سخائے عباس (ع) کا دسترخوان وسیع: باب قبلہ پر زائرینِِ اربعین کی ضیافت کے لیے نئے ڈسٹری بیوشن پوائنٹ کا قیام
کربلائے معلیٰ(ولایت نیوز) زیارتِ اربعین کے لیے جاری تیاریوں کے سلسلے میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ مضیف نے زائرینِ اربعین کو غذائی خدمات کی فراہمی کے دائرۂ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے کھانے کی تقسیم کے ایک نئے ڈسٹری بیوشن پوائنٹ کے قیام کی تیاریاں شروع کر دی ہیں
۔ یہ نیا پوائنٹ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے متصل شارع باب قبلہ پر قائم کیا جا رہا ہے، جو اُن متعدد آؤٹ لیٹس کا حصہ ہوگا جنہیں شعبہ مضیف زیارتِ اربعین کے دوران زائرینِ حضرت امام حسین (علیہ السلام) کی خدمت کے لیے کھولتا ہے، تاکہ لاکھوں زائرین کو بروقت اور منظم انداز میں کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شعبہ مضیف زائرین کی سہولت اور آسانی کے لیے اپنے طے شدہ لائحہ عمل کے تحت خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ یہاں آنے والے تمام زائرین پرسکون ماحول میں کسی بھی دقت کے بغیر مراسمِ زیارت ادا کر سکیں۔
