چہلم شہدائے کربلا: حسینیت اور یزیدیدیت کا فرق نہیں مٹنے دیں گے خط موسوی پر چل کر دشمنان اسلام و پاکستان کو ناکام بنائیں گے ، علامہ حسین مقدسی
چہلم شہدائے کربلا اربعین حسینی: شہر شہر قصبہ قصبہ ماتمی جلوسوں و مجالس عزا کا انعقاد، عزاداروں کا ماتم زنجیر و قمہ زنی
جب رسالت اور اسلام کے عقیدت پر یزید نے ضرب لگائی تو امام حسین میدان میں نکل آئے، علامہ حسین مقدسی
وطن عزیز میں ایسا بل لایا جا رہا ہے جس میں ظالم اور مظلوم کا فرق مٹا دیا گیا ہے،ہم حسینیت اور یزیدیدیت کا فرق نہیں مٹنے دیں گے
خط موسوی پر چل کر دشمنان اسلام و پاکستان کو ناکام بنائیں گے، متنازعہ فوجداری ترمیمی بل میں توہین کی تعریف نہیں ہے
گلگت بلتستان میں کالعدم جماعتوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، حکومت نے جنہیں کالعدم قرار دیا انہیں قرار واقعی سزا دی جائے محترم نہ بنایا جائے
تمام مکاتب فکر کا اتحاد لائق تحسین ہے، کمیٹی چوک میں سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی میڈیا و عزاداروں سے خطاب، تبرکات کی زیارت
راولپنڈی کے مرکزی جلوس چہلم کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں نے کی؛فوراہ چوک میں علامہ قمر زیدی، ابو نسم بخاری کا خطاب
ملک میں جاری دہشتگردی کی مذمت، دہشت گردوں و انتہا پسندوں کو کچلنے کیلئے اقدامات، پائیدارامن کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل کروایا جائے
عزاداری سید الشہداءؑ سے آمریت و ملکویت کے اندھیرے خوفزدہ ہیں حسینیت کا پرچم کشمیرو فلسطین کے مظلوموں کے حوصلے اور ولولے کو تقویت بخش رہا ہے
افواج پاکستان قوم کا اثاثہ ہیں، پاکستان کا ہر غیرت مند بیٹا ہر محب وطن عساکرپاکستان کے شانہ بشانہ مادر وطن کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے
چہلم کے جلوسوں میں شیعہ سنی یکجہتی کا بے نظیر مظاہرہ، مختلف مقامات پر زبر دست زنجیر زنی، ابراہیم سکاؤٹس مختارفورس والنٹیرز کی خدمات ایم او مختار سٹوڈنٹس نے عزاداری کیمپ لگائے
راولپنڈی ( ولایت نیوز)دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پورے پاکستان میں جمعرات 20صفر کو اسلام کی بقا اور حرمت انسانیت کیلئے لازوال قربانی دینے والے نواسہ رسول الثقلینؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُنکے72جانثاروں کا چہلم (اربعین حسینی) مذہبی و قومی جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
ملک کے تمام شہروں قصبوں دیہات میں میں ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا گیا اور مجالس اربعین منعقد کی گئیں جن میں بلاتفریق مذہب مسلک عاشقان حسینیت نے شرکت کرکے نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کی لہورنگ قربانی کو خراج تحسین پیش کیا شیعہ سنی یکجہتی کا بے نظیر مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مرکزی جلوس چہلم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ،ا مام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے حسب روایت بر آمد ہوئے جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جلوس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے کی۔ جلوس چہلم کے دوران میڈیا کے نمائندوں اور عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغاسید حسین مقدسی نے کہا کہ فرمان رسالت ؐ کی رو سے حسین مجھ سے ہے میں حسین سے ہیں،رسول ؐ نے فرمایا اللہ تو اس کو دوست رکھ جو حسین سے دوستی رکھے تو اس کو دشمن رکھ جو حسین کو دشمن رکھے،امام حسین ؑ نے فرمایا زندگی عقیدہ و جہاد سے عبارت ہے،جب رسالت اور اسلام کے عقیدت پر یزید نے ضرب لگائی تو امام حسین میدان میں نکل آئے،آج وطن عزیز میں ایسا بل لایا جا رہا ہے جس میں ظالم اور مظلوم کا فرق مٹا دیا گیا ہے،ہم حسینیت اور یزیدیدیت کا فرق نہیں مٹنے دیں گے،خط موسوی پر چل کر دشمنان اسلام و پاکستان کو ناکام بنائیں گے،،فوجداری ترمیمی بل میں نہ توہین کی تعریف ہے نہ اہل بیت ؑ و صحابہ کی،نہ غلط الزام لگانے والے کیلئے بل بارے میں کوئی خانہ موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں کالعدم جماعتوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، یہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا شیعہ سنی نے مل کر بنایا،گورنمنٹ نے جنہیں کالعدم قرار دیا انہیں قرار واقعی سزا دی جائے محترم نہ بنایا جائے۔

