مثل نمونہ تھے
قائد ذیشان استاذی مکرم کی تعلیمات، فرمودات، نقوش وخطوط پر چلتے ہوئے قوم کے ہیڈکوارٹر علی مسجد سے ولاو وعزا کا پرچم سربلند رکھیں گے۔
سانحہ ارتحال آقائے موسوی جاں گداز سانحہ تھا جس کا مداوا ممکن نہیں، قائد ملتِ جعفریہ آغا حامد موسوی کی چوتھی برسی پر سربراہ ٹی این ایف جے کا دعائیہ اجتماع سے خطاب
فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے خلاف اپریشن اور مادر وطن کے تحفظ کیلئے پاک فوج،سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سلام عقیدت۔ علامہ راجہ بشارت امامی
کالعدم جماعتوں کو دی جانے والی پذیرائی کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے، سیاسی مفادات کی خاطر کالعدم جماعتوں کو گلے لگانا افواج پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کورائیگاں کرنا ہے
اگر ان کالعدم جماعتوں کو نوازنے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو بیرونی محاذوں پر حاصل ہونے والی پاکستان کی تمام کامیابیاں بے معنی ہو جائیں گی
استعماری سرغنہ امریکہ اور اسرائیل کا اصل مقصد گریٹر اسرائیل کی تشکیل ہے جس کیلئے وہ مختلف حیلوں بہانوں سے ایک ایک کرکے مسلم ممالک کو نشانہ بناتا رہے گا
پنجاب میں نافذ کی جانے والی عزاداری مخالف ایس اوپیز کو مسترد کرتے ہیں جن پر موجودہ دور میں بھی شدو مد سے عملدر آمد جاری ہے
محافظ دین و شریعت نواسہ رسول الثقلین ؐ کی عزاداری ہر عاشق رسولؐ کا آئینی حق ہے ہم اپنے اس حق پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے کا مجلس برسی کا پیش کردہ عالامیہ

اسلام آباد(ولایت نیوز )سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بور ڈ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی ؒ کے چوتھی برسی کی مناسبت سے ”ایام ترویج افکار موسوی“ کے پروگرام اختتام پذیزہوگئے۔ اس موقع پر ملک بھر میں قرآن خوانی، دعائیہ محافل، کانفرنسوں، مجالس تراحیم کاانعقاد کیاگیا۔ اس مناسبت خانوادہ قائدملت جعفریہ آقای موسوی اور تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے زیراہتمام ملک گیر اجتماع ہیڈکوارٹر مکتب تشیع علی مسجد سیٹلائیٹ ٹاؤن راولپنڈی منعقدہوا جس میں علمائے کرام،ذاکرین، واعظین، مذہبی، سیاسی وسماجی رہنماؤں اورملک بھرسے ٹی این ایف جے کارکنان،عزاداروں، بانیان مجالس، لائسنس داران، ماتمی سالاروں، وکلا، تاجربرادری اورمختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا کہ مقدس عقائد و نظریات کے دفاع کے لیے تشیع میں فکری شعور راسخ کرنے کی جدوجہد آقائے سید حامد علی شاہ موسوی کا طرہ امتیاز ہے، قائدِ ملتِ جعفریہ آقائے موسوی حرمت و غیرتِ ملی کے پاسبان اور شوکتِ علمائے حقہ کے بے نظیر پاسدار تھے، آقائے موسوی حق گوئی وبے باکی میں ایسے جلیل القدر حریت پسند تھے کہ آمریت و ڈکٹیٹر شپ سے ٹکرا کر حقوق چھین کر لینے کا درس دیا، فرمودات قائد ملت عزاداران کے لیے جادہ سرفرازی ہے جن آواز آج بھی گونج رہی ہے کہ درس کربلا کا ہے خوف بس خدا کا ہے۔ علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ ملتِ خیر البریہ کے خلاف افراط وتفریط کی گہری سازشوں کو بھانپ کر آقائے موسوی نے پانچ رہنما اصول ولایت علی، عزائے حسین،حرمتِ سادات،احترامِ مرجعیت اور مرکزیت وضع فرمائے جن کی پیروی سے مقصریت و شیخیت کی چولیں ہل گئیں اور مکتب کا نظریاتی دفاع مستحکم ہوا۔

