ایامِ عزائے حسینؑ کے دوران وفات پانے والے جملہ اہلِ ایمان و اسلام عزاداران و شہدائے قوم و عساکر، پولیس و رینجرز کے ایصالِ ثواب و بلندیِ درجات کے لئے ملک گیر یومِ ترحیم کا انعقاد
مساجد و امام بارگاہوں میں مجالس، قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی روح پرور تقاریب کا انعقاد، ایامِ عَزاء کی حرمت اجاگر کرنا عظیم سنگِ میل قرار
سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ آغا حسین مقدسی و سیکریٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی کے مرکزی اجتماعات سے خطابات، ایامِ عزاء کے تقدس کو اجاگر کرنے پر اہلِ ولاء وعزاء کو سپاسِ تحسین
تحفظِ عقیدہ و وطن کے لئے عزمِ کربلائی کے ساتھ ایستادہ ہیں، جادۂ حسینیتؑ صیہونیت کی نابودی کا واحد علاج ہے، علامہ آغا حسین مقدسی
حرمین شریفین طاغوت و یزیدِ وقت کے نشانے پر ہیں، وطنِ عزیز ازلی دشمن، شیاطینِ ثلاثہ اور دہشت گردی کا ٹارگٹ ہے، کوہاٹ حملہ گھناؤنے منصوبوں کا ایمرجنسی الارم ہے، علامہ حسین مقدسی
عزاداریِ حسینؑ کی حرمت کو اجاگر کرنا مقدس توشۂ آخرت ہے، حکومت دہشت گردوں کو ایکشن پلان کی آہنی نکیل ڈالے، سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت حسین امامی
پولیس لائنز کوہاٹ سمیت دہشت گردی کے سانحات کی مذمت، ازلی دشمن کے فتنوں کا نتیجہ قرار، ایکشن پلان سے فتنہ بازوں کے عزائم خاک میں ملائے جائیں۔ یومِ ترحیم قراردادیں
پاکستان سعودی عرب اور یمن کے مابین جنگ بندی کرائے، حجاز مقدس کو جنگی شعلوں سے بچایا جائے۔ سعودی عرب و یمن جنگی محاذ صیہونی سازش ہے، یومِ ترحیم قراردادیں
اقوامِ متحدہ خاموشی توڑے، باب المندب اور آبنائے ہرمز کھلوائے، جارح کو انجام تک پہنچائے، جنگوں کا خاتمہ کیا جائے۔ یومِ ترحیم قراردادیں
حکومت مرکزیت کو مضبوط، آئین کو محفوظ، اور جمہوریت کے ثمرات عوام تک منتقل کرے، پیٹرولیم لیوی کے تازیانے برسانا بند کیے جائیں، قرارداد
کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں ملک گیر یومِ ترحیم کی مناسبت سے عظیم الشان اجتماعات کا انعقاد، شہدائے قوم و ملک کے لئے رقت آمیز دعائیں اور فاتحہ خوانی
۔
راولپنڈی ( ) قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کا قائم کردہ یومِ ترحیم بسلسلہ ایصالِ ثواب مرحومین مومنین و مومنات، عزادارانِ حسینؑ محبانِ اہلِ بیتؑ اور ارضِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء اور دنیا سے سفر کرنے والے جملہ اہلِ اسلام کی بلندیِ درجات کے لیے قومی و ایمانی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر جامع مساجد، امام بارگاہوں، دینی مدارس سمیت اسلامک سینٹرز اور مختلف مقامات پر مجالسِ تراحیم، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور مرحومین و شہدائے ملک و ملت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یومِ ترحیم کا مرکزی اجتماع جامع مسجدِ اہلِ بیتؑ گدوال واہ کینٹ میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ تحفظِ عقیدہ و وطن کے لئے عزمِ کربلائی و ثباتِ ایمانی کے ساتھ ایستادہ ہیں، جادۂ حسینیتؑ صیہونیت و استعماریت کی نابودی کا واحد علاج ہے، حرمین شریفین طاغوت و یزیدِ وقت کے نشانے پر ہیں، پاکستان کی جوہری صلاحیت مکہ و مدینہ اور نجف و کربلا کے تحفظ کا قابلِ فخرحصار ہے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ وطنِ عزیز ازلی دشمن اور شیاطینِ ثلاثہ کی دہشت گردی کا ٹارگٹ ہے، کوہاٹ میں پولیس لائنز پر حملہ گھناؤنے منصوبوں کا ایمرجنسی الارم ہے، قوم ازلی دشمن کے سپانسرڈ فتنوں کے خلاف متحد ہو جائے۔ آغا مقدسی نے کہا کہ تحفظِ ولاء و عزاء، رہنما اصولوں اور بنیادی حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جامعہ مسجد قصرِ خدیجۃ الکبریٰؑ ترلائی کلاں دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی اجتماع سے سیکریٹری جنرل تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ حجۃ الاسلام علامہ بشارت حسین امامی نے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ عزاداریِ سید الشہداؑء کی عزت و حرمت کو اجاگر کرنا اجرِ عظیم کا باعث ہے جو جملہ امواتِ مومنین و شہدائے ولاء و عزاء کے لئے مقدس توشۂ آخرت ہے۔ علامہ بشارت امامی نے کہا کہ آقائے موسوی علیہ الرحمہ کی پالیسی فلسفۂ مودت سے لبریز درسِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کو ایکشن پلان کی آہنی نکیل ڈالے، بے گناہوں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنایا جائے۔ جامع مسجد قصرِ ابوطالبؑ مغل آباد راولپنڈی میں نمازِ جمعہ کی امامت علامہ سید محسن علی ہمدانی کی اقتداء میں ہوئی جبکہ چیئرمین مختار فورس والنٹیئرز چوہدری مشتاق حسین نے خطاب میں یومِ ترحیم کی قرارداد کو منظور کرایا، انہوں نے کہا کہ ایامِ عزاء کی حرمت کو مقدم رکھ کر شیعیانِ حیدرِ کرارؑ نے دنیا کو عقیدت و مودت کے معانی سے آشکار کیا۔ چوہدری مشتاق حسین نے کہا کہ علامہ مقدسی نقش ہائے موسویؒ کو مشعلِ راہ بنا کر مشنِ مقدس کو تقویت دے رہے، جامع مسجد امام موسیٰ کاظمؑ بی-سیونٹین میں ریجنل صدر ٹی این ایف جے علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی، جامع مسجد دربار شاہ چن چراغؒ راولپنڈی میں علامہ سید محسن علی نقوی نے خطاب جبکہ حسین رئیس رضوی قرارداد پیش کی۔ باب العلم ایجوکیشنل کمپلیکس میں علامہ انوار کاظم نے خطاب و فاتحہ خوانی کی۔ ٹی این ایف جے یومِ ترحیم کمیٹی صوبہ سندھ کے زیرِ اہتمام عزاء خانہ زہراؑ شاہِؑ خراسان کراچی میں مجلسِ ترحیم سے علامہ سید محمد علی زیدی آلِ قاسم نے خطاب جبکہ ذاکر نصیر الحسن کھوکھر، گوہر جارچوی نے سلام پیش کیا شہر کی ماتمی سنگتوں نے نوحہ خوانی کی۔ عزاء خانہ زہراء پانڈو اسٹریٹ کرشن نگر میں مجلس ترحیم سے علامہ عمران نقوی، ذوالفقار حیدر نقوی نے خطاب کیا۔ جعفری ہاوس ہزارہ ٹاون کوئٹہ میں ٹی این ایف جے یومِ ترحیم کمیٹی کے زیرِ اہتمام مجلسِ ترحیم سے سردار طارق جعفری اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ امام بارگاہ ماسٹر غلام حیدر پشاور میں ریجنل یومِ ترحیم کمیٹی کی جانب سے قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا اور میر علی عارف نے خطاب کیا اور نوحہ خوانی و پرسہ داری کی گئی۔ مرکزی امام بارگاہ امامیہ کالونی باغ آزاد کشمیر میں یومِ ترحیم کمیٹی کی جانب سے مجلس سے صوبائی صدر سید ساجد کاظمی، علامہ عمران سبزواری نے خطاب کیا اور فاتحہ خوانی کی گئی، غفاری ہاوس گلگت میں مجلس ترحیم سے علامہ پروفیسر ثمر الحسن غفاری نے خطاب کیا۔ ملک بھر میں یومِ ترحیم کے اجتماعات سے خطابات میں مقررین نے ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع کی جانب سے ایامِ عزاء کے تقدس کو اجاگر کرنے کو عظیم نظریاتی سنگِ میل قرار دیا۔ دریں اثناء ملک گیر یومِ ترحیم پر شہدائے ملتِ جعفریہ، امواتِ مومنین و شہدائے عساکرِ پاکستان کے درجات کی بلندی کی دعائیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر اجتماعات منظور کردہ قراردادوں میں اس امر کا عہد و پیمان کیا گیا کہ ایامِ عزائے حسینؑ ابنِ علیؑ کی روحانیت و معنویت کو نقش ہائے آقائے موسویؒ کی پیروی کرتے ہوئے اجاگر کرنا جاری رکھیں گے۔ قراردادوں میں ملک میں جاری دہشتگردی بشمول پولیس لائنز کوہاٹ، بلوچستان سمیت مختلف شہروں میں سانحات کی مذمت کی گئی اور انہیں استعماری ازلی دشمن کے فتنوں کا نتیجہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے فتنہ بازوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے جائیں۔ ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان امریکا ایران جنگ کی طرز پر سعودی عرب اور یمن کے مابین جنگ بندی کی کوشش کرے اور حجاز مقدس کو آگ کے بڑھتے شعلوں سے بچایا جائے۔ قرارداد میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب و یمن کے درمیان جنگی محاذ صیہونی و استعماری سازش کا شاخسانہ ہے۔ ایک اور قرارداد میں باور کرایا گیا کہ زخم خوردہ استعمار ایک ایک کر کے مسلم ممالک کو نشانہ اور نوالہ بنا رہا ہے، اہلِ اسلام ایک ملت بن کر جرأت و بہادری سے لات و منات کے پیروکاروں اور بچھڑے کے پجاریوں کو ناکام کریں۔ ایک اور قرارداد میں اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ اپنی مجرمانہ خاموشی توڑے اور باب المندب اور آبنائے ہرمز پر از خود نوٹس لے کر جارح کو اس کے انجام تک پہنچائے، انسانی ہمدردی کے تحت گزرگاہوں کو کھولا جائے اور ناکہ بندی و جنگوں کا خاتمہ کیا جائے۔ ایک اور قرارداد میں حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ مرکزیت کو مضبوط، آئین کو محفوظ بنایا جائے، اور جمہوری نظام کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں، عوام پر پیٹرولیم لیوی کے تازیانے برسانا بند کیے جائیں، قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اہلِ اقتدار سسٹم کی ناکامی کے اعترافات اور کاسمیٹکس اقدامات و زبانی جمع خرچ ترک کریں، اپنے وعدوں کا پاس کرتے ہوئے بحرانوں پر قابو پائیں۔ ایک اور قرارداد میں آج اس عہد کا اظہار کیا گیا کہ پاکیزہ مشنِ محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کو جاری و ساری رکھتے ہوئے ایامِ عزائے حسینؑ ابنِ علیؑ کی عزت و حرمت کی پالیسی کو آنے والی نسلوں تک امانت و دیانت کے ساتھ ابلاغ کیا جائے گا۔ شیعہ جامع مسجد ہردوگہر میں ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل علامہ رفاقت نقوی، امام بارگاہ قصر المنتظَرؑ ڈی ایچ اے اسلام آباد میں علامہ فصاحت گردیزی، مرکزِ تشیُع ٹی این ایف جے علیؑ مسجد راولپنڈی میں خطیبِ مسجد علامہ سید وقار حسین نقوی، مسجد اثناء عشری گریسی لائن چکلالہ میں علامہ سید تحسین نقوی، مسجد شاہِؑ نجف ٹائر بازار راولپنڈی میں مولانا اجلال حیدر الحیدری، امام بارگاہ قصرِ شبیرؑ میں مولانا زاہد مجلسی اور جڑواں شہروں کی درجنوں مساجد و امام بارگاہوں میں یومِ ترحیم کی مناسبت سے اجتماعات اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور جملہ مرحومین و شہدائے قوم و ملت کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبرِ جمیل کی دعائیں کی گئیں۔
