قومی اسمبلی و سینیٹ، کے پی اور بلوچستان بھی جنت البقیع کی تعمیر نو کیلئے قراردادیں پاس کریں ، آغا حامد موسوی ؛”عالمی ایام ضامنؑ“منانے کااعلان

ولایت نیوز شیئر کریں

ختمی مرتبت ؐ، اجدادرسول ؐ، اہلبیت اطہار، پاکیزہ صحابہ کبارؓکی شان میں آئے دن گستاخیاں قابل مذمت ہیں۔ حامدموسوی
مذموم کارؤائیوں میں بعض نام نہادمسلمان ملوث ہیں، مسلم ممالک میں مقدس ہستیوں کی حرمت یقینی بنائے بغیر غیروں سے احتجاج نہیں کیاجاسکتاہے
مزارات مقدسہ کی ازسرنوتعمیرکیلئے سینٹ وقومی اسمبلی، بلوچستان، خیبرپختونخوااسمبلیاں بھی قراردادمنظورکرکے سفارتی سطح پر کوششوں میں شامل ہو ں
حضرت محمدؐ کے نام کیساتھ خاتم البنین ؐ لازمی قراردینے کیلئے پارلیمنٹ میں متفقہ قراردادکی منظوری لائق تشکر،ایمانی تقاضہ ہے
قراردادمیں ”وآلہ“کالفظ شامل کیاجائے، وطن عزیز،پوری دنیا کووباؤں اورمصائب وآلام سے نجات کیلئے مشاہیرکی حرمت ضروری ہے
خاتون جنت حضرت فاطمہ ؑ، اہلبیت اطہار ؑ اور پاکیزہ صحابہ کبار ؓ کی توہین کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں تاخیر نہ کی جائے
حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا ؑ کی سیرت شریعت مصطفوی ؐ کے فداکاروں کیلئے مینارہ نورہے،قائدملت جعفریہ کا 9تا11ذیقعدعالمی ایام ضامن منانے کااعلان

اسلام آباد (ولایت نیوز ) سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے ختمی مرتبت ؐ، اجدادرسول ؐ، اہلبیت اطہار، صحابہ کبارکی شان میں آئے دن ہونے والی گستاخیوں کی پرزورمذمت کرتے ہوئے اس امرکو افسوسناک،قابل مذمت قراردیا ہے کہ ان مذموم کارؤائیوں میں کوئی غیرنہیں بعض نام نہادمسلمان ملوث ہیں،اس کیخلاف غیروں سے اس وقت تک احتجاج نہیں کیاجاسکتاہے جب تک مسلم ممالک مقدس ہستیوں کی حرمت کو خودیقینی نہیں بنائیں گے، سرزمین حجازپر مدینہ منورہ میں جنت البقیع اور مکہ مکرمہ میں جنت المعلٰی کے تاریخی قبرستانوں میں مدفون اسلام اورانسانیت کی بزرگ عظیم ترین ہستیوں خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمہ زہراؑ، اہلبیت اطہار، امہات المومنین اورصحابہ کبارؓکے مزارات مقدسہ کی ازسرنوتعمیرکیلئے پنجاب، سندھ، گلگت وبلتستان کی تاسی کرتے ہوئے سینٹ وقومی اسمبلی، بلوچستان، خیبرپختونخوااسمبلیاں بھی قراردادمنظورکرکے اس پرعملدرآمدکیلئے سفارتی سطح پر کوششوں میں شامل ہوکرتحریک نفاذفقہ جعفریہ کاساتھ دیں تاکہ وطن عزیزاورپوری دنیا کووباؤں، آفات وبلیات اورمصائب وآلام سے نجات مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ درسی کتب، تعلیمی اداورں میں حضرت محمدؐ کے نام کیساتھ خاتم البنین ؐ لکھنا، پڑھنااوربولنالازمی قراردینے کیلئے پاکستان کی پارلیمنٹ میں متفقہ قراردادکی منظوری لائق تشکر اورایمانی تقاضہ ہے جس کی ہرکلمہ گودل سے تائیدکرتاہے تاہم قراردادمیں صلی اللہ علیہ کے ساتھ ”وآلہ“کالفظ شامل کیاجائے اورقانونی خامیوں کودورکیاجائے، استعماری سرغنہ سے مقابلے کیلئے پرچم توحید کے سائے میں یکجا ہو کر اتحاد واخوت کاعملی مظاہرہ ضروری ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ٹی این ایف جے پنجاب کے ناظم الامورعلامہ سیدمحسن علی ہمدانی کی سرکردگی میں عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرانہوں نے حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی ولادت پر نور کے سلسلہ میں 9تا11ذیقعد”عالمی ایام ضامن“منانے کااعلان بھی کیا۔

آقای موسوی نے باورکرایاکہحضرت امام علی بن موسیٰ الرضا ؑ کی سیرت و کردار شریعت مصطفوی ؐ کے فداکاروں اور آزادی و حریت کے طلبگاروں کیلئے مینارہ نورہے۔ انہوں نے یہ بات زوردیکرکہی کہ خاتون جنت حضرت فاطمۃ زہرا ؑ اور امام زمانہ ؑ، اہلبیت اطہار ؑ اور پاکیزہ صحابہ کبار ؓ کی توہین کا ارتکاب کرنے والے گستاخوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ہر گز تاخیر نہ کی جائے، اسلام کے نام پر قائم ہونے والے پاکستان میں مشاہیر اسلام کے گستاخوں کو کھلی چھٹی دینا دو قومی نظریے کو جھٹلانے کے مترادف ہے، خاندان رسالت ؐ کا ہر گستاخ بد ترین کاذب ہے جوکسی معافی کامستحق نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.