علامہ مقدسی نے کہاکہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے صدر مملکت کو ترمیمی بل کے نقائص سے آگا ہ کیا،ترمیمی بل کو اعتراضات لگا کر واپس کرنے پر صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دشمن پاکستان میں بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتا ہے انہیں مل کر ناکام بنائیں گے،کربلا میں کروڑوں زائرین امام حسین ؑ کے ساتھ وابستگی کا اعلان کررہے ہیں، ہم بھی فرزند رسول ؐ امام حسین ؑ سے تجدید عہد کرتے ہیں،عزاداری سید الشہدا ؑ سب سے بڑا احتجاج ہے، افواج پاکستان قوم کا اثاثہ ہیں دشمن اسی لئے افواج پر حملے کررہا ہے،شیعہ سنی برادران اتحاد ویکجہتی سے اندرونی بیرونی دشمن کو ناکام بنائیں گے ۔علامہ حسین مقدسی نے اربعین کے جلوسوں میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اربعین حسینی کے موقع پر تمام مکاتب فکر کا اتحاد لائق تحسین ہے۔ جلوس نے فوارہ چوک میں پہنچ کر مجلس کی شکل اختیار کرلی جہاں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے سیکرٹری اطلا عات علامہ قمر زیدی نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ سیدہ زینب و سید سجاد کی سنت ہے جس کی روشنی سے آمریت و ملکویت کے اندھیرے خوفزدہ ہیں حسینیت کا پرچم کشمیرو فلسطین کے مظلوموں کے حوصلے اور ولولے کو تقویت بخش رہا ہے۔

علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے امام عالی مقام کی انمول قربانی پرروشنی ڈالی اورشام سے رہائی کے بعدخاندان رسالت کی خواتین کی کربلا و مدینہ واپسی کے مصائب بیان کئے جسکے بعد فوارہ چوک میں زنجیرزنی اور ماتم داری کی گئی۔
۔اس موقع پر ٹی این ایف جے ضلعی محرم کمیٹی کے سید ابو نسم بخاری نے اہم عالمی و قومی امور کے بارے میں قرارداد اربعین پیش کی جس میں ہزاروں عزاداروں ایک قراردادمتفقہ طورپرمنظورکی جس میں مظلوموں کی یاد منانے والا یہ اربعین حسینی کے اجتماع میں کشمیر فلسطین سمیت پوری دنیامیں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں اور ظلم و بربریت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیاگیا اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ ان مظلوموں کی دادرسی کریں،اقوام متحدہ دنیا کی سب سے بڑی جیل مقبوضہ کشمیر میں بسنے والوں سے کئے ہو ئے وعدے پورے کرے، اسرائیل کے صیہونی پنجے آئے روزغزہ و مغربی کنارے چھلنی کرتے ہیں انہیں روکا جائے ورنہ عالمی امن تباہ ہو جائے گا۔قراردادوطن عزیز پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے سانحات کی پروزر مذمت کی گئی چترال میں پاک افغان بارڈر پر مادر وطن کا تحفظ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مقابلے میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیاگیا،قراردادمیں بلوچستان میں آئے روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کو بھارتی سازش قرار دتے ہوئے کہاگیاکہ سی پیک کو ناکام اور پاکستان کو تہس نہس کرنا چاہتا ہے۔ قرادادمیں پاک فوج کو یقین دلایاگیاکہ پاکستان کا ہر غیرت مند بیٹا ہر محب وطن آپ کے شانہ بشانہ مادر وطن کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ایک اورقراردادمیں بیرونی سازش کے تحت وطن عزیز بالخصوص گلگت بلتستان جیسے حساس علاقوں میں نفرتوں کی آبیاری کی پرزور مذمت کی گئی حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل کروایا جائے وطن عزیزاور امن کی دشمن ہر کالعدم جماعت سے بیزاری کا اعلان کیاگیااور دہشت گردوں و انتہا پسندوں کو کچلنے کیلئے اقدامات میں پائیداری کا مطالبہ کیاگیا۔

