آیت اللہ خامنہ ای کا خون ناحق عالم اسلام کی بیداری کا موجب بنے گا؛ سربراہ ٹی این ایف جے آغا سید حسین مقدسی کا ایرانی سفارتخانے کا تعزیتی دورہ
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر کی شہادتوں پر اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی
اسلام آباد (ولایت نیوز ) سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حسین مقدسی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر کی شہادت کے المناک سانحے پر ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے 3 مارچ اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کا خصوصی دورہ کیا۔
وفد میں سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی، سیکرٹری کوارڈینیشن سید حسن کاظمی، صدر فیڈرل کیپیٹل علامہ رفاقت حسین نقوی، ٹی این ایف جے راولپنڈی کے ریجنل صدر علامہ سید شبیہہ الحسن کاظمی اور جنرل سیکرٹری شوکت عباس جعفری بھی شامل تھے۔ سفیر ایران رضا امیری مقدم سے ملاقات کے موقع پر آغا سید حسین مقدسی نے ملت جعفریہ پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے سفیر ایران کو بتایا کہ پاکستان کہ غیور شیعان حیدر کرار اور تمام اہل وطن ایرانی قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سید حسین مقدسی نے اس امر کا اظہار بھی کیا کہ آقائے خامنہ ای نے عزت کی موت کو ذلت کی زندگی پر ترجیح دی جن کا خون ناحق عالم اسلام کی سرفرازی اور بیداری کا موجب بنے گا۔ انہوں نے ملاقات کے دوران ایرانی سفیر کو بتایا کہ آیت اللہ خامنہ ای جب ایرانی صدر کی حیثیت سے پاکستان کے دورے پر تشریف لائے تھے تو قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کو انہوں نے اپنے استقبال کے موقع پر آیت اللہ خمینی کا یہ پیغام دیا تھا کہ آقائے حامد موسوی آپ آبروئے ملت ہیں۔
سربراہ ٹی این ایف جے نے آقائے موسوی کے اس عزم کو دہرایا کہ ہماری پاکیزہ عملی جدوجہد امیر المومنین حضرت علی المرتضی کی وصیت کے مطابق ظالموں سے بیزاری اور دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں جاری رہے گی، اس مقصد کے لیے کسی قسم کی قربانی پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہید آقائے خامنہ ای کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔ سفیر ایران نے آغا سید حسین مقدسی اور ان کے ہمراہ آنے والے ٹی این ایف جے کے مرکزی وفد سے دلی تشکر کا اظہار بھی کیا۔

