اقوام متحدہ کے سامنے ماتمی احتجاج کی تیاریاں جاری ؛ ایران سعودی عرب تجارت وسفارت بحالی کا آغاز جنت البقیع کی تعمیر سے کریں ، ٹی این ایف جے امریکہ
نیویارک (ولایت نیوز ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نارتھ امریکہ کے عہدیداران و کارکنان نے جنت البقیع کی مسماری کے سو سال مکمل ہونے پر اقوام متحدہ کے سامنے ماتمی احتجاج کی تیاریاں تیز کردی ہیں ۔
ٹی این ایف جے نارتھ امریکہ کے صدر سید کرار حیدر نقوی نے نجف ٹی وی کے سی ای او سید محسن نقوی اور دیگر عمائدین سے بات کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کیا ہے کہ جب تک جنت البقیع اور جنت المعلی کی عظمت رفتہ بحال نہیں ہوجا تی اپنی جدوجہد میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔ 30اپریل اقوام متحدہ اور عالمی امن کے ٹھیکیدارون کے سامنے انسانیت کے محسنوں کی ناقدری کے خلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔
کرار نقوی نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب میں تعلقات کی بحالی اگر صرف تجات اور سفارت کی بحالی تک محدود رہی تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا ایران سعودی عرب تجارت وسفارت بحالی کا آغاز جنت البقیع کی تعمیر سے کریں، قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے فرمان کے مطابق عالم اسلام اس وقت تک مسائل کے گرداب سے نہیں نکل سکتا جب تک جنت البقیع و جنت المعلی سمیت سرزمین حجاز پر موجود مشاہیر اسلام کی نشانیوں کی عظمت رفتہ بحال نہیں ہو جاتیں ۔
انہوں نے نجف ٹی وی کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ جنت البقیع کا کیس اجاگر کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے ۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں ملک سلمان حیدری ، چوہدری عباس ، زین حیدر جعفری ، سید نقاش نقوی ، عامر کاظمی ، حیدر علی طارق مشتمل کمیٹی نے مختلف سٹیٹس کے اسلامک سینٹرز میں 30 اپریل کے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے میٹنگز کا سلسلہ تیز کردیا ہے ۔
تحریک نفاذذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی کی جانب سے قائم کردہ یوم انہدام جنت البقیع کے بین الاقوامی پروگرامز کیلئے قائم کردہ کمیٹی کے رگنائزر سید تبیان زیدی صاحب کو بھی ٹیلی فون پر ٹی این ایف جے امریکہ کے عہدیداران نے پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے۔
