ملکی آزادی وخود مختاری کو لاحق خطرات۔۔۔ یوم اقبال پر قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کا چشم کشا خطاب
حقیقی آزادی و غیرت کیلئے کشکول توڑنا ضروری ہے، فکر اقبالؒ ریاست مدینہ کا جادہ منزل ہے، آغا حامد موسوی
سلطانئ جمہور کے تحت قومی فیصلے پارلیمان سے کروائے جائیں فرد واحد کو عقل کل قرار دینے سے مسائل بڑھتے رہیں گے
استعماری قوتیں ثقافتی یلغار کے ذریعے امت مسلمہ کے بدن سے روح محمد یؐ نکالنا چاہتی ہیں مغربیت کے مقابلے کیلئے جامع پالیسی بنائی جائے
آئی ایم ایف جیسے ادارے ایسٹ انڈیا کمپنی کا نیا روپ ہیں، انکی شرائط مانی جاتی رہیں تو فساد عام اور آزادی محکومی میں بدل جائے گی
حکومت اپوزیشن ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے عوام کو مہنگائی و غربت کے عذاب سے بچائیں،محبت اہلبیت ؑ عشق رسالت ؐ کا تقاضا ہے
8تا 10ربیع الثانی ’ایام عسکری‘، 12کو ’یوم عزا‘ اور تاریخ کی سب سے بڑی توہین رسالت ؐ کے خلاف قیام کو‘ایام لثارات الحسین ؑ‘ کے طور پر منائیں گے، محفل اقبال سے خطاب
اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حقیقی ّآزادی ور غیرت کے تحفظ کیلئے کشکول توڑنا ضروری ہے، فکر اقبال امت مسلمہ کا سرمایہ اور ریاست مدینہ کی منزل کا جادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلطانی جمہور کے تحت قومی فیصلے پارلیمان سے کروائے۔ جائیں فرد واحد کو عقل کل قرار دینے سے مسائل بڑھتے رہیں گے، آئی ایم ایف جیسے ادارے ایسٹ انڈیا کمپنی کا نیا روپ ہیں انکی شرائط مانی جاتی رہیں تو فساد عام اور آزادی محکومی میں بدل جائے گی، حکومت اپوزیشن ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے عوام کو مہنگائی بیروزگاری غربت کے عذاب سے بچائیں
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ،استعماری قوتیں ثقافتی یلغار کے ذریعے امت مسلمہ کے بدن سے روح محمد یؐ نکالنا چاہتی ہیں مغربیت کے مقابلے کیلئے جامع پالیسی بنائی جائے،محبت اہلبیت ؑ عشق رسالت ؐ کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرزند رسول ؐ امام حسن عسکری کی ولادت پرنور کی مناسبت سے 8تا 10ربیع الثانی ’ایام عسکری‘،شہادت معصومہ قم بنت امام موسی کاظم کی مناسبت سے 12ربیع الثانی کو ’یوم عزا‘ اور 13-14ربیع الثانی کو تاریخ کی سب سے بڑی توہین رسالت ؐ کے خلاف قیام کی یادگار کو‘ایام لثارات الحسین ؑ‘ کے طور پر منائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان کا خواب دیکھا بلکہ مسلمانان برصغیر کو اپنے حیات آفریں کلام سے خواب غفلت سے جگایا قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اقبال کے خواب کی عملی تعبیر کی اور روئے زمین کی سب سے بڑی اسلامی نظریاتی ریاست کے تصور کو عملی شکل دے ڈالی لیکن قوم کی بدقسمتی تھی کہ علامہ اقبال کی طرح قائد اعظم کا سایہ بھی جلد قوم کے سر سے اٹھ گیااور پاکستان ایسی قوتوں کے ہتھے چڑھ گیا جن کا اس کے قیام پر کچھ خرچ نہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف اندرونی بحران اور دوسری جانب شیطانی قوتیں بھی پاکستان کے نظریہ اساسی کی وجہ سے اس کے درپے ہوگئیں وڈیر ہ شاہی افسر شاہی اور مارشل لائی نظاموں نے دشمنوں کا کام آسا ن کردیا جس سے ملک دو لخت ہو گیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ باقیماندہ پاکستان بھی آج تک اندرونی و بیرونی خطرات میں گھر اہے جو وطن اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا اسے ریاست مدینہ بنانے کیلئے شورو غوغا تو کیا جارہا ہے لیکن درحقیقت اس ریاست کے باسی انصاف امن سکون قانون کی حکمرانی خوشحالی اور روزگارسے آج بھی محروم ہیں، پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کیلئے بالادست طبقے کو قربانی دینا ہو گی۔انہو ں نے کہا کہ امریکہ بھارت اسرائیل کا شیطانی ثلاثہ ہاتھ دھو کر پاکستان کے پیچھے پڑا ہے سی پیک منصوبہ‘ ایٹمی قوت اور پاکستان کا نظریہ دشمن کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے جبکہ حکومت اپوزیشن کی لڑائیاں ختم ہونے کو نہیں آرہیں۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ عالم اسلام اگر حکیم الامت کی بتلائی ہو ئی راہ اختیار کرلے تو نہ صرف اپنی کھوئی ہو ئی طاقت حاصل کر سکتے ہیں بلکہ پوری دنیا کی جہالت و دہشت گردی کو پیغام محمدی ؐ کی روشنی سے منور کر سکتا ہے۔
