دہشت کے سوداگروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے۔ علامہ حسین مقدسی
استعماری ثلاثہ کا گریٹر اسرائیل منصوبے کا بھانڈا امریکی سفیر نے بیچ چوراہے پر پھوڑ دیا، مسلم ممالک روایتی مذمتی گردان سے آگے نہیں بڑھ رہے۔ علامہ حسین مقدسی
عالمِ اسلام مشترکہ مسلم پیس بورڈ تشکیل دے، مسلمان ملک پر حملے کو عالمِ اسلام پر حملہ قرار دیا جائے، ہر دور میں مرحب و عنتر کے مقابل حیدرِ کرارؑ کے نام لیوا سینہ سِپر رہے ہیں، ایران پر جارحیت اسلام پر جارحیت ہو گی
ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کیا جائے، دہشت کے سوداگروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے
رمضان المبارک کے دوران محافل و مجالس کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ
ایران کے دفاع کے لیے چین و روس کو اعلانیہ سامنے آنا ہو گا وگرنہ استعماری پیش قدمی انہیں بھی روندنے کی کوشش کرے گی۔ علامہ مقدسی
نیشنل ایکشن پلان کو سامنے رکھ کر بِلا رعایت ایکشن کرنے کا وقت ہے، سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰؑ ترلائی کلاں کے تمام کرداروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے
اسلام آباد ( ) سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ استعماری ثلاثہ کا گریٹر اسرائیل منصوبے کا بھانڈا امریکی سفیر نے بیچ چوراہے پر پھوڑ دیا، مسلم ممالک روایتی مذمتی گردان سے آگے نہیں بڑھ رہے، اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک نے دریائے نیل اور دریائے فرات کے علاقوں کو پرامسڈ لینڈ قرار دیتے ہوئے اسے صیہونی ملکیت قرار دیا تھا، ہر دور میں مرحب و عنتر کے مقابل حیدرِ کرارؑ کے نام لیوا سینہ سِپر رہے ہیں، ایران پر جارحیت اسلام پر جارحیت ہو گی، عالمِ اسلام مشترکہ مسلم پیس بورڈ تشکیل دے کر کسی مسلمان ملک پر حملے کو عالمِ اسلام پر حملہ قرار دے، ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کیا جائے، دہشت کے سوداگروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے، رمضان المبارک کے دوران محافل و مجالس کے لئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع میں تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان کی کور کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ ایران کے دفاع کے چین اور روس کو اعلانیہ سامنے آنا ہو گا وگرنہ استعماری پیش قدمی انہیں بھی روندنے کی کوشش کرے گی۔ علامہ مقدسی نے کہا ملک میں دہشتگردوں کی مسلسل کاروائیاں فہم و بصیرت اور سنجیدگی کی متقاضی ہیں قیامِ امن اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام تر توانائیاں صَرف کی جائیں، نیشنل ایکشن پلان کو سامنے رکھ کر بِلا رعایت ایکشن کرنے کا وقت ہے۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰؑ ترلائی کلاں کے تمام کرداروں کو قوم کے سامنے لایا جائے اور نشانِ عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے اہلِ وطن سے اپیل کی کہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور ہر سطح پر چوکنا رہا جائے تاکہ مودی و نتن یاہو کے ایجنٹ ناکام و نامراد ہوں۔
