ملک بھر میں عزاداروں کو پریشان کیا جارہا ہے،ہر ایف آئی آر اور جبر قبول ہے عزاداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس

ولایت نیوز شیئر کریں

ملک بھر میں عزاداروں کو پریشان،گھروں او ر چار دیواریوں کے اندر بھی مجالس کو روکاجارہا ہے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
تمام فیصلے متحدہ علماء بور ڈ اور امن کمیٹیوں میں بیٹھے کالعدم گروپوں کے ایماء پر کیے جارہے ہیں،اسلام آباد ماتمی جلوس پر پتھراؤ کالعدم جماعتوں کی دیدہ دلیری ہے
کالعدم جماعتو ں کی نظریاتی کونسل،متحدہ علماء بورڈ،امن کمیٹیوں میں شمولیت کا آرمی چیف اور وزیر اعظم نوٹس لیں
بانیان مجالس اور ذاکرین کو شیڈول فور میں ڈالا جارہا ہے جو نیشنل ایکشن پلان کیساتھ مذاق ہے،ہر ایف آئی آر اور جبر قبول ہے عزاداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے
کتنا ہی ظلم کیا جائے امن خراب کرنیوالوں کو ناکام کرینگے،قائد ملت جعفریہ آغاحامدعلی موسوی کے ضابطہ عزاداری کے پابند ہیں
تمام مذاہب،مسالک نواسہ رسو ل ؐ حضرت امام حسین ؑ کی یا د مناتے ہیں،اما م حسین ؑ کی شہادت مظلومین کو ظالم کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ فراہم کرتی ہے
تحصیل میلسی میں 10محرم الحرام کے تین سو سالہ قدیمی جلوس کا لائسنس رینیو نہ کرنا بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔علامہ بشارت امامی
عزاداروں کی سہولت کیلئے11محرم الحرام کو چھٹی کا اعلان کیا جائے،جلوس و مجالس کیلئے حکومت 21مئی85 ء کے معاہدے کی پاسداری کرے۔پریس کانفرنس

اسلام آباد(ولایت نیوز ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹل اسلام آباد کے صدر علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے علمائے کرام اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ قصر خدیجہ الکبری ترلائی کلا ں میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں عزاداروں کو پریشان کیا جارہا ہے،گھروں او ر چار دیواریوں کے اندر بھی مجالس کو روکا اور محدود کیا جارہا ہے جو انسانی حقوق کی پامالی ہے،تمام فیصلے متحدہ علماء بور ڈ اور امن کمیٹیوں میں بیٹھے کالعدم گروپوں کے ایماء پر کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعتو ں کی نظریاتی کونسل،متحدہ علماء بورڈ،امن کمیٹیوں میں شمولیت کا آرمی چیف اور وزیر اعظم نوٹس لیں،اسلام آباد ماتمی جلوس پر پتھراؤ کالعدم جماعتوں کی دیدہ دلیری کی انتہا اور لمحہ فکریہ ہے،بانیان مجالس اور ذاکرین کو شیڈول فور میں ڈالا جارہا ہے جو نیشنل ایکشن پلان کیساتھ مذاق ہے،جلوس و مجالس کیلئے حکومت 21مئی85 ء کے معاہدے کی پاسداری کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی موسیقی بجانے کی اجازت جبکہ نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کے ذکر پر پابندی نظریہ پاکستان سے انحراف ہے،ہر ایف آئی آر اور جبر قبول ہے،عزاداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے،کتنا ہی ظلم و زیادتی کی جائے امن خراب کرنیوالوں کو ناکام کرینگے،قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے ضابطہ عزاداری پر کاربند رہیں گے۔

علامہ امامی نے یہ بات زوردیکر کہی کہ ایسے تمام اقدامات سے اجتناب کیا جائے جس سے کسی بھی مکتب فکر کی حق تلفی ہو،تمام مذاہب،مسالک نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ کی یا د مناتے ہیں،اما م حسین ؑ کی شہادت مظلومین کو ظالم کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ برسوں سے جاری روایتی مجالس اور جلوس کے پروگرامو ں کو بند کروانے کیلئے بانیان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے،کونجڑ فتح جنگ، کو ٹ خادم علی شاہ تحصیل و ضلع ساہیوال،ضلع راجن پور،کوٹ مٹھن اور ضلع خوشاب کی تحصیل نوشہرہ سانگلہ ہل میں امامبارگاہ کے اندر مجالس کو بند کروادیا گیا،تحصیل میلسی میں 10محرم الحرام کے تین سو سالہ قدیمی جلوس کا لائسنس رینیو نہ کرنا بنیادی حقوق پر حملہ ہے،وزیر اعظم،چیف جسٹس،وفاقی وزیر داخلہ،صوبائی وزیر اعلی امن مخالف صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عزاداروں کی سہولت کیلئے11محرم الحرام کو چھٹی کا اعلان کیا جائے۔

