وبائیں انسانوں نے خود خریدیں!حقوق اللہ و حقوق العباد کی ادائیگی یقینی بنا نی ہو گی، یوم موذن حسینیتؑ پرآقای موسوی کا خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

آفتوں کے دوران حکومت و اپوزیشن کا ایک صفحے پر نہ ہونا قومی المیہ ہے،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
کورونا وبا کے دوران بھی مہنگائی ذخیرہ اندوزی اور کالے دھن کی افزائش سے باز نہ آنے والے قہر الہی سے ڈریں
حکومت واضح پالیسی اپنائے، فنڈ جمع کرانے والوں سے ذرائع نہ پوچھنے کا اعلان تعجب انگیز ہے، وبائیں انسانوں نے خود خریدی ہیں
عوام کو لوٹنے والوں کو جب تک وہ خود معاف نہ کریں اللہ بھی معاف نہیں کرتا، معیشت بچانے کیلئے کشکول توڑنا ہو گا
قومیں اور ملک قربانیوں سے بنتے ہیں جب اسلام پر کڑا وقت آیا تو امام حسین ؑ محبوب فرزندحضرت علی اکبر ؑ سمیت سب کچھ دین پر قربان کردیا
حسینیؑ جذبہ آج بھی کشمیر و فلسطین کے حریت پسندوں میں خون بن کر دوڑ رہا ہے، یوم موذن حسینیت پر دعائیہ محفل سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ آفتوں کے دوران بھی حکومت و اپوزیشن کا ایک صفحے پر نہ ہونا قومی المیہ ہے، کوروناوبا کے دوران بھی مہنگائی ذخیرہ اندوزی اور کالے دھن کی افزائش سے باز نہ آنے والے قہر الہی سے ڈریں، حرام میں عذاب اور حلال میں حساب ہے حکومت واضح پالیسی اپنائے ایک طر ف کسی کو نہ چھوڑنے کی وارننگ ہے دوسری جانب فنڈ جمع کرانے والوں سے ذرائع نہ پوچھنے کا اعلان تعجب انگیز ہے، عوام کو لوٹنے والوں کو جب تک وہ خود معاف نہ کریں اللہ بھی معاف نہیں کرتااپنے حقوق میں خدا رحیم ہے لیکن حقوق العباد میں عادل ہے،اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری جنگیں روکنے کی صرف اپیلیں نہ کریں یواین چارٹر پر عمل کرائیں ساری دنیا میں امن قائم ہو جائے گا، عالمی وبا کے باوجود کشمیر فلسطین یمن میں ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم ہو رہی ہیں،قومی معیشت بچانے کیلئے کشکول توڑنا ہو گاکشکول ایٹمی قوت کی ہیبت کو بھی زائل کردیتا ہے، شہدائے کربلا میں حضرت علی اکبر کا نام آفتاب کی صورت جگمگا رہا ہے قومیں اور ملک قربانیوں سے بنتے ہیں جب اسلام پر کڑا وقت آیا تو امام حسین ؑ نے نے اپنے سب سے زیادہ محبوب فرزندحضرت علی اکبر ؑ سمیت سب کچھ دین پر قربان کردیا یہی حسینی جذبہ آج بھی کشمیر و فلسطین کے حریت پسندوں میں خون بن کر دوڑ رہا ہے،وبائیں انسانوں نے خود خریدی ہیں آفات و بلیات کے خاتمہ کیلئے حقوق اللہ و حقوق العباد کی ادائیگی یقینی بنا نی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایام عدل کی مناسبت سے موذن حسینیت ہم شکل مصطفی ؐ شہزادہ علی اکبر علیہ السلام کے یوم ولادت پر نور کے موقع پر دعائیہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ خانوادہ رسالت تعلیمات مصطفوی کا مکمل نمونہ تھا حضرت ابوطالب و عبدالمطلب ؑ کی طرح حضرت علی اکبر کی مہمان نوازی مشہور تھی جوانی میں بھی آپ مروج دین و شریعت تھے اور محدث کہلاتے تھے

سید الشہدا حضرت امام حسین ؑ اپنے جد رسول کریم خیر البشر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یاد میں محزون اور مغموم رہا کرتے تھے اسی سبب اللہ نے امام حسین ؑ کو حضرت علی اکبر جیسا فرزند عطا کیا جو ہو بہوہم شکل محمد مصطفی تھے حضرت علی اکبر کا حسن اخلاق، چال ڈھال سبھی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی سے مشابہ تھا تو شجاعت اور بہادری کو اپنے دادا امیر المؤمنین حضرت علی المرتضی علیہ السلام سے میراث میں پایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی اکبر ؑکے اذان دیتے ہوئے شہید ہونے والے عظیم المرتبت صحابی رسول حضرت عروہ بن مسعود ثقفی کے نواسے تھے جن کے بارے میں رسول کریم ؐ نے فرمایاکہ عروہ ؓصاحبِ یاسین کی مثل ہیں جو اپنی قوم کے لیے ہدایت کا فریضہ انجام دیتے تھے، اور اسی راہ میں شہید ہوئے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حضرت علی اکبر ؑ میدان کربلا میں بنی ہاشم ؑ کے پہلے شہید تھے۔ انہیں شہادت سے اس قدر پیار تھا کہ امام حسین ؑ سے کہا کرتے کہ بابا جب ہم حق پر ہیں تو راہ خدا میں مرنے سے کوئی خوف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب امام حسین ؑ نے شہزادہ علی اکبر کو میدان میں شہادت کیلئے بھیجا تو فرمایا تھا کہ اے میرے اللہ ا! میں تجھے اس قوم پر گواہ بنا رہا ہوں ان کے مقابلے میں ایک ایسا شخص جا رہا ہے جو تمام انسانوں میں ظاہری شکل و شمائل اور باطنی اخلاقی صفات میں تیرے رسول محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔ ہم جب بھی تیرے پیغمبر کی زیارت کے مشتاق ہوتے تھے تو اس کے چہرے کا دیدار کیا کرتے تھے آنکھوں پر پٹی باندھے بغیر حضرت علی اکبر کو اسلام کیلئے قربان کرکے امام حسین فخر ابراہیم ؑ کہلائے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ تاریخ اسلام حضرت علی اکبر سمیت شہدائے کربلا کی قربانی پر سدا نازاں رہے گی جنہوں نے دین توحید کو اپنی شہادت سے ابدیت و سرمدیت بخش دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.