تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا ’’ایام مادر عباس علمدار ؑ ‘منانے کا اعلان
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا9تا13جمادی الثانی ’’ایام مادر عباس علمدار ؑ ‘منانے کا اعلان
ملک بھرمیں مجالس عزا، ماتمی جلوسوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کیے جائیں، ذرائع ابلاغ بھرپور کوریج دیں
حضرت ام البنین ؑ کی پاکیزہ سیرت دنیابھرکی خواتین کیلئے نمونہ عمل ہے۔ مرکزی نائب صدرمخدوم سید فرزندعلی شاکاظمی
راولپنڈی (ولایت نیوز )تحریک نفاذ ِفقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی نائب صدرمخدوم سیدفرزندعلی شاہ کاظمی نے 9 تا 13جمادی الثانی قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ شہادت حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے”عالمی ایام مادر عباس علمدار ؑ“منانے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی این ایف جے کے ہیڈکوارٹر سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے باورکرایاکہ حرم امیر المومنین‘نگہبانِ حویلی فاطمہ زہرا ؑمادرِ ابوالفضل العباس ؑ حضرت ام البنین ؑ کی پاکیزہ سیرت جرات و بہادری کے عنوان سے خواتین عالم کیلئے آئیڈیل اور نمونہ عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ ا س محافظہ سادات بی بی کے ا یام شہادت مادرِ عباس علمدار ؑ کے طورپر مناکر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرکے عہدوپیمان کیا جائے کہ مشنِ توحید ورسالت وولایت اور حسینیت پر ہر گز کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں مردوں کیساتھ ساتھ ایسی خواتین کا ذکر بھی خصوصیت سے ملتا ہے جنہوں نے دین و شریعت کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے کربلا کے معرکہ حق و باطل میں اپنے چار جری سپوت قربان کر کے دنیا کو بتلایا کہ اسلام ظلم و بربریت تشدد اور دہشت گردی سے ہمیشہ برات کرتا ہے۔سیدفرزندعلی کاظمی نے اہل اسلام سے اپیل کی کہ وہ ایام مادر عباس علمدارؑ کے موقع پرمجالس عزا کا انعقاد کرکے حضرت ام البنین کو خراج عقیدت پیش کریں۔ اس موقع پر ملک بقا و سلامتی کیلئے دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایام مادرِ عباس علمدار ؑ کے موقع پر ملک بھر میں منعقد ہونے والے عزاداری کے پروگراموں کے دوران خصوصی انتظامات کرے،ذرائع ابلاغ ان پروگراموں کو بھرپورکوریج دیں۔درایں اثناء ٹی این ایف جے کی ایام مادر عباس علمدارؑکمیٹی تشکیل دیدی گئی جس کے جس کے کنوینرملک سلمان حیدری جبکہ ملک جواد اعوان سیکرٹری ہوں گے جبکہ خواتین کے پروگراموں کی نگران مسزجابرنقوی ہوں گی۔