علامہ آغا مقدسی نے کہا آقائے موسوی کی تمام زندگی اطاعت و معرفتِ حق اور خدمتِ مخلوقِ خدا میں گزری، ایسی بزرگوار ہستی ذاتِ واجب کی جانب سے انعام ہے۔ انہوں نے کہا سانحہ ارتحال آقائے موسوی جاں گداز سانحہ تھا جس کا مداوا ممکن نہیں جس شانِ فقر سے آقائے موسوی نے سفرِ آخرت فرمایا وہ تقویٰ ومعرفت کا فیضانِ اور عطائے صاحب الزمان کا پتہ دیتا ہے۔ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے خانوادہ آقائے موسوی دخترانِ موسوی کو سپاسِ عقیدت پیش کیا جن کے دم سے مرکزیت کی نبضِ حیات ہر لمحہ رواں دواں ہے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ قائد ذیشان استاذی مکرم کی تعلیمات، فرمودات، نقوش وخطوط پر چلتے ہوئے قوم کے ہیڈکوارٹر علی مسجد سے ولاو وعزا کا پرچم سربلند رکھیں گے۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے مجلس کا اعلامیہ پیش کرتے ہوئے باورکرایاکہ قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی چوتھی ایسے حالات میں منارہے ہیں جب غم حسین ؑ کا موسم شروع ہوا چاہتا ہے،جب برادر ممالک ایران و لبنان پر امریکہ و اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں فلسطین مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے،اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت پاکستان پر بھارتی سپانسرڈحملے بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ کو لہو لہان کر رہے ہیں افغانستان پر قابض حکومت پاکستانی قوم کے احسانات بھلا کر بھارت کی پراکسی میں تبدیل ہو چکی ہے، آزاد ریاست جموں و کشمیر میں انتشار کا بیج بو کر آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ اعلامیہ میں افکار موسوی کی روشنی میں مسلم ممالک پر واضح کیاگیا کہ استعماری سرغنہ امریکہ اور اسرائیل کا اصل مقصد گریٹر اسرائیل کی تشکیل ہے جس کیلئے وہ مختلف حیلوں بہانوں سے ایک ایک کرکے مسلم ممالک کو نشانہ بناتا رہے گا لہذا خدارا غفلت سے جا گو اور صیہونی عزائم کیخلاف ایک ہو جاؤ۔یہ اجتماع ایران و لبنان پر حملے بند کروانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، قائد ملت جعفریہ آقای موسوی کئی دہائیوں سے یہ اعلان کرتے چلے آرہے تھے کہ مسلم ممالک پاکستان کی قیادت قبول کریں۔ جومسلم ممالک آج بھی بھارت سے یارانے کیلئے دیوانے ہوئے چلے جا رہے ہیں وہ اسرائیل کو علی الاعلان فادر لینڈ کہنے والے اوراسے ایران و فلسطین و لبنان کی تباہی کیلئے سب سے زیادہ اسلحہ فراہم کرنے والے مودی سے یارانے چھوڑ دیں۔ اعلامیہ میں فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کیخلاف جاری پاک فوج کے آپریشن کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے مادر وطن اور اس کے امن کے تحفظ کیلئے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیاگیا۔اعلامیہ میں سانحہ ترلائی کے شہیدوں کے مقدس خون کو بھی سلام پیش کرتا ہے کہ جس کی اثر آفرینی نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے تمام حجابوں اور نقابوں کوتار تار ڈالا اور عساکر پاکستان نے دہشت گردوں کی آماج گاہوں پر تاریخی آپریشن شروع کیا جس کی کامیابی ملک میں مضبوط امن کی کلید ثابت ہوگی۔

اعلامیہ میں حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ یو اے ای سے نکالے جانے والے ہزاروں پاکستانیوں کے معاملے کو سنجیدگی سے لے جن محنت کشوں کو پاکستان کی عالمی کامیابیوں کی سزا دی گئی نہ صرف اُن پاکستانیوں کے متبادل روزگار کا بندوبست کیا جائے بلکہ ان کی محنت سے بنائے گئے اثاثہ جات بھی ریکور کروائے۔اعلامیہ میں حالیہ دنوں میں کالعدم جماعتوں کو دی جانے والی پذیرائی کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے، سیاسی مفادات کی خاطر کالعدم جماعتوں کو گلے لگانا افواج پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کورائیگاں کرنا ہے اور دہشت گردی سے متاثرہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہے جن کالعدم جماعتوں کو چند سو روپے کی قربانی کی کھال نہ دینے کیلئے اخباروں میں کروڑوں کے اشتہار دیئے جاتے ہیں انہی جماعتوں کو امن کمیٹیوں میں ساتھ بٹھا کر اور سیاسی جوڑ توڑ کیلئے محترم بنا کر نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں کیوں بکھیری جا رہی ہیں؟ ہم وزیر اعظم اور بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر صاحب کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر ان کالعدم جماعتوں کو نوازنے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو بیرونی محاذوں پر حاصل ہونے والی پاکستان کی تمام کامیابیاں بے معنی ہو جائیں گی۔اعلامیہ میں افسوس کا اظہارکرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ محرم سے قبل پنجاب کے بعض شہروں میں عزاداروں کو فراہم کئے جانے والے عجیب و غریب پرفارموں جن میں عزاداروں کو پابند کیا جارہا ہے کہ جلوس کے راستے میں لائٹیں بھی وہی ٹھیک کروائیں رکاوٹیں بھی وہی ہٹوائیں تو پھر حکومت کس مرض کی دوا ہے؟ شادیوں ناچ گانوں کیلئے گھروں شادی ہالوں کے باہر لوگ اکٹھے ہو سکتے ہیں حسین ؑ کی عزاداری کیلئے جمع ہونے پر پابندی کیوں لگائی جا رہی ہے؟ کسی گھر میں فوتگی ہو جائے وہ ٹینٹ لگا کر گلی اور سڑک کو بند کر سکتا ہے لیکن نبی ؐکا پورا کنبہ دین کی خاطر قربان ہو گیا تو اس کا غم منانے والوں کو ایف آئی آرز بھگتنا کیوں پڑ رہی ہیں؟۔ اعلامیہ میں مریم نواز شریف صاحبہ سے مطالبہ کیاگیا کہ ایسے عناصر کی بیخ کنی کریں جو حکومت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ ہم ایک بار پھر عمران خان حکومت کے دور میں پنجاب میں نافذ کی جانے والی عزاداری مخالف ایس اوپیز کو مسترد کرتے ہیں جن پر موجودہ دور میں بھی شدو مد سے عملدر آمد جاری ہے بلکہ اب ان کا کھلم کھلا پر چار کیا جا رہا ہے ہم بار بار حکومت کو متوجہ کر رہے ہیں کہ نا اہل مشیر وں سے بچیں وہ آپ کے اچھے اقدامات کے اثرات کو زائل کرنے کا موجب بن رہے ہیں محافظ دین و شریعت نواسہ رسول الثقلین ؐ کی عزاداری ہر عاشق رسولؐ کا آئینی حق ہے ہم اپنے اس حق پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اعلامیہ واضح کی گیاکہ ہمیں آقای موسوی کے بتائے ہوئے تمام سبق یاد ہیں ہمیں اس وطن کی سلامتی و یکجہتی بھی عزیز ہے ہم نے ترلائی میں بیسیوں لاشوں کے درمیان کھڑے ہو کردنیا کو بتایا کہ امن کی حفاظت کیسے کی جاتی ہے لیکن ہمیں ہماری امن پسندی کی سزا نہ دی جائے۔ہم نے یہ ملک بنایا تھا ہمیں اس کی بنیادوں کی بھی فکر ہے۔یہ ملک حسینیت کی بنیاد پر کھڑا ہے اور اسی بنیاد پر قائم رہے گا۔ ایام ترویج افکار موسوی کا یہ ولائی و عزائی شیعہ سنی یکجہتی کا مظہر اجتماع پیشوائے روحانی عالم ربانی محسن پاکستان محافظ نظریہ اساسی، عالمگیر عزائے بقیع کے موسس، شعائر حسینیہ کے پاسبان حرمت سادات و احترام مرجعیت کے مبلغ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ وموسوی ؒ کی عظیم خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ آقای موسوی ؒ کی پاکیزہ تعلیمات پر ہر گز آنچ نہیں آنے دیں گے اسلام پاکستان حقوق تشیع، عقائد حقہ ولا و عزا حرمت سادات احترام مرجعیت کی خاطر سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ حسین مقدسی کے حکم پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور آمدہ محرم الحرام کیلئے مرکز تشیع علی ؑ مسجد سے علامہ حسین مقدسی جس ضابطہ عزاداری کا اعلان کریں گے اس پر بھرپور لبیک کہا جائے گا۔مجلس سے علامہ اظہرعباس حیدری، علامہ سیدقمرحیدرزیدی، ذاکرسیدشہنشاہ حسین نقوی اور دیگرذاکرین نے بھی خطاب کیا۔ اختتام مجلس ماتمداری ہوئی جس میں مختلف ماتمی دستوں نے ماتمداری کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.