دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ، سہولت کاروں اور ذہن سازی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، چہلم شہداء سانحہ ترلائی کلاں کے شرکاء کی جانب سے قرارداد کی منظوری

ولایت نیوز شیئر کریں

سانحہ مسجد و امام بارگاہ قصرِ خدیجۃ الکبریٰؑ ترلائی کلاں کے شہداء کی رسمِ چہلم ادا کر دی گئی

بے گناہ نمازیوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ علامہ بشارت حسین امامی کا خطبۂ جمعہ

ٹی این ایف جے نے شہدائے سانحہ ترلائی کلاں کے خون کو بیرونی آلہ کار کالعدم گروپوں کے مذموم عزائم کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا، وزیرِ اعظم نے شہداء کی مقتل گاہ قصرِ خدیجۃ الکبریٰؑ کا دورہ کر کے لواحقین کی دادرسی کی

دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ، سہولت کاروں اور ذہن سازی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شرکاء کی جانب سے قرارداد کی منظوری

اسلام آباد ( ) مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ قصرِ خدیجۃ الکبریٰؑ ترلائی کلاں میں نمازِ جمعہ کے دوران رونما ہونے والے خودکش دہشت گردی کے المناک سانحے کے شہدا کا چہلم ماہِ صیام کے آغاز پر جمعہ 2 رمضان کو اشک بار آنکھوں، آہوں اور سسکیوں کے ساتھ قومی جذبے کے تحت منایا گیا۔ امامِ جمعہ الجماعت سیکرٹری جنرل تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے اس موقع پر خطبہ دیتے ہوئے آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں ثابت قدمی، صبر و تحمل اور حب الوطنی کو ہر شے پر ترجیح دیتے ہوئے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے خاندانوں کو دادِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کیا کہ نماز میں سجدہ ریز عبادت گزاروں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور دین و وطن کی سلامتی و استحکام اور مادرِ وطن کے دفاع کیلئے سنی شیعہ مسلمہ مکاتبِ فکر اپنی عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ فیڈرل کیپیٹل میں رہائش پذیر دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے سادات و مومنین قصرِ خدیجۃ الکبریٰؑ کے روحانی پاکیزہ خاندان میں شامل ہیں جنکے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں، سانحے میں جامِ شہادت نوش کرنے اور زخمی ہونے والے تمام نمازی ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں جنہیں ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ بعد ازاں معروف عزادار اور خودکش حملہ آور کو اپنی جان پر کھیل کر دبوچنے والے ابراہیم اسکاؤٹس کے جوان ملک عون عباس شہید اور دیگر شہداء کی قبور پر علامہ بشارت حسین امامی کے ہمراہ چیئرمین ابراہیم اسکاؤٹس اوپن گروپ پروفیسر غلام عباس حیدری، چیف اسکاؤٹس سید آصف کاظمی اور دیگر اسکاؤٹس نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر شہید عون عباس کے والد ملک غلام اکبر کو ابراہیم اسکاؤٹس کی وردی اور اعزازات پیش کیے گئے۔ شہداء کی بلندیِ درجات کیلئے معروف عزادار اور شہید عون عباس کے کزن ملک شعیب حسن کے زیرِ اہتمام مجلسِ عزا کا انعقاد ہوا جس سے ملک کے نامور علمائے کرام، واعظین اور ذاکرین نے خطاب کیا۔ مجلس میں مختار آرگنائزیشن فیڈرل کیپیٹل کے صدر اور ناظمِ منبر سید ذوالقرنین علی نقوی کی پیش کردہ قرارداد ہزاروں عزاداروں نے پُرجوش نعروں کی گونج میں منظور کی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے سہولت کاروں ماسٹر مائنڈ اور ذہن سازی کی فیکٹریوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر اسکی روح کے مطابق سخت عملدرآمد کیا جائے اور دہشت گردوں کو انکے عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے، کالعدم جماعتوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر ان کے اثاثے چیک کیے جائیں انہیں فور شیڈول میں ڈالا جائے اور انہیں امداد دینے والے بیرونی ممالک سے سفارتی سطح پر احتجاج کیا جائے۔ قرارداد میں واضح کیا گیا کہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ نے شہدائے سانحہ ترلائی کلاں کے شہدا کے خون کو بیرونی آلہ کار کالعدم گروپوں کے مذموم عزائم کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا۔ وزیرِ اعظم پاکستان اور ان کی کابینہ نے شہداء کی مقتل گاہ مسجد و امام بارگاہ قصرِ خدیجۃ الکبریٰؑ کا دورہ کر کے غیور ملت کے تمام مطالبات کو تسلیم کیا اور حکومت کی جانب سے شہدا کے لواحقین کی داد رسی کی جس سے ہمیشہ کی طرح عزادارانِ مظلومِؑ کربلا اور ملت کا سر بلند ہوا۔ قرارداد میں یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ عزاداریِ مظلومِؑ کربلا پر نہ ہمارے آبا و اجداد نے کبھی کوئی سمجھوتہ کیا نہ ہم کریں گے اور نہ ہماری آنے والی ہماری نسلیں کریں گی۔ مجلس کے آخر میں عالمی شہرت یافتہ نوحہ خواں کاظمی برادران نے نوحہ خوانی کی۔ سانحہ ترلائی کلاں کے شہداء اور زخمیوں کے دور دراز سے آئے ہوئے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں رسمِ چہلم میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.