یہ وطن ہمارا ہے ہم ہیں پاسباں اس کے ؛ کوئٹہ میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی یوم پاکستان ریلی
کوئٹہ(ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے رہنماؤں صوبائی صدر مصطفی کمال چنگیزی اور صوبائی ترجمان طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام انسانی تاریخ میں کسی معجزے سے کم نہیں ، قائداعظم کی قیادت کی بدولت کامیابی نے قدم چومے ، پاکستان محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایک مشن ، ایک نظریہ ، ایک جذبہ ، ایک تحریک اور نصب العین ہے آج کا یہ دن اسی جذبے کی یاد تازہ کرتا ہے جس کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد اور خود مختار ریاست کا حصول ممکن ہوا ، 23 مارچ ہر پاکستانی کے لیے انتہائی اہم اور تجدید عہد وفا کا دن ہے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو یوم پاکستان کے موقع پر نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہی ، قبل ازیں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں صوبائی صدر مصطفی کمال چنگیزی ، طارق جعفری ، فدا حسین اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں ہزارہ ٹاون سے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچی۔
ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے ،ریلی کے شرکا سے طارق احمد جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوئے بغیر مستحکم پاکستان کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا ، پاکستان کی سالمیت کو مقدم رکھنے کے لئے مذہبی اور سیاسی جماعتیں تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک و ملت کی تعمیر لئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں ۔