علامہ امامی نے عزاداری،مجالس و جلوسو ں میں معاون اہل سنت برادران حفاظتی انتظامات کرنیوالے سیکیورٹی فورسز کے افسرا ن اورصحافیوں کا بھی شکریہ اداکرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ تمام مکاتب مل جل کر نواسہ رسول اور شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر انہوں نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ عزاداری کو دہراتے ہوئے کہا کہ جلوسہائے عزا کی برآمدگی کے سلسلے میں حکومت21مئی 85ء کے معاہدے کی پاسداری کرے،مجالس اور ماتمی جلوسوں میں وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کو ملحوظ رکھا جائے،مجالس عزا کے مقامات اور جلوس کے راستوں پر روشنی و صفائی کے موثر انتظامات کیے جائیں،محرم کے موقع پر وزارتِ داخلہ،وفاقی دارالحکومت،تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر،گلگت بلتستان میں عزاداری سیل کنٹرول روم قائم کیے جائیں تو8ربیع الاول تک کام کریں اور انکی بذریعہ میڈیا تشہیر کی جائے تاکہ عزاداروں کے ممکنہ مسائل حل ہوسکیں۔نیز انہیں تاکید کی جائے کہ وہ ٹی این ایف جے کی مرکزی محرم کمیٹی عزاداری سیل سے مربوط رہیں،شورش زدہ اور حساس شہروں کو فوج کے حوالے کیا جائے اور ماتمی جلوسوں،مجالس عزا کے دوران قبل ازوقت موثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں،کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے،انسدادِ دہشتگردی ایکٹ اور نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل کیا جائے تاکہ آپریشن ردالفساد حتمی کامیابی سے ہمکنار اور ملک امن کا گہوارہ بن جائے،سرکاری طور پر کالعدم قراردیئے گئے دہشتگرد گروپوں،انکے سہولت کاروں اور بڑوں پر سخت ہاتھ ڈالا جائے اور ان سے کوئی رعایت نہ برتی جائے،کوئی ایسا آرڈر جاری نہ کیا جائے جس سے عزاداروں اور کسی شہری کی حق تلفی ہو،دوران مجالس تمام تر حفاظتی انتظامات کو قبل از وقت یقینی بنایا جائے،مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے،اگر خدانخواستہ کوئی مسئلہ درپیش ہو تو پہلے عزاداری کے پروگرام کو عزت و حرمت کیساتھ اختتام پذیرکرکے مسئلہ خوش اسلوبی کیساتھ حل کیا جائے،عشرہ محرم کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے،بانیان مجالس خودبھی حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں،واک تھرو گیٹ، ماسک اور دیگر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں،عوام چوکنا رہیں،مشکوک افراد اور اشیاء پر کڑی نظر رکھیں،تمام مکاتب فکر کے عقائد و نظریات کا احترام کیا جائے اور اپنے عقیدے کا مثبت اندازمیں پرچار کرنے کیلئے سیرتِ معصومین ؑ کو پیش نظر رکھا جائے،وطن عزیز کی بقاء و سلامتی کو ہر شے پر ترجیح دی جائے،کسی دوسرے کے عقائد و نظریات میں مداخلت نہ کی جائے،دوران عشرہ محرم سیاسی سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے اور عزاداری کو مقدم رکھا جائے،محرم شہدائے کربلا کی قربانیوں سے منسوب ہے لہذا میڈیا چاند رات سے یوم عاشورہ تک واقعات کربلا کو اجاگر کرے، الیکٹرانک میڈیا ڈراموں،کھیلوں،موسیقی اور طربیہ پروگراموں سے اجتناب کریں،اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں،خواتین مخدراتِ عصمت و طہارت اور مرد حضرات مشاہیر اسلام کی سیرت پر عمل پیرا ہوں، تعلیمی اداروں میں عشرہ محرم کے دوران ہونیوالے امتحانات ملتوی کیے جائیں،ذاکرین و واعظین پر مختلف اضلاع میں داخلے کی پابندیوں اور زبان بندیوں کے بجائے انہیں ضابطہ اخلاق کا پابند بنایا جائے،یہ امر تشویشناک ہے کہ بعض مقامات پر فورشیڈول کا قانون بیگناہوں پر استعمال کیا جارہا ہے اور محض خانہ پری کی جارہی ہے لہذا حکومت اس پر نظر ثانی کرے،سب کو ایک لاٹھی سے نہ ہانکے اور بیگناہوں،پرامن شہریوں کو شیڈول فور سے فوری نکالا جائے کیونکہ اس سے جہاں نیشنل ایکشن پلان کی ساکھ مجروح ہورہی ہے وہاں اصل دہشتگردوں کو بلواسطہ فائدہ پہنچ رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.