قراردادامیں صدر مملکت کا شکریہ ادا کیاگیا کہ جنہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مطالبے پر متنازعہ ترمیمی بل کو مسترد کرکے واپس پارلیمنٹ کو بھجوایا قراردادمیں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی لیگل ٹیم اور صدر المناظرین علامہ عبد الحسن سرحدی و عکس تاج المناظرین علامہ اظہر عباس حیدری پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مدلل دلائل کے ذریعے ایوان صدر کو قائل کیا کہ وہ بل کو مسترد کرکے واپس بھجوا دیں۔قرارادامیں عزاداری سید الشہدا مظلومین کا سب سے بڑا اور موثر ترین احتجاج ہے، قراردادمیں ارباب حل و عقد واضح کیاگیا کہ شیعیان اہل بیت ہر قسم کی توہین کی مذمت کرتے ہیں ہمیں ہمارے آئمہ طاہرین اور ہمارے رہبر آقائے موسوی نے یہی درس دیا مشاہر اسلام تو کجا ہم عام انسان کی توہین کو اسلام کی توہین سمجھتے ہیں لیکن ہم کسی ایسے بل کو قبول نہیں کریں گے جہاں حسینیت و یزیدیت کی تفریق مٹاد ی جائے جہاں ہزاروں پاکیزہ صحابہ کے قاتلوں کو محترم بنا دیا جائے، ہم اس اصول پر گامزن ہیں کہ اپنا عقیدہ چھوڑو مت دوسرے کا عقیدہ چھیڑو مت۔ہم اپنا عقیدہ کسی دوسرے پر مسلط نہیں کرنا چاہتے لیکن اپنے اوپر بھی کوئی عقیدہ مسلط نہیں ہونے دیں گے۔یہ وطن شیعہ سنی برادران کی مشترکہ میراث ہے ہم سب نے اسے مل کر بنایا ہے سب اسے مل کر بچائیں گے مقتدر ادارے انتہا پسندوں کو روکیں۔ہم بھی یہ عہد کرتے ہیں جیسے ہمیں ہمارے قائد آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے درس دیا کہ جب تک دم میں دم ہے ہم پاکستان کو فرقہ وارانہ سٹیٹ نہیں بننے دیں گے، شر انگیزبلوں اور قانون سازی کے ذریعے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا نہیں ہونے دیں گے۔


قرارداداس عزم کااعادہ کیاگیاکہ ہمیں عزاداری سید الشہداء اور اپنا عقیدہ کائنات کی ہر شے سے عزیز ترین ہیں ان پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کسی عقیدے کے قاتل کو مکروہ کھیل نہیں کھیلنے دیں گے ولایت علی عزائے حسین حرمت سادات احترام مرجعیت و مرکزیت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے دین کی سربلندی پاکستان کے استحکام، شیعہ حقوق کے حصول اور قومی بھائی چارے کے فروغ کیلئے مرکز مکتب تشیع تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سے علامہ آغا سید حسین مقدسی جو بھی لائحہ عمل دیں گے اس پر بھرپور لبیک کہا جائے گا۔ اس مو قع پر معروف سکالر چوہدری ابو بیدار علی، اعتزازحیدرنقوی نے بھی خطاب کیا۔امام بارگاہ شہیدان کربلاٹائر بازار اورمحلہ دربار سخی شاہ چن چراغ سے سے برآمد ہونے والے ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس چہلم میں شامل ہوگئے۔

مرکزی جلوس قدیمی امامبارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔علمائے کرام اورتحریک کے سینئرعہدیداران اختتام تک جلوس میں شریک رہے۔مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،مختار جنریشن کی جانب سے فوارہ چوک میں مرکزی عزاداری کیمپ لگا یا گیا تھا ابراہیم سکاؤٹس کے چاق وچوبنددستے نے تمام راستے جلوس کی قیادت کی جبکہ حبیب بینک چوک میں میڈیکل کیمپ لگایا گیاجہاں ماتمیوں کیلئے ابتدائی طبی امداد کا بندوبست کیا گیا تھا،عزاداروں کی سہولت کیلئے جامع مسجد روڈ پر مختار آرگنائزیشن نے عزاداری کیمپ لگایا۔ علمائے کرام، مختار فورس کے جوان،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جعفریہ ایکشن کمیٹی اور محرم کمیٹی عزاداری سیل کے رہنما اورمقامی انتظامیہ کے افسران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تمام راستے جلوس کے ساتھ تھے۔درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق کراچی لاہور پشاور کوئٹہ، باغ، مظفر آباد، ملتان فیصل آبادگوجرانوالہ گجرات ڈیرہ غازی خان سکھر خیر پور حیدر آباد ڈیرہ اسماعیل خان جھنگ سرگودھا لیہ خوشاب چکوال جہلم گجرات ڈیرہ مراد جمالی جیکب آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں سے اربعین حسینی چہلم شہدائے کربلا کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