مظلومین عالم سے یکجہتی کیلئے علیؑ والوں کا فقید المثال احتجاج

ولایت نیوز شیئر کریں

جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر ملک گیرمظاہرے، احتجاجی ریلیاں
عالمی عدالت انصاف اسرائیل کیخلاف اپنے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اقوام متحدہ پر زور دے۔  علامہ آغاسیدحسین مقدسی
غزہ فلسطین میں انسانیت سوز صیہونی مظالم اور بلکتے ہوے فلسطینی نونہالوں کی رونے کی صداوں کا عالمی ادارے خواب غفلت سے بیدار ہو کر نوٹس لیں
 قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے یوم القدس حمایت مظلومین منانے کی بنیاد رکھنے کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑناہے
امورِ مسلمین سے غفلت اور لاپرواہی کرنے کی وجہ سے عالمِ اسلام زبوں حالی کا شکار ہے۔ سربراہ ٹی این ایف جے کاپیغام
 عالم اسلام کے مسائل کا اصل سبب خود مسلم حکمران ہیں جو عالمی استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ علامہ بشارت امامی کا ریلی سے خطاب
عالم اسلام کواصولی معاملات میں ایک ہوکر کفر کا مقابلہ کرنا ہوگا، علامہ سیدشبیہ الحسن کاظمی، علامہ محسن ہمدانی اور دیگر کا خطاب
اسلام آباد،پشاور،لاہور،کراچی،گلگت،مظفر آباد، باغ، پارہ چنار سمیت ملک بھرمیں فلسطین وکشمیرمیں بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرے، سنی شیعہ اتحاد کا عملی مظاہرہ

اسلام آباد (ولایت نیوز )تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی کی خصوصی ہدایت پر قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسویؒ کے  قائم کردہ عالمی یوم القدس حمایت مظلومین جمعۃ الوداع کو دنیابھرکی طرح وطن عزیزپاکستان میں مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔

اس موقع پروفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، علمائے کرام اور واعظین نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ القدس شریف نہ صرف اسلام بلکہ تمام انسانیت کے نزدیک قابلِ احترام ہے جو شعائر اللہ میں شامل ہے،اس کی عزت و حرمت اورصیہونی پنجوں سے بازیاب کرانا تمام عالم اسلام کا شرعی و ایمانی فریضہ ہے ۔

سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے جامع مسجداہلبیت واہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ماہِ مبارک صیام کا آخری جمعہ ہے جسے یوم القدس حمایتِ مظلومین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر عرصہ دراز سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے باورکرایاکہ امورِ مسلمین سے غفلت اور لاپرواہی کرنے کی وجہ سے عالمِ اسلام زبوں حالی کا شکار ہے، مظلومین و محرومین کے لئے آواز احتجاج بلند کرنا نہ صرف اسلامی نظریہ ہے بلکہ انسانی ہمدردی کا اہم ترین تقاضا بھی ہے جس سے مسلم شاہان وسربراہان غافل ہیں، احادیث مبارکہ گواہ ہیں کہ جو شخص امورِ مسلمین سے بے خبری میں صبح وشام کرنا اسے مسلمان کہلانے کا حق نہیں لہذا فلسطین و غذہ میں ظلم و بربریت اور انسانیت سوز صیہونی مظالم اور بلکتے ہوے فلسطینی نونہالوں کی رونے کی صداوں سے بڑھ کر اور کونسا اہم امرِ مسلمین ہوگا جس نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے صیہونیت کے دہشت گردوں کو کھلی نسل کشی کی اجازت دینے پر امریکا سمیت مغربی ممالک کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے خلاف اپنے فیصلے پر عملدرآمد کے لئے اقوام متحدہ پر زور دے۔اگر عالمِ اسلام انتہا پسندانہ و دہشت گردانہ سوچ، پالیسی اور طرزِ عمل نہ اپناتی تو آج مسلم حرم کو اس قدر بھیانک تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا، اگر گھر کے چراغ سے گھر کو آگ نہ لگای جاتی تو فلسطین و کشمیر اور غزہ کے مظلومین یوں تصویر عبرت نہ بنے ہوتے، دنیا یاد رکھے اگر آج سے سوسال قبل سرزمین حجاز پر مقامات مقدسہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مزارات کو منہدم نہ کیا جاتا اور مسلم حرم میں انتہا پسند غیر اسلامی سوچوں کو مسلط نہ کیا جاتا تو عالم اسلام امت مسلمہ کا یہ حال نہ ہوتا۔انہوں نے کہاکہ او آی سی کو جگایا جاے وگرنہ اسے گفتند وبرخاستند کا عالمی فورم ڈیکلیر کردیا جائے۔

