اسلام آبادتازہ ترین خبریں

 عزائے مادرِعباسؑ: حضرت ام البنینؑ نے دردناک نوحوں سے پیغامِ کربلا کو زندہ رکھا،علامہ رفاقت نقوی

ولایت نیوز شیئر کریں

ٹی این ایف جے کے اعلان پر 9 تا 13 جمادی الثانی ایام مادر عباس علمدار علیہ السلام کی مناسبت سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری.

اسلام آباد (ولایت نیوز ) سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کے اعلان کے مطابق قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے قائم کردہ 9 تا 13 جمادی الثانی ایام مادر عباس علمدار علیہ السلام کی مناسبت سے ملک بھر میں مجالس عزا و ماتمداری کا سلسلہ جاری ہے. اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹل کے صدر علامہ سید رفاقت حسین نقوی نے جامعہ مسجد علی ہردوگہر جاپان روڈ اسلام آباد میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی ام البنین سلام اللہ علیہا جن کا اسمِ گرامی فاطمہ کلابیہ ہے، تاریخ اسلام کی وہ درخشاں اور باوقار ہستی ہیں جن کی پوری زندگی وفا، صبر، ایثار اور محمد و آل محمد سے لازوال محبت کی روشن تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا تعلق عرب کے نامور اور شجاعت میں سب سے ممتاز قبیلے بنو کلاب سے تھا ، آپ نے اپنے چاروں بیٹوں کی پرورش اس جذبے کے ساتھ کی کہ وہ امام حسین علیہ السلام کے محافظ اور وفادار بن کر کربلا کے میدان میں اپنے مولا پر قربان ہو گئے، مگر آپ نے اپنے چاروں جوان بیٹوں کی شہادت کی خبر سن کر بھی صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا اور سب سے پہلے امام حسین علیہ السلام کا حال دریافت کیا۔

علامہ رفاقت نقوی نے کہا کہ واقعہ کربلا کے بعد مادر عباس علمدار علیہ السلام نے اپنی ساری زندگی جنت البقیع میں نوحہ و ماتم کرتے ہوئے گزاری اور اپنے دردناک نوحوں کے ذریعے مدینے کی گلیوں میں پیغامِ کربلا کو زندہ رکھا اسی لیے آپ آج بھی دنیا بھر کی خواتین کے لیے قربانی، حوصلے، عظمتِ کردار اور امامت سے وفاداری کی سب سے روشن اور کامل مثال ہیں۔ انہوں نے  تمام عزاداران سے اپیل کی کہ وہ ایام مادر عباس کی مجالس میں جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مزار قدسیہ کی شان و شوکت کی بحالی ،  عالم اسلام کے اتحاد ، دہشت گردی کیخلاف افواج پاکستان کی کامیابی اور ملکی استحکام ترقی و امن کیلئے دعائیں کریں۔

در ایں اثناء ام البنین ڈبلیو ایف اور انجمن دختران اسلام کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 24 نومبر 13 جمادی الثانی بروز منگل مرکزی مجلس شہادت برائے خواتین جامعہ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں منعقد ہوگی سکالر سیدہ بنت الھدی موسوی و دیگر ذاکرات خطاب کرینگی. مجلس کے اختتام پر تابوت حضرت ام البنین برآمد ہوگا اور ماتمداری کی جائے گی۔ مختار آرگنائزیشن اور خانوادہ پرنسپل ملک منظور حسین اعوان آف داؤد خیل کے زیر اہتمام مجلس عزا شہادت مادر عباس علمدار علیہ السلام 23 نومبر 12 جمادی الثانی بروز پیر بعد از نماز مغربین علی مسجد راولپنڈی میں منعقد ہوگی. مجلس کے اختتام پر مرکزی ماتمی دستہ امام علی رضا اسلام آباد اور ماتمی دستہ ابو الفضل العباس سیٹیلائٹ ٹاؤن پرسہ داری اور ماتمداری کرینگے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.