حکومتی اجلاسوں میں کالعدم جماعتوں کی پذیرائی پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کی توہین ہے ،آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

حکومتی اجلاسوں میں کالعدم جماعتوں کی پذیرائی پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کی توہین ہے ،آغا حامد موسوی
حکمرانوں سیاستدانوں کادوہراکردار فکر اقبالؒ و قائد ؒ کے منافی ہے، ممنوعہ جماعتوں کو پریشر گروپوں کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے
 لاک ڈاؤن پر گو مگو پالیسی نے ملک کو کنفیوژن میں مبتلا کررکھاہے،ملک پاکستان مخالف قوتوں کے ہتھے نہ چڑھتا تو کبھی دولخت نہ ہوتا
سیاسی سماجی اقتصادی اور تعلیمی نظام کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے علامہ اقبال ؒاور قائد اعظم ؒ کے نظریات پر عمل کرنا ہوگا
 اے پی ایس کے معصوم بچوں کے خون سے تحریر ایکشن پلان کی بیش شقوں پر آج بھی عمل نہیں کرایا جا سکا، مصور پاکستان کی مجلس ترحیم سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حکومتی اجلاسوں میں کالعدم جماعتوں کی پذیرائی پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کی توہین ہے ، حکمرانوں سیاستدانوں کا دوہراکردار فکر اقبالؒ و قائد ؒ کے منافی ہے ،  لاک ڈاؤن پر گو مگو کی حکومتی پالیسی نے پورے ملک کو کنفیوژن میں مبتلا کررکھاہے ،حکومت اپوزیشن آج بھی ممنوعہ جماعتوں کو پریشر گروپوں کے طور پر استعمال کررہے ہیں ، قائد کی رحلت کے بعد ملک  پاکستان مخالف قوتوں کے ہتھے نہ چڑھتا تو کبھی دولخت نہ ہوتا ، سیاسی سماجی اقتصادی اور تعلیمی نظام کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے علامہ اقبال ؒاور قائد اعظم ؒ کے نظریات پر عمل کرنا ہوگا، رمضان میں تشکیل پانے والے وطن کی ترقی و استحکام کیلئے ماہ صیام میں گڑ گڑا کر دعائیں مانگی جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاعر مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم وفات پر مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ1857کی جنگ آزادی کی ناکا می اور برصغیر پر انگریزوں کا مکمل تسط قائم ہونے کے سبب مسلمانوں کیلئے مایو سیوں کی طویل رات کا آغاز ہو گیاجس کے خاتمے کیلئے علامہ اقبال ؒ نے 1930میں مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں مسلمانوں کی علیحدہ قومیت کے نظریے پر تفصیلی روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ اپنے ثقافتی ورثے کی وجہ سے مسلمان دیگر اقوام سے مختلف ہیں لہذا برصغیر کے مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل اسلامی ریاست تشکیل دے کر ہی مسلمانوں کو مسائل و مصائب کے گرداب سے نکالا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خطبہ الہ آباد مسلمانوں کیلئے مصباح نور ثابت ہوااور صرف 17سال بعد اقبال کا تصور قائد اعظم کی قیادت کی بدولت حقیقت کا روپ دھار گیا اور کتاب ارضی پرسب سے بڑی اسلامی مملکت کا صفحہ رقم ہو گیاجس کے موسس قائد اعظم اور مصورعلامہ محمد اقبالؒ تھے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ  مصور پاکستان علامہ اقبال تو قیام پاکستان سے پہلے ہی چل بسے تھے اور بدقسمتی سے بابائے قوم کی زندگی نے بھی وفا نہ کی اور اقتدار کا سنگھاسن ان قوتوں کے رحم و کرم پر آگیا جنہوں نے پاکستان کو پلیدستان اور قائد اعظم کو کافر اعظم کہا تھا، وطن عزیز کے دولخت کرنے کے بعد شیطانی لابیوں نے جمہوریت پر شب خون مارا اور پاکستان کواستعماری مفادات کیلئے افغانستان میں الجھا دیا گیا جس کے نتیجے میں سویت یونین تو ٹوٹ گیا لیکن پاکستان کو تباہی کی  دلدل میں دھکیل دیا گیاجس سے پاکستان ان گنت قربانیوں کے باوجود نہیں نکل سکا۔

انہوں نے کہا کہ افغان تنازعے میں الجھنے کے باعث وطن عزیز کو سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا درپیش رہاجس نے شہروں کے شہر دیہاتوں کے دیہات اجاڑ ڈالے اور معاشیات و اقتصادیات کو برباد کردیا گیا سیاسی سماجی کلچر نیست ونابود ہو گیا پون لاکھ بے گناہ انسانوں کی شہادت کے بعد ایک مرحلہ وہ بھی آیا جب دہشت گردوں نے اے پی ایس کے معصوم بچوں کے خون سے بدترین ہو لی کھیلی جس کے نتیجے میں ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان وجود میں آئے جنرل باجودہ نے بھی ردا لفساد آپریشن کی بنیاد ڈالی لیکن دکھ کی بات ہے اے پی ایس کے معصوم بچوں کے خون سے تحریر نیشنل ایکشن پلان کی بیش شقوں پر آج بھی عمل نہیں کرایا جا سکااور 70/72کالعدم تنظیمیں آج بھی دندناتی پھر رہی ہیں اور نئے پرانے ناموں سے کھلم کھلا کام کررہی ہیں ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ قائد اعظم کے بقول زمین کے ایک ٹکڑے کے حصول کامقصد ایک ایسی تجربہ گاہ بنانا مقصود تھا جہاں اسلامی اصولوں کے مطابق سیاسی سماجی معاشرتی معاشی نظام تشکیل دیا جا سکے اور معاشرتی انصاف کے اسلامی اصولوں کو پنپنے کا موقع ملے لہذا اگر ہم نے  پاکستان کو بام عروج تک پہنچانا ہے اور اقوام عالم کے بیچ آن بان سے زندہ رہنا ہے تو اپنے ہیروز کے افکار و کردار کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.