جامع مسجدقصرخدیجۃ الکبریٰ ترلائی کلاں سے بعدازنمازجمعہ احتجاجی ریلی سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ بشارت حُسین امامی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس وقت صیہونی و استعماری سازشوں کی وجہ سے جو حالات پیدا ہوئے ہیں اس سے فلسطین کی آزادی القدس کی بازیابی سوالیہ نشان بن گئی ہے کیونکہ بعض عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کر رکھا ہے اور ان کے دشمن اسلام اسرائیل سے خفیہ تعلقات ہیں۔ مسلم امہ کی یہ حالت ہے کہ ہر مسلم ملک دوسرے میں مداخلت کر رہا ہے، جب تک مسلمان خود اپنے اعمال درست نہیں کریں گے یہود و ہنود کے خلاف ان کی آواز پر کوئی کان نہیں دھرے گا نہ اس کا کوئی فائدہ ہوگا۔  اسلام آباد میں عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کیخلاف دربار سخی محمود بادشاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ آبپارہ چوک میں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر لی جہاں مظاہرین سے علامہ سیدفصاحت گردیزی، نعیم کاظمی راجہ ذوالفقارعلی اور علامہ کاظم رضاکاظمی نے خطاب کیا، ریلی کے شرکاء قدس کی آزادی تک اور انڈیا کی بربادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی کے فلک شگاف پرجوش نعرے لگا کر پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری، مختار فورس کے رضاکار سیکورٹی انتظامات کے لیے ریلی کے دوران موجود تھے۔بعدازاں احتجاجی مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ راولپنڈی میں ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے حمایت مظلومین ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی کنوینر شوکت عباس جعفری، مرکزی نائب صدر مخدوم باواسیدفرزندعلی کاظمی، ریجنل صدر علامہ سیدشبیہ الحسن کاظمی، علامہ سیدمحسن علی ہمدانی  اوردیگر رہنما کررہے تھے۔شرکائے ریلی نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اورکتبے اٹھار کھے تھے جن پر القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی،امریکی ہندو سامراج مردہ،اسرائیل مردہ باد اور دیگر نعرے درج تھے۔ریلی نے کمیٹی چوک میں جلسے کی شکل اختیار کرلی جس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے راولپنڈی ریجن کے صدر علامہ سیدشبیہ الحسن کاظمی نے کہا کہ مسلمان ملتِ واحدہ ہیں،ہمیں اصولی معاملات میں ایک ہوکر کفر کا مقابلہ کرنا پڑیگا اس طرح نہ صرف بیتُ المقدس آزاد ہوگا بلکہ تمام مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل کا اصل سبب خود مسلم حکمران ہیں جو عالمی استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ علامہ سیدمحسن علی ہمدانی نے  کہاکہ القدس شریف و کشمیر کی بازیابی کیلئے مسلمانوں کو اپنے اپنے خول سے باہرنکل کر متحدہ عالمی اسلامی فورم قائم کرکے مشترکہ عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔

مرکزی کنوینر یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی ٹی این ایف جے شوکت جعفری شرکاء ریلی کاشکریہ ادادکیا۔چوہدری مشتاق حسین، سیدنصیرحسین سبنرواری نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ایک قراردادمتفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں  مالدار اسلامی ملکوں کے بادشاہوں اور حکمرانوں اور عسکری اہلیت کی حامل اسلامی ریاستوں سے مطالبہ کیاگیا کہ فی الفور مشترکہ لایحہ عمل بنایا جائے اور صیہونی پنجے کی کلای کو مروڑ کر غزہ کے بلکتے ہوے مظلوموں کی داد رسی کرے، قراردادمیں غزہ میں انسانی المیہ برپا ہوچکا ہے، پچاس ہزار نفوس کو موت کے گھاٹ اتارا جاچکا ہے، شہر کا شہر منہدم کیا جا چکا ہے، ہسپتالوں کو زمین بوس کیا جا چکا ہے اور اب خوراک وپانی کی مسلسل بندش سے انسانیت کی سانسیں چھیننں جا رہی ہیں، عالمی اداروں کی خاموشی افسوک ناک اور سوالیہ نشان ہے۔ ایک  اورقرارداد وطن عزیز پاکستان میں جاری دہشت گردوں کی کاروائیوں کی پزور مذہب کرتا ہے، چینی انجینئر پر حملہ کی مذمت کی گئی اور عساکر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیاگیا،شرکائے جلوس نے اس عہدکاعادہ کیاکہ وہ سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغاسیدحسین مقدسی کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہنے اور شعائراللہ کے تحفظ، دین و وطن کیلئے ہر قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کیا۔اس موقع پر عالم اسلام کے مصائب و آلام کے خاتمہ،مسائل کے حل اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی،استحکام و ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق پشاور،کراچی،لاہور،کوئٹہ،مظفر آباد،باغ،دادو،خیرپورمیرس،بھکر،چکوال،ڈیرہ غازی خان،ملتان،سرگودھا،سیالکوٹ،گلگت،فیصل آباد،کوہاٹ،شیخو پورہ،گوجرنوالہ،جہلم،دینہ،قصور،گوجرہ،خانیوال،بہاولپور،سکھر،نواب شاہ،سیہون شریف،نوشہرو فیروز اور دیگر شہرو ں میں بھی جمعۃ الوداع کو القدس شریف کی بازیابی،کشمیر کی آزادی اور پوری دنیا کے مظلومین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.