ہماری عیدیں شہیدِ مسجد کوفہؑ،اسلام وپاکستان کے محافظوں اور دنیا کے ہر مظلوم کے نام ہیں،مظلومین عالم کو عید کی خوشیوں میں فراموش نہ کیا جائے،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
عید الفطرالہی انعامات کا مظہر ہے نفرتوں کے خاتمے اور مظلوموں کی دادرسی کے جذبے کے ساتھ منائی جائے،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
ہماری عیدیں شہیدِ مسجد کوفہ سے لیکر وزیرستان و بلوچستان تک اسلام و پاکستان کے محافظوں اور کشمیر و فلسطین سمیت دنیا کے ہر مظلوم کے نام ہیں
عید الفطر لہو و لعب اور نمود و نمائش کا دن نہیں، روزے انہی کے قبول ٹھہریں گے جو غریبوں اور مظلوموں کی خوشیوں کا سامان کریں گے
اہل سیاست بھی فلسفہ رمضان و عیدپر عمل کریں قومی افق پر بڑھتا ہوا خلفشار نیگ شگون نہیں سیاستدان وحکمران تدبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں
پاکستان کے امن کو پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے اپنے خون سے سینچا ہے سیاسی لڑائیوں میں قومی اداروں کو مطعون نہ کیا جائے
ازلی دشمن نے قومی سلامتی پر حملے تیز کردیئے قوم کو پارہ پارہ کیاجارہا ہے، کشمیر فلسطین برما بحرین قطیف ویمن کے مظلوموں کو عید کی خوشیوں میں فراموش نہ کیا جائے
حقیقی عید انہی کی ہے جنہوں نے رمضان کے فلسفے پر عمل کیا،رمضان کے اسباق کو سارا سال حرزجاں بنائیں تو ہر روز عید کا دن بن سکتا ہے، پیغام عید الفطر
اسلام آباد ( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ ہماری عیدیں شہیدِ مسجد کوفہ حضرت علی ابن ابی طالب ؑ سے لیکر وزیرستان و بلوچستان کے محاذ تک اسلام و پاکستان کے محافظوں اور کشمیر و فلسطین سمیت دنیا کے ہر مظلوم کے نام ہیں ،عید الفطراللہ کے انعامات کا مظہر ہے دعاؤں کی قبولیت اور امت مسلمہ کی وحدت کی علامت ہے نفرتوں عداوتوں کے خاتمے اور مظلوموں کی دادرسی کے جذبے کے ساتھ منائی جائے
اپنے پیغام عید الفطر میں آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ عید الفطر لہو و لعب اور نمود و نمائش کا دن نہیں روزے انہی کے قبول ٹھہریں گے جو غریبوں اور مظلوموں کی خوشیوں کا سامان کریں گے، اہل سیاست بھی فلسفہ رمضان و عیدپر عمل کریں قومی افق پر بڑھتا ہوا خلفشار نیگ شگون نہیں سیاستدان وحکمران تدبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔کشمیر فلسطین برما بحرین قطیف ویمن کے مظلوموں کو عید کی خوشیوں میں فراموش نہ کیا جائے عید الفطر کے اجتماعات میں مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ازلی دشمن نے بلوچستان میں کھلی جنگ کا آغاز کرنے کے بعدقومی سلامتی پر حملے تیز کردیئے اور اندرونی طور پر بھی قوم کو پار ہ پارہ کررہا ہے، ،پاکستان کے امن کو پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے اپنے خون سے سینچا ہے سیاسی لڑائیوں میں قومی اداروں کو مطعون نہ کیا جائے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ عید الفطر رمضان المبارک کی نعمتوں کا شکرانہ اور روزے داروں کے لیے انعام و تحائف کا دن ہے پیغمبر اسلام ؐنے عید الفطر کی فضیلت کے بارے میں فرمایا کہ ”جب شوال کا پہلا دن ہوتا ہے، آسمانی منادی نداء دیتا ہے: اے مؤمنو! اپنے تحفوں کی طرف دوڑ پڑو، اس کے بعد فرمایا: اے جابر! خدا کا تحفہ بادشاہوں اور حاکموں کے تحفہ کے مانند نہیں ہے۔ اس کے بعد فرمایا شوال کا پہلا دن الہی تحفوں کا دن ہے۔“ایک اور مقام پر فرمایا”جب صبح عید فطر کا دن آتا ہے تو خداوند اپنے تمام فرشتوں کو شہروں میں نازل کرتا ہے اور وہ جگہ جگہ کھڑے ہو کر ندا دیتے ہیں کہ: اے امت محمدؐخداوند کی طرف عید کی نماز پڑھنے کیلئے نکل پڑو کیونکہ خداوند بہت زیادہ اجر دینے والا اور بڑے بڑے گناہوں کو بخشنے والا ہے‘ لہذا امت مسلمہاپنے روح و بدن کو عید الفطر کے حقیقی تحائف اور انعامات سے مزین کرنے کے قابل بنائے۔
انہوں نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کا عید الفطر کے حوالے سے یہ خطبہ ہے کہ ”اے لوگو! عید الفطر ایک ایسا دن ہے کہ جس میں نیک لوگ اپنی جزاء پائیں گے اوراور جن لوگوں نے ماہ رمضان میں برائیاں کی ہیں، وہ گھاٹا اٹھائیں گے اور محروم رہیں گیاور یہ دن قیامت کے دن سے مشابہت رکھتا ہے، گھر سے نکل کر جب عیدگاہ کی طرف آؤ تو اس وقت کو یاد کرو جب قبروں سے نکل کر خدا کی طرف جارہے ہو گے اور جب نماز عید کے لیے کھڑے ہو تو اس وقت کو یاد کرو کہ جب خدا کے سامنے کھڑے ہوگے اور نماز کے بعد جب اپنے گھروں کی طرف جاؤ تو اس وقت کو یاد کرو کہ جب تم اپنی منزل کی طرف جارہے ہو گے اور یاد رکھو اس وقت تمہاری منزل بہشت ہونی چاہیے، اے لوگو سب سے کم جو چیز روزہ دار مردوں اور عورتوں کو دی جائے گی وہ یہ کہ ایک فرشتہ ماہ مبارک رمضان کے آخری روزے کو نداء دے گا اور کہے گا:اے بندگان خدا تمہیں بشارت دیتا ہوں کہ تمہارے پچھلے گناہ معاف ہوگئے ہیں پس آگے کی فکر کرو کہ کیسے باقی زندگی گذاروگے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ حقیقی عید انہی کی ہے جنہوں نے ماہ رمضان کے فلسفے پر عمل کیا اور خدا کی بیش بہا رحمتوں کے خزانے سے اپنا دامن بھر لیا امت مسلمہ ماہ رمضان کے اسباق کو سارا سال اپنا حرزجاں بنائیں تو ہر روز عید کا دن بن سکتا ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے دعا کی کہ امت مسلمہ نے غریبوں کی دردمندی اتحاد و یکجہتی تزکیہ نفس کی جو طاقت جذبہ اور صلاحیت ماہ رمضان میں حاصل کی خداوند عالم اس سے پورا سال استفادہ کی توفیق مراحمت فرمائے۔آمین