پنجاب اسمبلی میں جنت البقیع کی تعمیر کی قرارداد منظور؛دیگر صوبے و پارلیمنٹ بھی تقلید کریں، حسن مرتضی نے اولاد رسولؐ ہونے کا حق ادا کردیا، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ

ولایت نیوز شیئر کریں

پنجاب اسمبلی میں جنت البقیع کی تعمیر کی قرارداد کی منظوری خوش آئند؛دیگر صوبے و پارلیمنٹ بھی تقلید کریں، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
اسلام کے محسنوں کے مزارات اور شعائر اللہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جدوجہد رنگ لا رہی ہے
حسن مرتضی نے اولاد رسولؐ ہونے کا حق ادا کیا،عالم اسلام اجر رسالتؐ ادا کرتے ہوئے جلد از جلد مقامات مقدسہ کی تعمیر نو کروائے
خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ اہلبیت اطہارؑ پاکیزہ صحابہ کبارؓکے آثار کی بحالی تک عالم اسلام مسائل کے گرداب سے نہیں نکل سکتا
یہ بات کھل کر سامنے آچکی ہے کہ مزارات گرانے کی سازش کو اسلام دشمن برطانوی صلیبی و صیہونی طاقتوں کی پشت پناہی حاصل تھی
موسوی جونیجو معاہدے کے تحت حکومت جنت البقیع کی تعمیر کیلئے سعودی عرب پرسفارتی دباؤ ڈالنے کی پابند ہے مدنی ریاست کے دعویدار وعدہ ایفا کریں

اسلام آباد(ولایت نیوز )تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے ترجمان نے پنجاب اسمبلی میں جنت البقیع کی تعمیر کی قرارداد کی متفقہ منظوری کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر تمام صوبے قومی اسمبلی اور سینیٹ بھی قراردادیں منظور کریں، ممبر پنجاب اسمبلی حسن مرتضی نے اولاد رسولؐ ہونے کا حق ادا کردیا عالم اسلام اجر رسالت ادا کرتے ہوئے جلد از جلد مقامات مقدسہ کی تعمیر نو کروائے، حکومت پاکستان مئی 85ء کے موسوی جونیجو معاہدے کے تحت حکومت سعودی عرب پرجنت البقیع کی تعمیر کیلئے سفارتی دباؤ ڈالنے کی پابند ہے مدنی ریاست کے دعویدار وعدہ ایفا کریں، خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ اہلبیت اطہارؑ پاکیزہ صحابہ کبارؓکے آثار کی بحالی تک عالم اسلام مسائل کے گرداب سے نہیں نکل سکتا۔

ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع سے جاری ہونے والے ردعمل میں ٹی این ایف جے ترجمان نے کہا کہ اسلام کے محسنوں کے مزارات اور شعائر اللہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی قیادت میں گذشتہ4عشروں سے جاری جدوجہد رنگ لا رہی ہے جنت البقیع اور جنت المعلی میں خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ،اہلبیت اطہار ؑ صحابہ کبارؓ کے مزارات مقدسہ کی مسماری نے عالم اسلام کے دل چھلنی کررکھے ہیں اسلام کے محسنوں کے مزارات اور شعائر اللہ کی توہین عالم اسلام کے زوال کا آغاز تھی تحریک خلافت کی صورت اسلامیان ہندوستان نے اس سانحہ فاجعہ کے خلاف آواز بلند کی لیکن استعماری کاسہ لیسی، باہمی چپقلش اور جرم ضعیفی کے سبب جنت البقیع کے مزارات کی بحالی کی آواز سرد خانے کا شکار ہو چکی تھی جسے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے گذشتہ چار عشروں سے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی قیادت میں عالمگیراحتجاج میں بدل دیا ہے،یونیسکو بلیو شیلڈ اوآئی سی عرب لیگ اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے اسلامی آثار کی بحالی کی آواز اٹھائی، شہر شہر احتجاج کیا، انسانی حقوق کے اداروں کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

ٹی این ایف جے کے ترجمان نے کہا کہ یہ بات کھل کر سامنے آچکی ہے کہ مزارات گرانے کی سازش کو اسلام دشمن برطانوی صلیبی و صیہونی طاقتوں کی پشت پناہی حاصل تھی تاکہ مسلمانوں کو بے روح کیا جا سکے تمام اسلامی فقہوں کے بانیان کے ادوار میں بھی امہات المومنین صحابہ اہلبیت تابعین تبع تابعین محدثین کے مزارات موجود تھے اور امام ابو حنیفہ سمیت بانیان فقہ کے مزارات بھی بنائے گئے حتی کہ آغاز اسلام کے صدیوں بعد مزارات گرانے کا فتوی دینے والے ابن تیمیہ کا اپنا مزار بھی موجود ہے لیکن عالمی سازش کے تحت اسلام کے بانیوں کے مزارات کو حسرت و یاس کی تصویر بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عہد حاضر میں حضرت عمر بن عبد العزیز کے مزار سے لیکر صحابی رسول حضرت حجر بن عدی انبیاحضرت دانیال و حضرت شیث ؑ نواسی رسول سیدہ زینب بنت علی امام حسن عسکری ؑکے مزار پر حملہ کے پیچھے بھی وہی انتہا پسندانہ سوچ کارفرما تھی جسے مغربی طاقتوں نے پروان چڑھایا اور آج خود سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی تسلیم کیا ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ترجمان نے پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی سمیت قرارداد متفقہ طور پر منظور کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.